الیکشن کمیشن گلگت بلتستان نے گلگت، سکردو اور چلاس کی میونسپل کارپوریشنز کے بلدیاتی انتخابات کے شیڈول میں ترمیم کرتے ہوئے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرانے کی آخری تاریخ میں 30اکتوبر 2026ء تک توسیع کر دی ہے۔الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق سیاسی جماعتوں، ممکنہ امیدواروں اور عوام کی جانب سے کاغذاتِ نامزدگی کے لیے درکار دستاویزات کی تکمیل اور دیگر قانونی و ضابطہ جاتی تقاضے پورے کرنے میں درپیش مشکلات کے باعث تاریخ میں توسیع کی درخواستیں موصول ہوئی تھیں۔نوٹیفکیشن کے مطابق الیکشن کمیشن نے زیادہ سے زیادہ عوامی شرکت یقینی بنانے، امیدواروں کو سہولت فراہم کرنے اور آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کے انعقاد کے پیش نظر کاغذاتِ نامزدگی جمع کرانے کی مدت میں توسیع کا فیصلہ کیا ہے۔
گلگت بلتستان،لینڈ سلائیڈنگ کے باعث جگلوٹ اسکردو شاہراہ بند
چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجہ شہباز خان کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ انتخابی شیڈول میں صرف کاغذاتِ نامزدگی جمع کرانے کی آخری تاریخ تبدیل کی گئی ہے، جبکہ انتخابات کے دیگر تمام مراحل اور ان کی تاریخیں پہلے سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق برقرار رہیں گی۔الیکشن کمیشن گلگت بلتستان نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ بلدیاتی انتخابات کو آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انداز میں منعقد کرنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے، تاکہ اہل امیدواروں کو انتخابی عمل میں حصہ لینے اور عوام کو اپنے نمائندے منتخب کرنے کا بھرپور موقع مل سکے۔
گلگت میں ٹرافی ہنٹنگ، استور مارخور کا پرمٹ 3لاکھ 56ہزار ڈالر میں نیلام

