کراچی: پاکستان کی معروف لوک گلوکارہ شازیہ خشک کی زندگی میں ایک بڑی تبدیلی سامنے آئی ہے جنہوں نے موسیقی اور شوبز کی دنیا سے کنارہ کشی اختیار کرنے کے بعد کاروبار کا آغاز کر دیا ہے۔ ماضی میں اپنی منفرد آواز سے پاکستان سمیت بھارت میں بھی مقبولیت حاصل کرنے والی گلوکارہ آج رائل ڈیفنس مال میں منعقدہ تین روزہ فیسٹیول میں اپنے کاروباری اسٹال پر مختلف مصنوعات فروخت کرتی دکھائی دے رہی ہیں۔ سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی تفصیلات کے مطابق شازیہ خشک عبایا اور حجاب میں ملبوس اپنے اسٹال پر سیرم، کریمیں، فیس واش، جیولری اور ہاتھ سے تیار کردہ ملبوسات سمیت مختلف مصنوعات فروخت کر رہی ہیں۔ ان کی نئی زندگی اور کاروباری سرگرمیوں نے مداحوں کو حیران کر دیا ہے۔
ایمن خان اور منیب بٹ کو برطانوی پارلیمنٹ میں خصوصی اعزاز سے نواز دیا گیا
شازیہ خشک نے موسیقی کی دنیا چھوڑنے کے فیصلے کے حوالے سے بتایا کہ ان کی زندگی میں یہ تبدیلی 2016 میں شروع ہوئی، جب ان کی ملاقات معروف نعت خواں اور سابق گلوکار جنید جمشید سے ہوئی۔ ان کے بقول انہوں نے لندن میں جنید جمشید سے موسیقی چھوڑنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا جس پر جنید جمشید نے انہیں کہا کہ ابھی ان کا وقت نہیں آیا اور جب اللہ کی طرف سے بلاوا آئے گا تو وہ خود یہ فیصلہ کر لیں گی۔ گلوکارہ کے مطابق 2016 میں جنید جمشید سے ان کی آخری ملاقات فارن آفس کے باہر ہوئی، جس کے چند روز بعد وہ عمرے کے لیے روانہ ہو گئیں، تاہم 10 تاریخ کو جنید جمشید کی شہادت کی خبر نے انہیں گہرے صدمے سے دوچار کر دیا۔ شازیہ خشک کا کہنا ہے کہ موسیقی کی دنیا میں کامیابی، شہرت اور بیرون ملک پرفارمنس کے باوجود انہیں اندرونی سکون حاصل نہیں تھا۔ انہوں نے بتایا کہ مسقط میں ڈاکٹروں کے ایک پروگرام، برونائی کے بادشاہ کے خاندان میں شادی اور دیگر بین الاقوامی تقریبات میں شرکت کی دعوتیں بھی ملتی رہیں، لیکن ان کا دل موسیقی سے اچاٹ ہو چکا تھا۔
مس یونیورس 2026 کے لیے 3 ہزار 150 ہیروں سے سجا تاج تیار
ان کے مطابق 2018 میں انہوں نے موسیقی کو مکمل طور پر خیرباد کہنے کا فیصلہ کیا اور گھر سے قرآن پاک لے کر اللہ پر بھروسہ کرتے ہوئے نئی زندگی کا آغاز کیا۔ اس وقت ان کے جڑواں بچے بھی ملک سے باہر تھے اور وہ گھر میں اکیلی تھیں۔ شازیہ خشک نے بتایا کہ بعد ازاں انہوں نے حج کی سعادت حاصل کی اور اپنی دوست زینب کے ساتھ شراکت داری میں کاروبار شروع کیا۔ ان کے مطابق اس سفر کو تقریباً آٹھ سال ہو چکے ہیں اور انہوں نے ٹی وی دیکھنا بھی چھوڑ دیا ہے۔ معروف گلوکارہ کا کہنا ہے کہ انہیں کاروبار کرنے کا حوصلہ حضرت خدیجۃ الکبریٰ رضی اللہ عنہا کی زندگی سے ملا، جو اسلام کی عظیم اور کامیاب تاجر تھیں۔ شازیہ خشک ماضی میں تقریباً 45 ممالک اور دنیا کے چھ براعظموں کا سفر کر چکی ہیں، تاہم اب وہ اپنی توجہ کاروبار اور دینی زندگی پر مرکوز کیے ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ان کے لیے اب اصل کامیابی اسٹیج، شہرت اور مقبولیت نہیں بلکہ اللہ تعالیٰ کی رضا حاصل کرنا ہے۔

