کوہاٹ کی تحصیل گمبٹ کے علاقے خوشحال گڑھ میں غیرقانونی سونے کی کان کنی کے خلاف آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے حملے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکار محمد شیراز کی شہادت نے ایک خاندان کی خوشیوں کو ماتم میں تبدیل کر دیا۔ 23 سالہ شیراز کی شادی محض پندرہ روز قبل ہوئی تھی اور اہل خانہ ابھی نئی نویلی دلہن کی آمد کی خوشیاں منا رہے تھے کہ اچانک اس کی شہادت کی خبر نے پورے خاندان کو غم میں ڈبو دیا۔دستیاب اطلاعات کے مطابق محمد شیراز ولد گل شاہ خان کا تعلق پستہ سنڈہ سے تھا اور وہ تقریباً تین سال قبل پولیس فورس میں بھرتی ہوا تھا۔ اس کی شادی 27 اکتوبر کو ہوئی تھی اور واقعے کے وقت وہ شادی کی چھٹیوں پر تھا تاہم ہنگامی صورتحال کے پیش نظر اسے ڈیوٹی کے لیے چوکی طلب کر لیا گیا جہاں وہ دہشت گردوں کے حملے میں شہید ہو گیا۔
ایرانی فورسز نے جنوبی ساحل پر امریکی ایم کیو-1 ڈرون مار گرایا
محمد شیراز کے چچا سید باز کے مطابق ان کا بھتیجا انتہائی خاموش طبع، خوش اخلاق اور ملنسار نوجوان تھا۔ وہ پانچ بھائیوں میں تیسرے نمبر پر تھا اور خاندان کا ایک اہم سہارا تھا۔انہوں نے کہا کہ شہادت کی اطلاع ملتے ہی پورا خاندان صدمے سے دوچار ہو گیا۔ چند روز قبل یہی لوگ شیراز کی شادی میں شرکت کرکے خوشیاں منا رہے تھے مگر قسمت نے انہیں دوبارہ اس کے جنازے میں جمع کر دیا۔محمد شیراز کی المناک شہادت نے نہ صرف اس کے خاندان بلکہ پورے علاقے کو سوگوار کر دیا ہے، جہاں ایک نئی زندگی شروع کرنے والا نوجوان وطن اور عوام کے تحفظ کی خاطر اپنی جان قربان کر گیا۔

