خیبر پختونخوا کے وزیر برائے ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی کی زیر صدارت ہاؤسنگ کمیٹی روم میں احساس اپنا گھر پروگرام کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں پروگرام کی پیش رفت، شرائط اور مستقبل کے لائحہ عمل پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس میں صوبائی مشیر خزانہ مزمل اسلم، صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن سید فخر جہان، سیکرٹری ہاؤسنگ محمد انور خان، ڈی جی ہاؤسنگ محمد زاہد خان اور دیگر متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں صوبائی وزیر ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی، صوبائی مشیر خزانہ مزمل اسلم اور صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن سید فخر جہان کی خصوصی ہدایات پر احساس اپنا گھر پروگرام کے حوالے سے متعدد اہم فیصلے کیے گئے۔
ڈاکٹر میاں سعید کو عہدے سے ہٹانے کیلئے کوششیں شروع
درخواست گزاروں کے لیے عمر کی حد 55 سال سے بڑھا کر 60 سال کرنے کا فیصلہ کیا گیا، جبکہ پروگرام کے لیے مختص رقم 4 ارب روپے سے بڑھا کر 5 ارب روپے کرنے پر اتفاق کیا گیا۔اجلاس میں ضم اضلاع کے لیے ابتدائی طور پر 200 ملین روپے کے فنڈز جاری کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ اسی طرح گھر کی تعمیر کے لیے سکیم میں اراضی کی حد 5 مرلہ سے بڑھا کر 15 مرلہ کرنے کی تجویز پر بھی عملدرآمد کا فیصلہ کیا گیا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ خواجہ سرا، معذور افراد اور بیوہ خواتین بھی احساس اپنا گھر پروگرام سے مستفید ہو سکیں گے۔ پروگرام کے معاملات مستقبل میں بینک آف خیبر کے ذریعے چلانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن سید فخر جہان نے متعلقہ حکام کو سکیم میں کی جانے والی ترامیم کے مطابق ٹرمز آف ریفرنسز ٹی او آرز تیار کرنے کی ہدایت کی
ملک بھر میں ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ 20 ستمبر کو منعقد ہوگا
جبکہ 5 مرلہ کی بجائے 15 مرلہ اراضی کی تجویز کو بھی نئی شرائط میں شامل کرنے کی ہدایت کی گئی۔صوبائی مشیر خزانہ مزمل اسلم کی خصوصی ہدایت پر پہلے مرحلے میں سیٹل اضلاع کے لیے فنڈز جاری کرنے جبکہ دوسرے مرحلے میں ضم اضلاع کے لیے 1 ارب 50 کروڑ روپے جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ صوبائی مشیر خزانہ نے درخواست گزاروں کے لیے نئی پالیسی شرائط مرتب کرنے کی بھی ہدایت کی۔اجلاس میں اخوت تنظیم کے ساتھ پروگرام کے معاملات مستقبل میں جاری نہ رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔اس موقع پر صوبائی وزیر ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی نے کہا کہ احساس اپنا گھر سکیم کے تحت عوام کو آسان اقساط پر گھر تعمیر کرنے کے لیے قرضے فراہم کیے جا رہے ہیں۔ صوبائی حکومت عوام کو رہائش کی بہتر سہولیات کی فراہمی اور کم آمدنی والے افراد کے لیے گھر کی تعمیر آسان بنانے کے لیے خصوصی اقدامات اٹھا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پروگرام میں مزید بہتری اور شفافیت کے لیے ضروری ترامیم کی جا رہی ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق افراد اس سہولت سے استفادہ کر سکیں.

