پشاور: سول سیکرٹریٹ پشاور میں منگل کے روز 10 اکتوبر 2026 کو گورنر خیبر پختونخوا کے مشیر برائے صنعت و حرفت، ڈاکٹر محمد ارشاد صاحب کی زیرِ صدارت ایک اہم اور نتیجہ خیز مشترکہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں خیبر پختونخوا بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کے اعلیٰ حکام اور کے پی جیمز اینڈ جیولری ایسوسی ایشن (رجسٹرڈ) کے نمائندہ وفد نے شرکت کی۔ ایسوسی ایشن کے وفد کی قیادت مرکزی صدر محمد سلمان نیازی نے کی۔ اجلاس میں خیبر پختونخوا بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کی جانب سے ڈائریکٹر اقبال سرور صاحب اور ڈائریکٹر انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ پروموشن گل محمد صاحب شریک ہوئے جبکہ کے پی جیمز اینڈ جیولری ایسوسی ایشن کے وفد میں مرکزی صدر محمد سلمان نیازی، جنرل سیکرٹری حاجی نوشاد احمد چشتی اور ایگزیکٹو رکن مرسلین خان شامل تھے۔
تجارتی خسارہ 16 فیصد بڑھ کر 14 ارب ڈالر سے تجاوز کرگیا
ملاقات کے دوران صوبے میں قیمتی پتھروں (جیم اسٹونز) اور جیولری کی صنعت کو درپیش مسائل، برآمدات میں اضافے، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں اس بات کا باضابطہ اعلان کیا گیا کہ پشاور میں پورے دس سال کے طویل وقفے کے بعد، کے پی جیمز اینڈ جیولری ایسوسی ایشن (رجسٹرڈ) اور خیبر پختونخوا بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کے باہمی اشتراک سے "کے پی جیمز اینڈ جیولری ایگزیبیشن 2026 کا شاندار انعقاد کیا جا رہا ہے۔ یہ دو روزہ نمائش 5 اور 6 دسمبر 2026 کو پشاور میں منعقد ہوگی، جس میں صوبے بھر سے جیمز اینڈ جیولری کے کاروبار سے وابستہ تاجر، ہنرمند اور سرمایہ کار شرکت کریں گے۔
امریکی اسٹاک مارکیٹ میں بڑی مندی، ایک دن میں 25کھرب ڈالر ڈوب گئے
وفد نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ یہ نمائش خیبر پختونخوا کے قیمتی پتھروں کی عالمی منڈیوں تک رسائی، مقامی صنعت کے فروغ اور معاشی ترقی میں ایک سنگِ میل ثابت ہوگی۔
مشیرِ گورنر برائے صنعت و حرفت ڈاکٹر محمد ارشاد نے دس سال بعد پشاور میں اس میگا ایونٹ کے انعقاد کو انتہائی خوش آئند قرار دیتے ہوئے ایسوسی ایشن اور بورڈ آف انویسٹمنٹ کی کاوشوں کو بھرپور سراہا۔ انہوں نے وفد کو یقین دلایا کہ صوبائی حکومت جیمز سیکٹر کی بحالی اور اس نمائش کو کامیاب بنانے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے گی اور ہر ممکن انتظامی و سرکاری تعاون فراہم کرے گی۔ اجلاس کے اختتام پر جیمز اینڈ جیولری سیکٹر کی بہتری کے لیے مشترکہ لائحہ عمل طے کرنے اور باہمی رابطوں کو مزید مؤثر بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

