مرکز دارالقرآن پنج پیر صوابی میں جماعت اشاعت التوحید والسنہ العالمیہ کے زیر اہتمام منعقدہ چار روزہ سالانہ عالمی اجتماع میں لاکھوں فرزندانِ توحید نے شرکت کی۔ چار روزہ اجتماع کے دوران سینکڑوں علما کرام نے قرآن و سنت کی روشنی میں اصلاح معاشرہ، دینی بیداری اور اتحاد و یکجہتی کے موضوعات پر خطابات کیے۔اختتامی نشست سے امیر جماعت اشاعت التوحید والسنہ العالمیہ و صدر وحدت المدارس الاسلامیہ پاکستان شیخ القرآن مولانا محمد طیب طاہری نے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے زور دیا کہ حکمران عوامی مسائل کے حل، معاشرتی اصلاح اور ملکی ترقی کے لیے علما کرام سے مشاورت کرکے اقدامات کریں تاکہ فیصلے عوامی مفاد اور ملکی ضروریات کے مطابق ہوں۔
پشاور میں ایل پی جی کی فی کلو قیمت 650 روپے تک پہنچ گئی
مولانا محمد طیب طاہری نے کہا کہ انہوں نے کبھی کسی سے ذاتی مفاد کی طمع نہیں رکھی بلکہ دینی خدمات، اصلاح معاشرہ اور عوامی بھلائی کو ہمیشہ مقدم رکھا ہے۔ انہوں نے گورنر خیبر پختونخوا کو تجویز دی کہ صوبے میں امن و استحکام، عوامی فلاح و بہبود اور معاشرتی بہتری کے لیے سنجیدہ اور عملی اقدامات کیے جائیں اور اس مقصد کے لیے علما کرام اور دینی حلقوں کی آرا سے استفادہ کیا جائے۔گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے اپنے خطاب میں کہا کہ پشتون قوم اور خیبر پختونخوا کے عوام کئی سال سے مشکلات اور تکالیف برداشت کر رہے ہیں۔ جہاں بھی پشتون آباد ہیں، انہیں مصائب اور مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا قدرتی وسائل سے مالامال صوبہ ہے، جہاں پانی، گیس، تیل اور دیگر معدنی وسائل وافر مقدار میں موجود ہیں۔ صوبہ سیاحت کے شعبے میں بھی نمایاں مقام رکھتا ہے۔گورنر نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ خیبر پختونخوا کے بچوں کو معیاری تعلیم کے یکساں مواقع اور نوجوانوں کو اچھی ملازمتیں اور روزگار میسر ہوں۔
پانچ سال کے دوران 11 ہزار ارب کی ٹیکس چھوٹ دینے کا انکشاف
صوبے سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ اور اسے پرامن بنانے کے لیے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ صوبے کی ترقی و خوشحالی کے لیے سب کو مل کر کام کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ شخصیات پر اعتراض ہوسکتا ہے، لیکن اداروں پر اعتراض نہیں ہونا چاہیے۔ صوبے کے قدرتی وسائل کو عوام کی ترقی، خوشحالی اور بہتر مستقبل کے لیے بروئے کار لانا ضروری ہے۔فیصل کریم کنڈی نے شیخ القرآن حضرت مولانا محمد طاہر پنج پیری کے دینی و اصلاحی مشن کو خراج تحسین پیش کیا اور شیخ القرآن حضرت مولانا محمد طیب طاہری کی دینی، علمی اور سماجی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے علما کرام کی خدمات کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے مولانا محمد طیب طاہری کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔اجتماع کے اختتام پر مولانا محمد طیب طاہری نے پاکستان کی امن و سلامتی، استحکام و ترقی، حرمین شریفین کی حفاظت اور عالم اسلام میں امن و اتحاد کے لیے خصوصی دعا کرائی۔ امت مسلمہ کو درپیش مسائل کے خاتمے، ملک میں امن و امان کے قیام اور مسلمانوں کی اجتماعی بھلائی کے لیے بھی دعائیں کی گئیں۔
بارشوں کا طاقتور سلسلہ شروع ہونے کی پیشگوئی، الرٹ جاری
خیبر پختونخوا میں ڈینگی کے مزید 88کیسز رپورٹ، کوہاٹ سب سے زیادہ متاثر

