وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین نے زراعت، لائیوسٹاک اور فشریز (ALF) ریفارمز اسٹیئرنگ کمیٹی کے پہلے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کی ترجیحات میں زراعت، لائیوسٹاک اور فشریز کے شعبوں کے ذریعے دیہی معیشت کو مستحکم اور خوشحال بنانا شامل ہے۔ اسی مقصد کے تحت ”ون ویلیج، ون پروڈکٹ” کا تصور متعارف کرایا جا رہا ہے تاکہ مقامی کسانوں اور زمینداروں کی معاشی حالت بہتر بنانے کے ساتھ مقامی پیداوار کو بھی فروغ دیا جاسکے۔ وزیراعلیٰ نے ڈپٹی کمشنرز کو سختی سے ہدایت کی کہ غیر معیاری زرعی ادویات، بیج اور کھاد فروخت کرنے والوں کے خلاف محکمہ زراعت کے متعلقہ افسران کے تعاون سے مؤثر کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں مشروم فارمنگ کے وسیع مواقع موجود ہیں، جن سے استفادہ کرتے ہوئے مقامی معیشت کو بہتر بنایا جاسکتا ہے۔ اس حوالے سے انہوں نے سیکرٹری زراعت کو مشروم فارمنگ کے فروغ پر خصوصی توجہ دینے اور کسانوں و زمینداروں کو اس شعبے کی جانب راغب کرنے کے لیے ضروری معاونت فراہم کرنے کی ہدایت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ زرعی پالیسی کو جلد حتمی شکل دے کر کابینہ کے اجلاس میں پیش کیا جائے۔
گلگت، سکردو اور چلاس میں بلدیاتی انتخابات کا شیڈول تبدیل
انہوں نے مقامی کسانوں اور زمینداروں کو بروقت زرعی سہولیات اور معاونت کی فراہمی کے لیے کسان کارڈ کا بھی جلد اجرا کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ نے گلگت بلتستان رورل سپورٹ پروگرام کے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ مالز اور بڑے اسٹورز میں مقامی سطح پر تیار کردہ آرگینک اشیا کی فروخت اور تشہیر کے لیے خصوصی جگہ مختص کرائی جائے تاکہ مقامی مصنوعات کی مؤثر مارکیٹنگ اور فروغ ممکن ہوسکے۔ اس کے علاوہ گلگت اور سکردو میں آرگینک اسٹورز کے قیام کے لیے بھی ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔محکمہ زراعت، لائیوسٹاک اور فشریز میں آن لائن پورٹل کا نظام متعارف کرانے کے اقدام کو سراہتے ہوئے وزیراعلیٰ نے سیکرٹری زراعت اور سیکرٹری آئی ٹی کی کاوشوں کو قابلِ تحسین قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ نظام کی ڈیجیٹلائزیشن سے شفافیت یقینی بنانے کے ساتھ کسانوں اور زمینداروں کو بروقت سہولیات اور معاونت فراہم کرنے میں بھی مدد ملے گی۔ وزیراعلیٰ نے محکمے کی اہمیت اور افادیت کو مدنظر رکھتے ہوئے اس کی استعدادِ کار بڑھانے کے لیے خالی آسامیوں پر بھرتیوں کا عمل تیز کرنے کی ہدایت کی۔
خیبر پختونخوا اور گلگت میں بارش ، پہاڑوں پر برفباری کا امکان
انہوں نے ضروری آسامیوں کی ری ڈیزگنیشن کے لیے خصوصی کیس محکمہ سروسز کو بھجوانے کی بھی ہدایت کی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ زراعت کے شعبے میں فارغ التحصیل گریجویٹس کے لیے ”وزیراعلیٰ ایگری کلچر انٹرن شپ پروگرام” متعارف کرایا جائے تاکہ زرعی شعبے میں جدت اور بہتری لانے کے ساتھ اس شعبے میں دلچسپی رکھنے والے نوجوانوں کو عملی تجربہ حاصل کرنے کے مواقع فراہم کیے جاسکیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ زرعی شعبے کی بہتری کے لیے مرتب کی جانے والی پالیسی پر تسلسل کے ساتھ عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا اور اس مقصد کے لیے درکار وسائل بھی فراہم کیے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے پانی سے چلنے والی روایتی آٹا پیسنے کی چکیوں کی بحالی اور ان کے تحفظ کے لیے بھی ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں صوبائی سیکرٹری زراعت، لائیوسٹاک و فشریز عثمان احمد، سیکرٹری برائے وزیراعلیٰ صفدر خان، ای ٹی آئی گلگت بلتستان کے پروگرام کوآرڈینیٹر میر وقار، سیکرٹری آئی ٹی ضمیر عباس، سیکرٹری واٹر مینجمنٹ اینڈ ایریگیشن رحیم گل، سیکرٹری پلاننگ، گلگت بلتستان رورل سپورٹ پروگرام کے نمائندوں، مقامی کسانوں کے نمائندوں اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
گلگت میں ٹرافی ہنٹنگ، استور مارخور کا پرمٹ 3لاکھ 56ہزار ڈالر میں نیلام

