غزہ میں اسرائیلی فوج کے فضائی حملوں میں گزشتہ 24گھنٹوں میں10فلسطینی شہیداور39زخمی ہوگئے۔ عرب میڈیارپورٹس کے مطابق جنگ بندی کے باوجود غزہ میں اسرائیلی حملے جاری ہیں، جہاں ایک سکیورٹی پوسٹ پر فضائی حملے کے نتیجے میں کم از کم 2 فلسطینی پولیس اہلکار شہید ہو گئے۔
غزہ کی وزارتِ صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی حملوں میں مجموعی طور پر 9 فلسطینی شہید جبکہ 39 زخمی ہوئے ۔وزارتِ صحت کے بیان میں کہا گیا ہے ابھی بھی متعدد متاثرین ملبے تلے اور سڑکوں پر موجود ہیں، جبکہ ایمبولینس اور سول ڈیفنس کی ٹیمیں اس وقت وہاں تک پہنچنے سے قاصر ہیں۔
اس دوران پہلے بیٹے کی پیدائش سے چند گھنٹے قبل فلسطینی نوجوان اسرائیلی فائرنگ سے شہید ہوگیا۔عینی شاہدین کے مطابق اسرائیلی فوجیوں نے کارروائی کے دوران نایف سامرو کو سر میں گولی مارینابلس میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں 26 سالہ فلسطینی نوجوان نایف سمارو اپنے پہلے بیٹے کی پیدائش سے چند گھنٹے قبل اسرائیلی فائرنگ میں شہید ہوگیا۔
رپورٹس کے مطابق نایف سمارو اپنی اہلیہ کے لیے ضروری سامان لینے گھر سے نکلا تھا۔ ان کی اہلیہ اسپتال میں موجود تھیں اور ڈاکٹروں کے مطابق چند گھنٹوں بعد سیزیرین آپریشن کے ذریعے ان کے پہلے بچے کی پیدائش متوقع تھی۔اہل خانہ کا کہنا ہے کہ نایف اپنے آنے والے بیٹے کو لے کر بے حد خوش اور پرجوش تھا حالانکہ اسی دوران اسرائیلی فوج کی جانب سے نابلس میں چھاپہ مار کارروائیاں جاری تھیں۔عینی شاہدین کے مطابق اسرائیلی فوجیوں نے کارروائی کے دوران نایف سامرو کو سر میں گولی ماری، جس کے بعد وہ سڑک پر زخمی حالت میں پڑا رہا اور زیادہ خون بہنے کے باعث دم توڑ گیا۔
رپورٹس کے مطابق نایف اپنے نومولود بیٹے کو کبھی دیکھ نہ سکا۔ واقعے کے چند گھنٹے بعد اس کے بیٹے کی پیدائش ہوئی، جبکہ خاندان کی خوشی غم میں تبدیل ہوگئی۔فلسطینی حلقوں نے اس واقعے پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے اور شہریوں پر اسرائیلی کارروائیوں کو انسانی حقوق کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔یاد رہے کہ اکتوبر 2025 میں ہونے والی جنگ بندی کے بعد سے غزہ میں اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں 846 افراد شہید اور 2،418 زخمی ہو چکے ہیں۔وزارت صحت کے مطابق اسرائیل کی جانب سے اکتوبر 2023 میں غزہ پر جنگ شروع کیے جانے کے بعد اب تک 72 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں
مزید پڑھیں

