Skip to main contentSkip to footer

گندھارا اسٹریٹجک ڈائیلاگ 2026ء اختتام پذیر، خصوصی ویزا اور سہولیات کی تجاویز

گندھارا اسٹریٹجک ڈائیلاگ 2026ء اختتام پذیر، خصوصی ویزا اور سہولیات کی تجاویز

چار روزہ گندھارا اسٹریٹجک ڈائیلاگ 2026ء وزارتِ قومی ورثہ و ثقافت ڈویڑن اسلام آباد میں اختتام پذیر ہوگیا۔ ڈائیلاگ کے دوران دنیا بھر سے آئے ہوئے بدھ مت کے مذہبی رہنماؤں اور دانشوروں نے پاکستان کی قومی گندھارا حکمت عملی کو مزید مؤثر بنانے کے لیے اہم تجاویز پیش کیں۔ شرکاء نے بدھ مت کے تاریخی ورثے کے تحفظ اور فروغ کے لیے بنیادی ڈھانچے کی بہتری، مقامی آبادی کی شمولیت اور عالمی تعاون کو ناگزیر قرار دیا۔اختتامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بین الاقوامی بدھ مت کے مذہبی رہنماؤں نے کہا کہ گندھارا کو ایک پائیدار مذہبی اور ثقافتی مرکز بنانے کے لیے بہتر سفری سہولیات، آمدورفت کے نظام، زائرین کے لیے مناسب انتظامات، مراقبے کے مراکز اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی ضروری ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ مذہبی زائرین کی ضروریات عام سیاحوں سے مختلف ہوتی ہیں

 

اس لیے ان کے لیے سہولیات کی منصوبہ بندی کرتے وقت مذہبی تقاضوں کو خصوصی اہمیت دی جائے۔شرکاء نے اس امر پرزور دیا کہ مقامی آبادی کو گندھارا ورثے سے نہ صرف معاشی فوائد حاصل ہونے چاہئیں بلکہ انہیں ان تاریخی مقامات کی ثقافتی اور روحانی اہمیت سے بھی آگاہ کیا جائے تاکہ وہ اپنے تاریخی ورثے پر فخر محسوس کریں۔ بعض مقامات پر تاریخی قدرتی ماحول کی بحالی کے لیے ماحولیاتی اقدامات کی تجویز بھی پیش کی گئی۔بدھ مت کے مذہبی رہنماؤں نے لاؤس اور بنگلہ دیش سمیت بدھ مت کے پیروکاروں کی بڑی آبادی رکھنے والے ممالک کے ساتھ سفارتی روابط اور تعاون بڑھانے پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا گندھارا ورثہ جنوبی ایشیا، مشرقی ایشیا، ہمالیائی خطے اور یورپ کی بدھ مت برادریوں کے ساتھ روحانی اور ثقافتی تعلقات مضبوط بنانے کا اہم ذریعہ بن سکتا ہے۔غیر ملکی مندوبین نے حکومت پاکستان کی جانب سے ڈائیلاگ کے انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سرگرمی نے عالمی سطح پر پاکستان کے بارے میں مثبت آگاہی کو فروغ دیا ہے۔

امریکا کا گرین کارڈ پروگرام محدود کرنے کا فیصلہ

تھائی لینڈ سے تعلق رکھنے والے ایک بدھ راہب نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ تقریباً 20 سال سے پاکستان آنے کے خواہش مند تھے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے دورے کے بعد ان کے ملک کے بارے میں تصورات میں نمایاں مثبت تبدیلی آئی ہے، کیونکہ بیرون ملک پاکستان کے بارے میں معلومات اکثر محدود ہوتی ہیں۔سیکرٹری قومی ورثہ و ثقافت ڈویڑن اسد رحمان گیلانی نے شرکاء کی تجاویز کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان گندھارا کے قیمتی ورثے کا مالک نہیں بلکہ اس کا امین ہے اور اسے آنے والی نسلوں کے لیے محفوظ بنانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی مندوبین کی تجاویز اور مذہبی آثار و مقدس ورثے کے تحفظ کے حوالے سے ان کے تجربات پاکستان کے لیے نہایت اہم ہیں۔سیکرٹری نے یقین دلایا کہ مندوبین کی جانب سے پیش کردہ تجاویز کو قومی گندھارا حکمت عملی کو مزید بہتر بنانے کے لیے زیر غور لایا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم کی جانب سے قائم کردہ ٹاسک فورس کا مقصد تمام متعلقہ اداروں، محکموں اور شراکت داروں کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم پر لانا ہے تاکہ ورثے کے تحفظ، بنیادی ڈھانچے کی ترقی، تعلیم و آگاہی، مذہبی زائرین کی سہولت، سکیورٹی اور بین الاقوامی تعاون کے شعبوں میں مربوط اقدامات کیے جا سکیں۔وزیراعظم کی گندھارا ٹاسک فورس کے کوآرڈینیٹر عمران شوکت نے کہا کہ گندھارا کو ایک مقدس بدھ مت مذہبی و روحانی مقام کے طور پر متعارف کرانا وقت کی اہم ضرورت ہے اور مستقبل کے تمام اقدامات میں اس کی مذہبی اہمیت کو مرکزی حیثیت دی جانی چاہیے۔

