انسداد دہشتگردی عدالت نے 9 مئی ریڈیو پاکستان حملہ کیس میں نامزد سابق صوبائی وزراء تیمور سلیم جھگڑا، کامران بنگش اور عرفان سلیم کی ضمانت درخواستیں خارج کر دیں جس کے بعد پولیس تینوں کو گرفتار کرنے پشاور ہائیکورٹ پہنچ گئی ہے، کیس کی سماعت کے دوران ریڈیو پاکستان کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ موجودہ ڈائریکٹر ریڈیو پاکستان طفیل 9 مئی کے واقعے کے وقت پروگرام منیجر تھے۔
وکیل کے مطابق نادرا اور پنجاب فرانزک نے ویڈیوز میں ملزمان کی شناخت کی تصدیق کی، جس کے بعد پولیس نے انہیں چالان میں نامزد کیا۔ ملزمان کی ویڈیوز تاحال سوشل میڈیا پر موجود ہیں۔ سماعت کے دوران عدالت میں 9 مئی کے احتجاج اور ریڈیو پاکستان واقعے کی ویڈیوز بھی چلائی گئیں۔ ریڈیو پاکستان کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ویڈیوز میں تیمور سلیم جھگڑا، کامران بنگش اور عرفان سلیم احتجاج کے دوران نظر آتے ہیں۔ ملزمان کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ویڈیوز میں ان کے موکلین کو کسی قسم کی توڑ پھوڑ کرتے ہوئے نہیں دیکھا جا سکتا۔
اس پر ریڈیو پاکستان کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ استغاثہ کا کیس توڑ پھوڑ نہیں بلکہ عوام کو انتشار اور احتجاج کے لیے اکسانے سے متعلق ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ رہنماؤں کا کردار عوام کو اشتعال دلا کر احتجاج کے لیے باہر نکالنا ہوتا ہے۔ فریقین کے دلائل مکمل ہونے پر عدالت نے ضمانت درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کر لیا تھا، جو بعدازاں سناتے ہوئے عدالت نے تینوں ملزمان کی ضمانت درخواستیں خارج کر دیں۔

