پشاور: خیبرپختونخوا میں گیس کی شدید قلت کے باعث سی این جی اسٹیشنز کے لیے نیا شیڈول جاری کر دیا گیا ہے جس کے تحت صوبے بھر کے سی این جی اسٹیشنز ہر جمعہ کو 24 گھنٹے بند رہیں گے، جبکہ ہفتے کے باقی چھ دن روزانہ تین مختلف اوقات میں مجموعی طور پر 9 گھنٹے گیس فراہم کی جائے گی۔ آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن کے مطابق گیس کی دستیابی اور فراہمی میں غیر معمولی مشکلات کے پیش نظر ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے طویل مشاورت کے بعد باہمی اتفاق رائے سے خیبرپختونخوا کے لیے نیا شیڈول مرتب کیا ہے، جس پر تمام سی این جی اسٹیشنز کو عملدرآمد کرنا ہوگا۔
پشاور کے تمام تھانوں میں محرر پر باڈی کیمرے نصب
جاری کردہ شیڈول کے مطابق ہر جمعہ کو صبح 6 بجے سے ہفتہ کی صبح 6 بجے تک تمام سی این جی اسٹیشنز بند رہیں گے۔ نئے شیڈول کا اطلاق 20 نومبر 2026 سے ہوگا۔ شیڈول کے تحت ہفتے کے باقی چھ دن سی این جی اسٹیشنز صبح 6 سے 9 بجے، دوپہر 11 سے 2 بجے اور شام 6 سے 9 بجے تک کھلے رہیں گے۔ ایسوسی ایشن کے مطابق اگر کوئی ضلع مقامی ضروریات اور زمینی حقائق کے پیش نظر اوقات کار میں تبدیلی چاہتا ہے تو متعلقہ ضلع کے سی این جی اسٹیشن مالکان باہمی مشاورت سے اپنے ایریا ہیڈ کے ساتھ مل کر متبادل شیڈول مرتب کر سکتے ہیں۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اس فیصلے کا مقصد سی این جی انڈسٹری کو مکمل اور طویل بندش سے بچانا، کاروباری سرگرمیوں کا تسلسل برقرار رکھنا اور گھریلو صارفین کی ضروریات کے لیے 35 ایم ایم سی ایف ڈی گیس کا مقررہ کوٹہ محفوظ رکھنا ہے۔
10 ویں پاکستان صنعتی نمائش اختتام پذیر، 150 ملکی و غیر ملکی کمپنیوں کی شرکت
آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن نے واضح کیا ہے کہ شیڈول کی خلاف ورزی کرنے والے اسٹیشن کا گیس کنکشن فوری طور پر منقطع کیا جا سکتا ہے اور اس معاملے میں ایسوسی ایشن کسی قسم کی رعایت یا سفارش کی ذمہ دار نہیں ہوگی۔ اعلامیے کے مطابق نیا شیڈول فی الحال آزمائشی بنیادوں پر 30 نومبر 2026 تک نافذ العمل ہوگا، جبکہ آئندہ ماہ کے لیے صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد دوبارہ مشاورت کی جائے گی۔ ایسوسی ایشن نے تمام سی این جی اسٹیشن مالکان اور صارفین سے اپیل کی ہے کہ وہ اجتماعی مفادات، صنعت کے تحفظ اور کاروباری تسلسل کو برقرار رکھنے کے لیے جاری کردہ شیڈول پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔
کامران بنگش، تیمور سلیم جھگڑا، عرفان سلیم کی درخواست ضمانت خارج