ورسک کینال سسٹم کی بروقت تکمیل کیلئے1.5 ارب روپے مختص

انہوں نے بدھ مت کے پیروکاروں کے لیے مخصوص ویزا کیٹیگری، راہبوں کے لیے طویل المدتی متعدد داخلوں کے ویزے، این او سی کے طریقہ کار میں آسانی، تاریخی مقامات کے قریب مراقبے اور مطالعاتی مراکز کے قیام اور بین الاقوامی جامعات میں گندھارا کارنرز قائم کرنے کی تجاویز پیش کیں۔انہوں نے عالمی بدھ مت برادری، مقامی آبادی اور بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ روابط مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا تاکہ گندھارا ورثے کا تحفظ اور پائیدار بنیادوں پر اس کا فروغ یقینی بنایا جا سکے۔وزیراعظم کے معاون خصوصی حذیفہ رحمان نے کہا کہ چار روزہ ڈائیلاگ نے عالمی مندوبین، مذہبی رہنماؤں، مؤرخین اور ثقافتی ماہرین کو گندھارا کی تاریخی، روحانی اور تہذیبی اہمیت پر تبادلہ خیال کے لیے ایک مؤثر پلیٹ فارم فراہم کیا۔ انہوں نے کہا کہ گندھارا تہذیب نے بدھ مت کے فلسفے، مجسمہ سازی، فن تعمیر اور مذہبی علوم کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا اور اس کے اثرات ایشیا کی مختلف تہذیبوں تک پھیلے۔

سپریم کورٹ کو عدالتی خدمات کیلئے عالمی معیار کا آئی ایس او سرٹیفکیٹ مل گیا

انہوں نے سری لنکا، تھائی لینڈ، چین، جاپان، جمہوریہ کوریا، ویتنام، نیپال اور بھوٹان سمیت مختلف ممالک کے ساتھ تاریخی و ثقافتی روابط کو مزید مستحکم بنانے پر زور دیا اور کہا کہ ورثے کے تحفظ، علمی تحقیق اور مذہبی روابط کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دیا جانا چاہیے۔اختتامی اجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ گندھارا اسٹریٹجک ڈائیلاگ عالمی سطح پر موصول ہونے والی تجاویز کو عملی اقدامات میں تبدیل کرنے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔ شرکاء نے مسلسل بین الاقوامی تعاون، مقامی آبادی کی شمولیت اور مشترکہ ذمہ داری کے ذریعے گندھارا کے تاریخی، روحانی اور تہذیبی ورثے کو محفوظ بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ڈائیلاگ میں شرکت کرنے والے غیر ملکی مندوبین نے اپنے دورہ پاکستان کے آخری مرحلے میں لوک ورثہ کمپلیکس کا دورہ بھی کیا، جہاں انہوں نے میوزیم میں محفوظ تاریخی و ثقافتی نوادرات اور پاکستان کی متنوع ثقافتی روایات کو سراہا۔

 

تربیت مکمل ہونے تک شادی نہ کریں! حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کا ٹرینی ڈاکٹروں کو انوکھا مشورہ

اگلی پوسٹ
اقوامِ متحدہ کے ای گورنمنٹ ڈویلپمنٹ انڈیکس میں پاکستان کی 17 درجے بہتری
پچھلی پوسٹ
بال ٹیمپرنگ کیلئے بوتل کے ڈھکن استعمال کرتے تھے،شعیب اختر کا انکشاف