ترجمان دفترخارجہ سجاد حیدر خان نے بھارت کے جارحانہ اور دھمکی آمیز بیانات مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کا طرز عمل جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کیلئے خطرات پیدا کر رہا ہے۔ہفتہ وار نیوز بریفنگ میں ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ شہریوں اور بنیادی ڈھانچے پر حملے ناقابل قبول ہیں، ایسے حملے علاقائی سلامتی کیلئے خطرہ ہیں، پاکستان مکہ معاہدے کے تحت سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ عمان کے وزیر خارجہ نے پاکستان کا دورہ کیا، پاکستان اور عمان کا مختلف اہم شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا ہے، دونوں ممالک کے درمیان 5 معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوئے جن سے دیرینہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔
بھارت کے جارحانہ بیانات خطے کے امن کے لیے خطرہ، ترجمان دفتر خارجہ
ترجمان نے کہا کہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی روس کے وزیر داخلہ سے ملاقات ہوئی، جس میں پاکستان اور روس کے تعلقات میں مثبت پیشرفت کا جائزہ لیا گیا اور کثیرجہتی فورمز پر مسلسل تعاون کی اہمیت پر اتفاق کیا گیا۔انہوں بتایا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف مسلسل کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے، نائب وزیراعظم نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا اور افغان حکام پر زور دیا کہ وہ اپنی سرزمین سے پاکستان کے خلاف سرگرم خطرات کے تدارک کیلئے اقدامات کریں۔انہوں نے کہا کہ نائب وزیراعظم نے دہشت گردی کے خلاف برسرپیکار قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خراج تحسین پیش کیا۔ترجمان نے بتایا کہ وزارت خارجہ اور ایچ ای سی کے درمیان ڈیجیٹل خدمات کیلئے مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوئے ہیں اور اسحاق ڈار نے قونصلر خدمات میں بہتری کو اپنی ترجیحات میں شامل رکھنے کا اعادہ کیا ہے۔بھارت سے متعلق بات کرتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ بھارت کی پاکستان کے خلاف جارحیت کی دھمکیوں پر مبنی اشتعال انگیز بیانات کو مسترد کرتے ہیں، بھارت کے غیر ذمہ دارانہ بیانات اس کی بالادستی کی ذہنیت کی عکاسی کرتے ہیں اور اس کا جارحانہ طرز عمل جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کیلئے خطرات پیدا کر رہا ہے۔
چیف جسٹس یحییٰ آفریدی برطانیہ کے انرٹیمپل کے اعزازی بینچر مقرر
انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال مئی میں پاکستان نے خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کی صلاحیت اور عزم کا مظاہرہ کیا اور بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا، پاکستان کسی بھی غیر دانش مندانہ جارحیت کا مقابلہ کرنے کیلئے پوری طرح تیار ہے، پاکستان کے امن کے عزم کو کمزوری نہ سمجھا جائے، کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔ترجمان نے کہا کہ بھارت گزشتہ سال کے تجربے سے سبق سیکھے، جارحانہ طرز عمل اور خطرناک بیان بازی ترک کرے، خطے میں پائیدار امن کیلئے ذمہ دارانہ طرز عمل اختیار کرنا ضروری ہے۔کشمیر پر بات کرتے ہوئے ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ بھارت کے 5اگست 2019کے اقدامات غیر قانونی اور کالعدم ہیں، بھارت نے ان اقدامات کے ذریعے جموں و کشمیر کو حصوں میں تقسیم کیا۔انہوں نے کہاکہ بھارت کے یک طرفہ اقدامات متنازع حیثیت تبدیل نہیں کر سکتے، جموں و کشمیر بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ متنازع علاقہ ہے اور اس کی حتمی حیثیت کا تعین سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق ہونا ہے۔غیر قانونی ہجرت کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ پاکستانی اقدامات پر 18ماہ کے دوران یورپ جانے والے غیر قانونی تارکین وطن میں 64فیصد کمی ہوئی ہے
اکاخیل مواز کلے باڑہ کے سکول میں بچوں کی زندگیاں خطرے میں
پاکستان نے سرحدی انتظام بہتر بنانے، ادارہ جاتی صلاحیت بڑھانے اور انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے اقدامات کیے ہیں جنہیں حالیہ دورہ پاکستان کے دوران یورپی کمشنر نے بھی سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور یورپی یونین کے اسٹریٹجک انگیجمنٹ پلان میں ہجرت اور نقل و حرکت اہم ستون ہیں، غیر قانونی ہجرت کی روک تھام کے ساتھ محفوظ، منظم اور قانونی ہجرت کے مواقع بڑھانا اہم ہے، پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان ہجرت اور نقل و حرکت سے متعلق مکالمے کا آغاز نومبر 2022ء میں ہوا جو دونوں فریقین کیلئے یکساں مفاد کا ذریعہ ہے، یورپ کو افرادی قوت کی کمی کا سامنا ہے جبکہ پاکستان میں افرادی قوت دستیاب ہے۔





