پی ٹی آئی رہنمائوں نے لانگ مارچ کی ناکامی کا ذمہ دار سہیل آفریدی کو قرار دے دیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے گزشتہ روز ہونے والے اجلاس کی اندرونی تفصیلات سامنے آئی ہیں جن کے مطابق اجلاس میں لانگ مارچ کی ناکامی، مذاکرات میں پیش رفت نہ ہونے اور پارٹی کی آئندہ حکمت عملی سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس کے دوران پارٹی کے ایک اہم مرکزی رہنما نے لانگ مارچ کی ناکامی کی ذمہ داری سہیل آفریدی پر عائد کی۔ سہیل آفریدی نے لانگ مارچ کے منصوبے سے پارٹی کی مرکزی اور صوبائی قیادت کو آگاہ نہیں رکھا، جس کے باعث اس معاملے پر اجلاس میں بحث ہوئی۔ اجلاس میں شریک بیشتر افراد نے مذاکرات کی ناکامی کا ذمہ دار محمود اچکزئی کو ٹھہرایا، اس معاملے پر بھی شرکا کی جانب سے مختلف آرا کا اظہار کیا گیا۔
گرفتاریوں کا خوف، سہیل آفریدی کی پوری کابینہ روپوش ہوگئی
اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مردان سے وزیراعلیٰ ہائوس جانے کا معاملہ بھی زیرِ بحث آیا، ایک رہنما نے سوال اٹھایا کہ وزیراعلیٰ مردان سے سی ایم ہاس کیوں گئے؟ اس پر پارٹی کے ایک مرکزی رہنما نے مبینہ طور پر جواب دیا کہ لوگوں کی تعداد کم ہونے کے باعث وزیراعلی نے مردان میں قیام نہیں کیا۔ اجلاس میں بیرسٹر سیف کا معاملہ بھی زیرِ بحث آیا، جبکہ کور کمیٹی کے ایک رکن نے انہیں دوبارہ فعال کردار دینے کی تجویز پیش کی۔ پارٹی کی آئندہ حکمت عملی مرتب کرنے اور مستقبل کے لائحہ عمل پر مشاورت کے لیے پی ٹی آئی نے کور کمیٹی کا ایک اور اجلاس طلب کر لیا ہے۔واضح رہے کہ اجلاس میں ہونے والی گفتگو اور مختلف رہنمائوں سے متعلق ان تفصیلات کی آزادانہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔
سہیل آفریدی سمیت 80 ملزمان کیخلاف ریڈیو پاکستان کیس میں چالان جمع





