گزشتہ روز ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہونے والے سابق سینیٹر اور معروف صنعتکار الحاج تاج محمد آفریدی کی نماز جنازہ تختہ بیگ جمرود میں ادا کر دی گئی۔ نماز جنازہ میں وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام، وفاقی و صوبائی وزراء، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی، اعلیٰ عسکری حکام، سیاسی و سماجی شخصیات اور مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد نے شرکت کی۔
نماز جنازہ میں سابق ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی سمیت اعلیٰ عسکری قیادت بھی شریک ہوئی۔ شرکاء نے مرحوم کی مغفرت، درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے بھی سابق سینیٹر تاج آفریدی کے جنازے میں شرکت کی اور مرحوم کے لیے فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر انہوں نے تاج آفریدی کے اہل خانہ سے ملاقات کرتے ہوئے اظہار تعزیت کیا اور ان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ تاج آفریدی کی سیاسی، سماجی اور قومی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ انہوں نے ملک اور بالخصوص قبائلی اضلاع کی ترقی اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے نمایاں کردار ادا کیا۔ گورنر نے کہا کہ تاج آفریدی کے انتقال سے ملک ایک مخلص سیاسی و سماجی شخصیت سے محروم ہو گیا ہے اور پوری قوم اس سانحے پر سوگوار ہے۔
واضح رہے کہ سابق سینیٹر تاج آفریدی گزشتہ روز موٹروے ایم ون پر ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہوگئے تھے، جس پر سیاسی، سماجی اور کاروباری حلقوں میں گہرے رنج و غم کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

