پشاور: بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے 28ویں آئینی ترمیم کے حوالے سے اپنی واضح رائے پارٹی قیادت کو پہنچا دی ہے، جبکہ پارٹی ذرائع کے مطابق انہوں نے نئے صوبوں کے قیام کی حمایت بھی کردی ہے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق عمران خان نے گزشتہ ملاقات کے دوران اپنے وکیل سلمان صفدر کو 28ویں آئینی ترمیم سے متعلق اپنا مؤقف آگاہ کیا تھا، جسے سلمان اکرم راجہ کے ذریعے پارٹی قیادت تک پہنچایا گیا ہے۔ سلمان اکرم راجہ کے مطابق وہ بانی پی ٹی آئی کی رائے پارٹی کے سامنے رکھنے کے لیے پارلیمانی پارٹی، کور کمیٹی اور پولیٹیکل کمیٹی کے اجلاس بلائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی آج ہونے والی ملاقات کے بعد پارٹی اجلاس طلب کیے جائیں گے۔
نئے صوبوں کے قیام کی حمایت
پارٹی ذرائع کے مطابق عمران خان نے ملک میں نئے صوبوں کے قیام کی حمایت کردی ہے۔ 28ویں آئینی ترمیم کے تناظر میں نئے صوبوں کے قیام کا معاملہ بھی اہمیت اختیار کرگیا ہے۔ اس حوالے سے ماضی میں پی ٹی آئی رہنماؤں کی جانب سے بھی نئے صوبوں کے قیام کی حمایت اور اس معاملے پر اتفاق رائے کی ضرورت پر بیانات سامنے آچکے ہیں۔ تاہم نئے صوبوں کے قیام سے متعلق عمران خان کے تازہ مؤقف کی باضابطہ تفصیلات سامنے آنا باقی ہیں۔ پارٹی اجلاسوں میں اس معاملے پر بھی واضح پالیسی سامنے آنے کا امکان ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان سے اڈیالہ جیل میں ان کے وکلا بیرسٹر سلمان صفدر اور لطیف کھوسہ نے ملاقات کی، جس میں مقدمات پر تفصیلی مشاوررت کی گئی۔ بانی پی ٹی آئی کے وکلا اڈیالہ جیل راولپنڈی میں عمران خان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کیے بغیر واپس روانہ ہوگئے۔جیل جانے سے قبل داہگل ناکے پر مختصر گفتگو میں بیرسٹر سلمان صفدر نے کہا تھا کہ ملاقات صرف مقدمات کے حوالے سے ہدایات لینے کے لیے ہے لہذا کوئی سیاسی گفتگو نہیں کریں گے۔
خیبر پختونخوا کی فارما انڈسٹری کے مسائل حل کرنے کیلئے فوری اقداما ت پر زور
بانی پی ٹی آئی سے وکلا کی ملاقات جیل کے کانفرنس روم میں کرائی گئی۔ بیرسٹر سلمان صفدر اور سردار لطیف کھوسہ کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات 2 گھنٹے سے زائد جاری رہی اور دونوں وکلا نے ان سے مقدمات اور متفرق پٹیشنز پر تفصیلی مشاورت کی۔ بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کے دوران ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی بھی موجود تھیں اور وکلا نے بشریٰ بی بی کے مقدمات اور دیگر قانونی پہلوئوں پر بھی بانی سے مشاورت کی۔ اڈیالہ جیل راولپنڈی میں بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی سے وکلا کی ملاقات کانفرنس روم میں کرائی گئی۔واضح رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے گزشتہ روز عمران خان اور ان کے وکلا کی ملاقات کرانے کا حکم جاری کردیا تھا اور بتایا گیا تھا کہ ایڈووکیٹ جنرل تین بجے لطیف کھوسہ اور بیرسٹر سلمان صفدر کی ملاقات کرائیں گے۔اسلام آباد ہائی کورٹ نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزا کے خلاف اپیلوں پر سماعت 10 دن بعد مقرر کرنے کی ہدایت کردی اور کیس کی سماعت اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سردار سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف نے کی۔
رنگ روڈ پر 1020 تجاوزات مسمار، شاہراہوں کو کشادہ کرنے کا عزم
بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے پارٹی رہنماؤں لطیف کھوسہ اور سلمان صفدر کو ہدایت کی ہے کہ پارٹی کی زیرحراست خواتین کی رہائی کے لیے مذاکرات کیے جائیں۔ بانی پی ٹی آئی کے مطابق خواتین اسیران کی رہائی پارٹی کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ ان کا کہنا ہے کہ بشریٰ بی بی اور ان کی بہنوں کو بھی رہا ہونا چاہیے۔ عمران خان نے نئے صوبوں کے قیام کو ملک کے مفاد میں قرار دیتے ہوئے اس کی حمایت کی ہے۔ بانی پی ٹی آئی نے ہدایت کی ہے کہ خواتین کی رہائی کے معاملے پر سنجیدہ کوششیں کی جائیں اور اس مقصد کے لیے مذاکرات کا راستہ اختیار کیا جائے۔

