عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں 2 فیصد سے زائد کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کی بڑی وجہ تیل کی قیمتوں میں اضافہ اور امریکا میں شرح سود مزید بڑھنے کے امکانات کو قرار دیا جا رہا ہے۔برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق پیر کو اسپاٹ گولڈ کی قیمت 2.7 فیصد کمی کے بعد 4 ہزار 171.85 ڈالر فی اونس پر آگئی، جو اگست کے آغاز کے بعد سونے کی کم ترین قیمت ہے۔ امریکی گولڈ فیوچرز بھی 2.7 فیصد کمی کے ساتھ 4 ہزار 204.30 ڈالر فی اونس پر آگئے۔مارکیٹ تجزیہ کار ٹم واٹرر کے مطابق بلند بانڈ ییلڈ اور تیل کی زیادہ قیمتیں سونے کے لیے مسلسل دبا کا باعث بن رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھا اور تیل کی ترسیل سے متعلق ملے جلے اشاروں کے باعث سرمایہ کاروں کی توجہ مہنگائی پر برقرار ہے۔
نئے مالی سال کے 2ماہ میں بیرونی قرضوں میں23 فیصد اضافہ
رپورٹ کے مطابق امریکا، ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی کے دوران تیل کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ ایران کا کہنا ہے کہ امریکا کے ساتھ تنازع کا حل صرف سفارت کاری کے ذریعے ممکن ہے، جبکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز دوبارہ کھولنے اور لڑائی ختم کرنے کی تجویز مسترد کرنے کا کہا ہے۔دوسری جانب امریکی مرکزی بینک فیڈرل ریزرو نے رواں ماہ شرح سود میں 0.25 فیصد اضافہ کیا تھا، جس کے بعد شرح سود کی حد 3.75 سے 4 فیصد ہوگئی ہے۔سی ایم ای کے فیڈ واچ ٹول کے مطابق سرمایہ کار اکتوبر میں بھی امریکی شرح سود میں اضافے کے 69 فیصد امکان کا اندازہ لگا رہے ہیں۔ماہرین کے مطابق تیل کی بڑھتی قیمتیں مہنگائی میں اضافے کا سبب بن سکتی ہیں کیونکہ توانائی کے اخراجات بڑھنے سے معیشت کے مختلف شعبوں میں اشیا اور خدمات کی لاگت بھی بڑھ جاتی ہے۔
گندم کا پیداواری ہدف 3کروڑ 17لاکھ میٹرک ٹن مقرر
اگرچہ سونے کو عام طور پر مہنگائی کے خلاف تحفظ کے طور پر دیکھا جاتا ہے، تاہم شرح سود زیادہ ہونے کی صورت میں سونے میں سرمایہ کاری کی کشش کم ہوسکتی ہے، کیونکہ سونا کوئی منافع یا سود ادا نہیں کرتا۔سرمایہ کار اس ہفتے امریکا سے جاری ہونے والے روزگار اور مہنگائی کے اہم اعداد و شمار پر بھی نظر رکھیں گے۔ ان میں ملازمتوں کے مواقع، اے ڈی پی روزگار رپورٹ، پرسنل کنزمپشن ایکسپینڈیچرز پرائس انڈیکس اور نان فارم پے رولز کے اعداد و شمار شامل ہیں۔دریں اثنا دیگر قیمتی دھاتوں کی قیمتوں میں بھی نمایاں کمی ہوئی۔ عالمی مارکیٹ میں چاندی 4.3 فیصد کمی کے بعد 61.51 ڈالر فی اونس، پلاٹینم 2.8 فیصد کمی کے بعد 1 ہزار 728.43 ڈالر فی اونس جبکہ پیلیڈیم 3.1 فیصد کمی کے بعد 1 ہزار 227.67 ڈالر فی اونس پر آگیا۔
افشاں خان ویمن چیمبر آف کامرس کی بلامقابلہ صدر منتخب

