پاکستان کے معروف بینک الفلاح نے افغانستان میں دو دہائیوں سے زائد عرصے تک بینکاری خدمات فراہم کرنے کے بعد اپنی تمام سرگرمیاں ختم کر دی ہیں اور افغانستان میں اپنا کاروبار مقامی مالیاتی ادارے غضنفربینک کے حوالے کر دیا ہے۔ افغان میڈیا کے حوالے سے موصولہ اطلاعات کے مطابق بینک الفلاح نے اس پیش رفت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ کاروبار کی منتقلی کا عمل 5 نومبر 2026 کو مکمل کر لیا گیا ہے۔
امریکی اسٹاک مارکیٹ میں بڑی مندی، ایک دن میں 25کھرب ڈالر ڈوب گئے
بینک کے مطابق اس لین دین کے لیے سٹیٹ بینک آف پاکستان اور افغانستان کے مرکزی بینک سے ضروری قانونی اور ضابطہ جاتی منظوری حاصل کی گئی۔ معاہدے کے تحت کابل اور ہرات میں قائم بینک الفلاح کی شاخوں کی تمام بینکاری سرگرمیاں، اثاثے اور واجبات غضنفر بینک کو منتقل کر دیے گئے ہیں۔بینک الفلاح نے واضح کیا ہے کہ افغانستان میں اس کی بینکاری سرگرمیاں ختم ہو چکی ہیں جبکہ متعلقہ قوانین اور ضابطہ جاتی تقاضوں کے مطابق دونوں شاخوں کی باضابطہ بندش کا عمل بھی مکمل کیا جائے گا۔واضح رہے کہ بینک الفلاح نے 2005 میں افغانستان میں اپنے بینکاری آپریشنز کا آغاز کیا تھا۔ ابتدا میں کابل میں شاخ قائم کی گئی جس کے بعد ہرات تک کاروباری سرگرمیوں کو وسعت دی گئی۔ افغانستان میں قیام کے دوران بینک روایتی اور اسلامی بینکاری سمیت مختلف مالیاتی خدمات فراہم کرتا رہا۔افغانستان سے بینک الفلاح کے انخلا کا عمل دسمبر 2025 میں شروع ہوا تھا جب غضنفربینک نے اس کے افغان کاروبار کے حصول کے لیے غیر حتمی پیشکش کی تھی۔
تجارتی خسارہ 16 فیصد بڑھ کر 14 ارب ڈالر سے تجاوز کرگیا
بعدازاں جنوری 2026 میں پاکستان اور افغانستان کے متعلقہ مالیاتی نگران اداروں نے مجوزہ خریدار کو کاروبار کی تفصیلی جانچ پڑتال کی ابتدائی اجازت دے دی تھی جس کے بعد ضروری کارروائی مکمل کرکے معاہدے کو حتمی شکل دی گئی۔دوسری جانب بینک الفلاح نے افغانستان میں اپنے صارفین کو 2 نومبر تک اپنے اکاؤنٹس میں موجود رقوم کے حوالے سے فیصلہ کرنے کی ہدایت کی تھی کہ وہ اپنے اکاؤنٹس غضنفربینک میں منتقل کروانا چاہتے ہیں یا رقوم نکلوا کر اکاؤنٹس بند کرنا چاہتے ہیں۔ بینک کے اعلان کے مطابق مقررہ تاریخ تک ہدایات فراہم نہ کرنے والے صارفین کے اکاؤنٹس میں موجود رقوم بھی خودکار طریقے سے غضنفر بینک کو منتقل کر دی گئیں۔

