کوہاٹ یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی 19 سالہ طالبہ کی گھر میں پراسرار حالات میں موت نے طلبہ و طالبات میں تشویش کی لہر دوڑا دی ہے اور واقعہ کے پس منظر سے متعلق کئی سوالات اٹھا دیے ہیں۔ پولیس نے واقعے کو مبینہ خودکشی قرار دیا ہے تاہم طالبہ کی موت کی اصل وجوہات تاحال واضح نہیں ہو سکیں۔ سٹی پولیس سٹیشن ہنگو نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ملک آباد ہنگو سے تعلق رکھنے والی کوہاٹ یونیورسٹی کے شعبہ انگریزی کے تیسرے سمسٹر کی 19 سالہ طالبہ ساجدہ گھر میں مردہ پائی گئی۔پولیس کے مطابق متوفیہ کے والد نے اپنی رپورٹ میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ ان کی بیٹی تعلیم جاری رکھنا چاہتی تھی تاہم اسے مزید تعلیم حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جا رہی تھی
حوثیوں کے مسجد الحرام کے قریب 2 بیلسٹک میزائل حملے
جس پر بیٹی نے انتہائی قدم اٹھالیا۔دوسری جانب سوشل میڈیا پر مختلف دعوے سامنے آئے ہیں کہ طالبہ کو یونیورسٹی میں تعلیمی دباؤ کا سامنا تھا اور مبینہ طور پر اس کے گزشتہ اور موجودہ سمسٹر کے دوران ناجائزذرائع سے نقل کے کیسز بھی درج ہوئے تھے۔تاہم ان دعوؤں کی آزادانہ تصدیق نہیں ہو سکی اور نہ ہی یہ واضح ہے کہ مبینہ تعلیمی معاملات کا طالبہ کی موت سے کوئی تعلق تھا۔ پولیس یا یونیورسٹی کی جانب سے بھی ان دعوؤں کی تصدیق سامنے نہیں آئی۔واقعہ کے حوالے سے کوہاٹ یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی انتظامیہ سے مؤقف لینے کے لیے رابطہ کیا گیا تاہم خبر کی اشاعت تک انتظامیہ کی جانب سے نہ واقعے کی تفصیلات پر کوئی واضح بیان سامنے آیا اور نہ ہی سوشل میڈیا پر زیر گردش دعوؤں کی تصدیق یا تردید کی گئی۔
سپریم کورٹ نے ایمان مزاری کے خلاف ٹرائل سے متعلق اپیلیں غیر موثر قرار دے کر نمٹادیں
طالبہ کی المناک موت نے تعلیمی اداروں میں طلبہ کی ذہنی و جذباتی صحت، تعلیمی دباؤ، خاندانی فیصلوں اور لڑکیوں کے حصولِ تعلیم کے حق سے متعلق اہم سوالات کو جنم دیا ہے۔تعلیمی اور سماجی حلقوں میں اس بات کی ضرورت محسوس کی جا رہی ہے کہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا غیرجانبدارانہ جائزہ لیا جائے، متعلقہ شواہد کی روشنی میں اصل حقائق سامنے لائے جائیں اور طلبہ کو درپیش تعلیمی و نفسیاتی مسائل کے حل کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔فی الحال واقعہ کی حتمی وجوہات معلوم نہیں ہو سکیں۔
ایرانی فورسز نے جنوبی ساحل پر امریکی ایم کیو-1 ڈرون مار گرایا

