Skip to main contentSkip to footer

غلط اور جھوٹی خبروں کے خلاف صحافیوں کی تربیت، لوئر ٹوپہ میں ٹی ڈی ای اے کی دو روزہ ورکشاپ

غلط اور جھوٹی خبروں کیخلاف مئوثر اقدامات، ٹی ڈی ای اے کی میڈیا تربیتی ورکشاپ

لوئر ٹوپہ، مری (بی این این واچ): ٹرسٹ فار ڈیموکریٹک ایجوکیشن اینڈ اکاؤنٹیبلٹی (ٹی ڈی ای اے) کے زیر اہتمام 4 اور 5 مئی 2026 کو مری کے سیاحتی مقام لوئر ٹوپہ میں دو روزہ تربیتی ورکشاپ منعقد ہوئی، جس میں ملک کے مختلف حصوں سے تعلق رکھنے والے 25 صحافیوں اور ڈیسک ایڈیٹرز نے شرکت کی۔ ورکشاپ کا مقصد میڈیا سے وابستہ افراد کو غلط معلومات، گمراہ کن مواد اور جعلی خبروں کی شناخت اور ان کے تدارک کے لیے مؤثر اور جدید مہارتیں فراہم کرنا تھا۔

ڈیجیٹل دور میں معلومات تک رسائی پہلے سے کہیں آسان ہو چکی ہے، مگر اسی کے ساتھ غلط معلومات اور فیک خبریں معاشرے کے لیے ایک سنگین چیلنج بن گئی ہیں۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹس جھوٹی خبر کو پلک جھپکتے لاکھوں افراد تک پہنچا دیتی ہیں اور بعض اوقات اس کے نتائج انتہائی خطرناک ثابت ہوتے ہیں۔ حدیثِ مبارکہ کے مفہوم کے مطابق انسان کے جھوٹا ہونے کے لیے یہی کافی ہے کہ وہ ہر سنی سنائی بات کو بغیر تصدیق کے آگے بیان کر دے۔

ٹی ڈی ای اے کا ٹرینر صحافی وقار احمد کو شیلڈ دے رہا ہے
ٹی ڈی ای اے کا ٹرینر صحافی وقار احمد کو شیلڈ دے رہا ہے

 

ورکشاپ میں رضا ہمدانی، شہزاد انور، سید عبدالاحد، فرخ تنویر ملک اور صلاح الدین نے بطور مقرر شرکت کی اور شرکاء کو غلط معلومات اور جعلی خبروں کی شناخت، ذمہ دارانہ صحافت، ڈیجیٹل ذرائع کے محفوظ استعمال اور جدید میڈیا چیلنجز کے بارے میں رہنمائی فراہم کی۔ مقررین نے عملی مثالوں اور مشقوں کے ذریعے بتایا کہ غیر مصدقہ معلومات معاشرے میں انتشار پیدا کر سکتی ہیں، اور ایک ذمہ دار صحافی خبر کی تصدیق کر کے عوام تک درست معلومات پہنچانے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔

دو روزہ ورکشاپ کے دوران غلط خبروں کی پہچان، گمراہ کن معلومات میں فرق، سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر تصدیقی ذرائع کے استعمال، تصاویر اور ویڈیوز کی مختلف ڈیجیٹل ٹولز سے تصدیق، مصنوعی ذہانت کے غلط استعمال اور ڈیپ فیک کے خطرات، ذمہ دارانہ صحافت کے اصول، آن لائن نفرت انگیز مواد کی روک تھام اور میڈیا میں اخلاقیات و احتساب جیسے موضوعات پر تفصیلی بحث کی گئی

ورکشاپ میں شریک صحافی میز پر بیٹھ کر تبادلہ خیال کر رہے ہیں
ورکشاپ میں شریک صحافی میز پر بیٹھ کر تبادلہ خیال کر رہے ہیں

 

مقررین نے بتایا کہ جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے اب ایسی جعلی ویڈیوز اور آوازیں تیار کی جا رہی ہیں جنہیں عام صارف آسانی سے پہچان نہیں سکتا، اور ڈیپ فیک کے ذریعے سیاسی شخصیات، معروف افراد اور اداروں کے خلاف جھوٹا پروپیگنڈا ایک سنگین مسئلہ بنتا جا رہا ہے۔ ماہرین نے شرکاء کو مختلف آن لائن ذرائع کے استعمال کی تربیت بھی دی، جن کی مدد سے تصاویر اور ویڈیوز کی حقیقت معلوم کی جا سکتی ہے۔

