مشیر اوقاف، حج، مذہبی و اقلیتی امور ، عشر و زکوٰة مولانا طیب قریشی نے کہا ہے کہ مدارس کا دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں۔ مدارس نے دہشتگردی کے خلاف بڑی قربانیاں دی اور پیغام پاکستان کا بیانیہ مرتب کرنے میں علماء اور مدارس نے اہم کردار ادا کیا۔ دینی مدارس نے ہمیشہ ملک میں امن، ترقی، بین المسالک و بین المذاہب ہم آہنگی اور بھائی چارے کا پیغام دیا ہے۔ پاکستان کی تعمیر و ترقی میں مدارس اور ان سے وابستہ علماء و طلباء کا اہم کردار ہے، نوجوان طلباء ملک کا قیمتی سرمایہ ہیں، انہیں جدید تعلیم، تحقیق اور مثبت سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔وہ دارالعلوم افضلیہ پشاور میں تقریبِ تقسیمِ انعامات سے خطاب کر رہے تھے۔ تقریب میں مہتم مفتی عتیق اللہ ،پروفیسر تحمید جان، علامہ ڈاکٹر عادل الرحمن الزہری، حاجی جان افضل، علامہ قاری حسن الماب، علامہ قاری احمد داؤد مدنی سمیت دیگر معزز شخصیات، اساتذہ اور طلباء نے شرکت کی۔
کوہاٹ ،غیر قانونی سونے کی کان کنی کیخلاف آپریشن، 94 کلومیٹر علاقہ کلیئر
مولانا طیب قریشی نے مختلف شعبہ جات میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء میں انعامات تقسیم کیے اور ان کی تعلیمی کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ طلباء محنت، نظم و ضبط اور کردار سازی کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں اور ملک و قوم کی خدمت کے جذبے کو فروغ دیں۔اس موقع پر مولانا طیب قریشی نے دارالعلوم افضلیہ میں باقاعدہ لائبریری کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ ادارے کو لائبریری کے لیے فرنیچر اور کتب فراہم کی گئی ہیں تاکہ طلباء کو مطالعہ، تحقیق اور علمی سرگرمیوں کے لیے بہتر ماحول میسر آسکے۔ انہوں نے کہا کہ دینی مدارس کے طلباء میں علمی و تحقیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے ایسے اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔ ادارے کے مختلف شعبہ جات کا تفصیلی دورہ بھی کیا گیا، جہاں مہمانوں کو تعلیمی و تربیتی سرگرمیوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی اور ادارے کی خدمات پر مشتمل ڈاکومنٹری بھی دکھائی گئی۔ مولانا طیب قریشی نے دارالعلوم افضلیہ کی انتظامیہ، اساتذہ اور طلباء کی علمی و تربیتی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ معیاری تعلیم، کردار سازی اور مثبت تربیت کے ذریعے مدارس معاشرے میں امن، برداشت اور رواداری کے فروغ میں مزید مؤثر کردار ادا کر سکتے ہیں۔
سکردو ،4افراد کے اندوہناک قتل کا معمہ حل
قبل از دارلعلوم افضلیہ پہنچنے پر مہتم مفتی عتیق اللہ نے مشیر اوقاف مولانا طیب قریشی کا استقبال کیا اور دارلعلوم افضلیہ آمد پر خوش آمدید کہا۔ مشیر اوقاف، حج، مذہبی و اقلیتی امور مولانا محمد طیب قریشی نے شاعر مشرق، مفکر پاکستان علامہ محمد اقبال کے یومِ پیدائش کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ علامہ اقبال برصغیر کے مسلمانوں میں بیداری، خودی اور آزادی کا شعور اجاگر کرنے والی عظیم شخصیت تھے۔ تحریک پاکستان کی فکری بنیادوں کو مضبوط بنانے اور مسلمانوں کو ایک الگ قومی تشخص کے حصول کے لیے متحرک کرنے میں علامہ اقبال کا کردار تاریخی اہمیت کا حامل ہے۔ علامہ اقبال نے نوجوانوں کو شاہین کی مانند بلند حوصلہ، باکردار، خوددار اور مقصد زندگی سے آگاہ ہونے کا درس دیا۔ آج کے نوجوان اقبال کے پیغام امید، محنت، علم اور خود اعتمادی کو اپنا کر ملک و قوم کی ترقی میں مؤثر کردار ادا کرسکتے ہیں۔ نوجوان ہمارا مستقبل ہیں، انہیں جدید تعلیم، تحقیق، ٹیکنالوجی اور مثبت سوچ سے آراستہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
پولیس مقابلوں میں ہلاکتوں کی تحقیقات کیلئے تحریک التوا لانے کا فیصلہ
مولانا طیب قریشی نے کہا کہ علامہ اقبال کا تصورِ پاکستان صرف ایک جغرافیائی ریاست کا تصور نہیں بلکہ ایک ایسے معاشرے کی تشکیل کا پیغام ہے جہاں عدل، اخوت، مساوات، رواداری اور انسانی احترام کو فروغ حاصل ہو۔ موجودہ دور میں بین المسالک اور بین المذاہب ہم آہنگی، برداشت اور باہمی احترام ہی معاشرے میں پائیدار امن اور استحکام کی بنیاد بن سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ہمیں علامہ اقبال کے افکار سے رہنمائی لیتے ہوئے اتحاد، نظم و ضبط، علم، کردار سازی اور اجتماعی ذمہ داری کو فروغ دینا ہوگا۔ علمائ، نوجوان، تعلیمی ادارے اور معاشرے کے تمام طبقات ملک میں امن، بھائی چارے اور مثبت اقدار کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔

