پشاور: پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن (سنٹرل) کے چیئرمین محمد نعیم بٹ اور پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن خیبر پختونخوا کے چیئرمین صابر احمد بنگش کی سربراہی میں فلور ملز انڈسٹری کے سینئر ممبران پر مشتمل ایک اعلیٰ سطحی وفد نے ایڈوائزر ٹو گورنر خیبر پختونخوا برائے خوراک جناب کفایت اللہ سے ملاقات کی۔ ملاقات کے آغاز میں وفد نے کفایت اللہ کو ایڈوائزر ٹو گورنر خیبر پختونخوا برائے خوراک کی اہم ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارک باد پیش کی اور ان کے لیے نیک تمناؤں اور خواہشات کا اظہار کیا۔ وفد نے اس امید کا اظہار کیا کہ وہ اپنی نئی ذمہ داریوں کو بروئے کار لاتے ہوئے صوبے میں خوراک اور گندم سے متعلق مسائل کے حل، فلور ملز انڈسٹری کی بہتری اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں مؤثر کردار ادا کریں گے۔ ملاقات کے دوران چیئرمین پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن (سنٹرل) محمد نعیم بٹ اور چیئرمین پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن خیبر پختونخوا صابر احمد بنگش نے صوبے میں گندم کی موجودہ صورتحال، سرکاری گندم کے محدود کوٹے، فلور ملز انڈسٹری کو درپیش مشکلات اور عوام کو آٹے کی بلاتعطل فراہمی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
سرحدچیمبرکی پنجاب سے گندم کی ترسیل پر غیر قانونی پابندی پر تشویش
وفد نے اس امر پر تشویش کا اظہار کیا کہ خیبر پختونخوا اپنی ضرورت کے مقابلے میں گندم کی پیداوار کے حوالے سے ایک خسارے کا شکار صوبہ ہے اور اپنی غذائی ضروریات پوری کرنے کے لیے دیگر صوبوں، بالخصوص پنجاب، پر انحصار کرتا ہے۔ ایسی صورتحال میں گندم کی آزادانہ بین الصوبائی نقل و حرکت میں رکاوٹیں نہ صرف فلور ملز انڈسٹری کے لیے مشکلات پیدا کرتی ہیں بلکہ اس کے براہ راست اثرات صوبے میں آٹے کی دستیابی، قیمتوں اور عام صارفین پر بھی مرتب ہوتے ہیں۔ وفد نے واضح کیا کہ فلور ملز انڈسٹری صوبے میں عوام کو آٹے کی فراہمی کے حوالے سے ایک بنیادی کردار ادا کر رہی ہے، تاہم گندم کی ناکافی دستیابی اور موجودہ پالیسی مسائل کے باعث انڈسٹری اپنی مکمل پیداواری صلاحیت کے مطابق کام کرنے سے قاصر ہے۔ اس صورتحال کا مستقل حل نکالنا حکومت اور متعلقہ اداروں کی اولین ترجیح ہونی چاہیے تاکہ عوام کو آٹے کی فراہمی میں کسی قسم کا تعطل پیدا نہ ہو۔
اس موقع پر وفد کی جانب سے حکومت اور متعلقہ حکام کے سامنے درج ذیل اہم مطالبات پیش کیے گئے
فلور ملز ایسوسی ایشن کے اہم مطالبات:
1۔ سرکاری گندم کے کوٹے میں فوری اضافہ: خیبر پختونخوا میں سرکاری گندم کا موجودہ کوٹہ صوبے کی ضروریات اور فلور ملز کی پیداواری صلاحیت کے مقابلے میں ناکافی ہے۔ لہٰذا صوبے میں سرکاری گندم کے کوٹے میں فوری اور خاطر خواہ اضافہ کیا جائے تاکہ فلور ملز کو مطلوبہ مقدار میں گندم دستیاب ہو اور عوام کو سرکاری نرخوں پر آٹے کی مسلسل فراہمی ممکن بنائی جا سکے۔
2۔ فلور ملز کو 20 فیصد گیٹ سیل کی اجازت:
فلور ملز کو 20 فیصد گیٹ سیل کی اجازت دی جائے تاکہ ملز اپنی پیداواری استعداد کو بہتر انداز میں استعمال کر سکیں، آٹے کی سپلائی چین میں بہتری آئے اور مارکیٹ میں آٹے کی دستیابی کو یقینی بنایا جا سکے۔ اس سلسلے میں ایک واضح اور قابلِ عمل پالیسی مرتب کی جائے۔ 3۔ پنجاب سے گندم کی آزادانہ اور بلا رکاوٹ ترسیل: پنجاب سے خیبر پختونخوا کو گندم کی بین الصوبائی نقل و حرکت مکمل طور پر آزاد اور بلا رکاوٹ بنائی جائے۔ گندم کی ترسیل کے دوران راستے میں قائم غیر ضروری رکاوٹوں، چیک پوسٹوں اور دیگر مشکلات کا خاتمہ کیا جائے تاکہ فلور ملز کو مارکیٹ سے گندم کی خریداری اور ترسیل میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ وفد نے اس بات پر زور دیا کہ گندم کی آزادانہ نقل و حرکت نہ صرف انڈسٹری بلکہ صوبے کے عوام کے بنیادی غذائی مفاد کا معاملہ ہے۔
اضاخیل گودام میں بارش سے اربوں مالیت کی گندم خراب
وفد نے مزید کہا کہ فلور ملز انڈسٹری اور حکومت کے درمیان باہمی تعاون اور مؤثر رابطہ کاری کے ذریعے ہی صوبے میں گندم اور آٹے سے متعلق مسائل کا پائیدار حل ممکن ہے۔ ایسوسی ایشن صوبائی حکومت اور متعلقہ اداروں کے ساتھ ہر سطح پر تعاون کے لیے تیار ہے تاکہ عوام کو مناسب نرخوں پر معیاری آٹے کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔ ایڈوائزر ٹو گورنر خیبر پختونخوا برائے خوراک جناب کفایت اللہ نے وفد کے مؤقف، تجاویز اور مطالبات کو نہایت توجہ اور سنجیدگی سے سنا۔ انہوں نے فلور ملز انڈسٹری کو درپیش مسائل کے حل کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے یقین دہانی کروائی کہ پیش کردہ مطالبات پر متعلقہ حکام کے ساتھ مشاورت کی جائے گی اور ان کے جلد حل کے لیے عملی اقدامات اٹھانے کی کوشش کی جائے گی۔ پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن خیبر پختونخوا نے اس امید کا اظہار کیا کہ ایڈوائزر ٹو گورنر کفایت اللہ اپنی ذمہ داریوں کے تحت فلور ملز انڈسٹری کے جائز مسائل کے حل اور صوبے میں گندم کی بلا تعطل فراہمی کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کریں گے۔
فلور ملز ایسوسی ایشن خیبرپختونخوا کے وفد کا سرحد چیمبر کا دورہ، نومنتخب کابینہ کو مبارکباد

