کوہاٹ کے نواحی علاقے سورگل میں ایک سرکاری گرلز پرائمری سکول کی نو سالہ طالبہ مبینہ طور پر سروائیکل کینسر سے بچاؤ کی ویکسین لگوانے کے بعد بے ہوش ہوگئی جس کے باعث مقامی لوگوں اور والدین میں تشویش پھیل گئی۔تاہم ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (ڈی ایچ او) کوہاٹ نے رابطہ کرنے پر ایسے کسی واقعے سے لاعلمی کا اظہار کیا۔سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ جمعرات کے روز گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول نمبر 1 سورگل کی نو سالہ طالبہ سروائیکل کینسر سے بچاؤ کی مہم کے دوران ہیومن پیپیلوما وائرس (ایچ پی وی) ویکسین کا انجکشن لگنے کے بعد بے ہوش ہوگئی۔
غلاف کعبہ سے دھاگے نکالنے پر خاتون کو 1 ماہ قید، 15 کوڑوں کی سزا
واقعے کی اطلاع ملنے پر مقامی افراد اور گاؤں کے بزرگ سکول پہنچ گئے جہاں بچی کو مبینہ طور پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی اور ڈرپ لگائی گئی۔واقعے کے بعد سکول کی دیگر طالبات کو چھٹی دے دی گئی جبکہ اس اطلاع سے والدین اور مقامی آبادی میں ویکسین کی حفاظت سے متعلق تشویش اور تحفظات پیدا ہوگئے۔ دریں اثنا، سوشل میڈیا صارفین نے اپنے تبصروں میں دعویٰ کیا کہ نواحی علاقے امبار بانڈہ کے ایک مڈل سکول میں بھی ایچ پی وی ویکسین لگانے کے بعد تین بچیوں کی طبیعت خراب ہوگئی تاہم ان دعوؤں کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہوسکی۔اس سلسلے میں جمعہ کے روز ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کوہاٹ کے دفتر سے رابطہ کیا گیا تو وہاں موجود اہلکار نے مبینہ واقعات سے لاعلمی کا اظہار کیا۔یاد رہے کہ ضلع کرم کے صدر مقام پاراچنار اور اس سے ملحقہ علاقوں میں بھی ایچ پی وی ویکسینیشن مہم کے حوالے سے عوامی تحفظات سامنے آئے ہیں اور مقامی آبادی کا ایک حلقہ اپنی بچیوں کو یہ ویکسین لگوانے پر آمادہ نہیں ہے۔