ورکشاپ کو صرف لیکچرز تک محدود نہیں رکھا گیا۔ شرکاء کو گروپس میں تقسیم کر کے عملی سرگرمیوں میں شامل کیا گیا، جن میں ہر گروپ کو مختلف خبریں اور سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر موجود پوسٹس دی گئیں اور ان کی حقیقت جانچنے کی ذمہ داری سونپی گئی۔ شرکاء نے ان پوسٹس کا تجزیہ کیا اور یہ بھی بتایا کہ ایک ذمہ دار صحافی ایسی صورتحال میں کس انداز سے رپورٹنگ کرے گا۔ مجھے ذاتی طور پر اور میرے گروپ کو ایک خبر دی گئی جانچنے کیلئے کہ آیا یہ فیک نیوز ہے یا صحیح خبر، ہم نے مختلف ذرائع سے اس خبر کی تصدیق کی، خبر کے ساتھ شائع تصاویر کا جائزہ لیا گیا تاکہ معلوم ہوسکے تصاویر اور خبر اصلی ہیں یا جعلی، خبریں جانچنے کیلئے مختلف اے آئی ٹولز کے لنکس فراہم کئے گئے جن سے نہ صرف تصاویر کی مکمل جانچ میں مددملی بلکہ خبروں کو جانچنے میں بھی معاونت ہوئی۔

ٹی ڈی ای اے کی ورکشاپ میں سینئر صحافی دیئے گئے ٹاسک پر تبادلہ خیالات کررہے ہیں

 

ماہرین کے مطابق غلط خبروں کے پھیلاؤ کو روکنے میں کچھ بنیادی اصول مددگار ثابت ہو سکتے ہیں: کسی بھی خبر کو بغیر تصدیق کے شیئر نہ کرنا، خبر کے اصل ماخذ کی جانچ پڑتال کرنا، تصاویر اور ویڈیوز چلانے سے پہلے ان کے مقام اور تاریخ کی اچھی طرح تصدیق کرنا، سنسنی خیز سرخیوں سے احتیاط کرنا اور مستند ذرائع پر اعتماد کرنا۔ ورکشاپ میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ جعلی خبروں سے نمٹنے کے لیے صرف حکومت یا سماجی رابطوں کی ایپلی کیشنز پر انحصار کافی نہیں، بلکہ صحافتی اداروں، صحافیوں اور عوام کو بھی مؤثر کردار ادا کرنا ہوگا

مالِ مفت دل بے رحم ،خیبر پختونخوا اسمبلی افسران اور ملازمین میں بندر بانٹ

 

ٹی ڈی ای اے کی ورکشاپ میں سینئر صحافی دیئے گئے ٹاسک پر تبادلہ خیالات کررہے ہیں

 

ورکشاپ میں پشاور سے وقار احمد، ملک تنویر احمد، محمد سلیم کشمیری، عباداللہ، عدنان شاہد، عدنان خان، طلعت علی، علی مراد، ڈاکٹر فطرت بونیری اور عامر جمیل، کراچی سے شیرین قاسم، یاسر احمد، منور احمد خان، گل منیبہ اور رباب شکیل، اسلام آباد سے نوید احمد، وقار حیدر، مدثر عزیز، ارنیب مہرین احسان، عروج منصب، مقصود منتظر، عنایت علی نیازی، محمد شفیع اور علی رضا کاظمی، جبکہ ڈیرہ اسماعیل خان سے نصرت گنڈاپور شریک ہوئے۔ ورکشاپ کا نتیجہ یہ نکلا کہ اس کے انعقاد کے فوری بعد مجھ سمیت تمام شرکا نے اس ٹولز اور ایکسٹینشنز کو نہ صرف استعمال کرنا شروع کردیا بلکہ متعدد خبروں، تصاویر اور ویڈیوز کی جانچ کرکے جعلی خبروں کی اشاعت اور نشر روکنے میں بھی کردار ادا کیا

ٹی ڈی ای اے کی ورکشاپ میں سینئر صحافی سوالات پوچھ رہے ہیں

 

ورکشاپ کے اختتام پر شرکاء میں یادگاری شیلڈز تقسیم کی گئیں۔ شرکاء نے مقررین کے تجربات اور رہنمائی کو مفید قرار دیا اور امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی اس نوعیت کی مزید ورکشاپس منعقد کی جائیں گی۔

ورکشاپ میں سینئر صحافی ملک تنویر صاحب اپنی شیلڈ وصول کررہے ہیں

 

 صحافیوں اور ٹورازم پولیس کے اہلکاروں کے لیے فرسٹ ایڈ ٹریننگ ورکشاپ

اگلی پوسٹ
غزہ پر اسرائیل حملے جاری، مزید 10فلسطینی شہید،39زخمی
پچھلی پوسٹ
پنجاب سے گندم اور آٹے کی ترسیل تاحال بند، خیبرپختونخوا میں آٹا مہنگا