صدر مملکت آصف علی زرداری نے نوجوانوں پر زور دیا ہے کہ وہ علامہ اقبال کی شاعری سے تحریک حاصل کریں، تحقیق کا جذبہ پیدا کریں اور اپنی سوچنے سمجھنے کی صلاحیت کو بہتر بنائیں، ہمیں قومی خودداری کو پاکستان کو ترقی یافتہ اور مضبوط ملک بنانے کے لیے سخت محنت اور مساوات کے نظریہ کو روزمرہ زندگی میں انصاف کے عملی مظاہرہ میں تبدیل کرنے کی کوشش کرنی چاہئے ۔انہوں نے یہ بات شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کے 149ویں یوم ولادت کے موقع پر اپنے پیغام میں کہی جو 9نومبر کو منایا جا رہا ہے ۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کے 149ویں یوم پیدائش پر میں اپنے قومی شاعر کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں جن کے کلام نے برصغیر کے مسلمانوں کو ان کی عزت، حقوق اور اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنے کی طاقت کا احساس دلایا۔ علامہ اقبال نے برصغیر کے مسلمانوں کی امنگوں کو فکری رہنمائی دی۔ ان کی شاعری میں آزادی، مساوات اور باعزت زندگی کے حصول کی جدوجہد کا پیغام بھی موجود ہے جو پوری انسانیت کے لیے اہم ہے۔
ٹرمپ ہار گئے، مگر صدر برقرار رہیں گے، یاہو کا مستقبل بھی سوالیہ نشان بن گیا!
صدرمملکت نے کہا کہ علامہ اقبال نے ایک ایسے معاشرے کا خواب دیکھا جہاں دولت، مراعات اور خاندانی حیثیت کسی انسان کی قدر اور اسے ملنے والے مواقع کا فیصلہ نہ کریں ، ان کی شاعری نے استحصال کے خلاف آواز اٹھائی، غریبوں کو اپنے حقوق اور مقام کا احساس دلایا اور محنت کرنے والوں کی عزت و وقار کو اہمیت دی۔ انہوں نے عام لوگوں کو انسانیت کے روشن مستقبل کا مرکز قرار دیا، مساوات پر مبنی معاشرے کا ان کا تصور ہم سے تقاضا کرتا ہے کہ ہم ایسا پاکستان بنائیں جہاں مزدور کو اس کی محنت کا پورا معاوضہ ملے، کسان اپنی محنت کا پھل پائے اور ہر بچے کو خاندانی حالات، جنس یا مذہب سے قطع نظر تعلیم حاصل کرنے اور آگے بڑھنے کے یکساں مواقع میسر ہوں۔ صدر مملکت نے کہا کہ اس تصور کی بنیاد خودی ہے یعنی اپنی ذات میں اعتماد، زندگی کا واضح مقصد اور ذمہ داری کا احساس پیدا کرنا، خودی علم، محنت، ہمت اور مضبوط کردار سے پروان چڑھتی ہے۔ جو شخص اپنے عزت و وقار کا احساس رکھتا ہے، اسے دوسروں کی عزت کا بھی احترام کرنا چاہیے۔
پاکستان سے اب تک 28لاکھ ،پنجاب سے ڈیڑھ لاکھ افغان باشندے واپس
یہی اصول قوموں پر بھی لاگو ہوتا ہے۔ قومی خودداری کا تقاضا ہے کہ ہم آزادانہ فیصلے کرنے کی صلاحیت رکھیں، اپنی صلاحیتوں کو فروغ دیں اور دوسری قوموں کے ساتھ برابری اور باہمی احترام کی بنیاد پر تعلقات قائم کریں۔ صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ میرے نزدیک علامہ اقبال کے تصور پر عمل کرنے کا مطلب ایسا پاکستان بنانا ہے جہاں غربت کسی شہری کے عزت و وقار کو کم نہ کرے، کسی بچے کا مستقبل اس کے خاندان میں پیدائش کی وجہ سے محدود نہ ہو اور ہماری قوم دنیا کی دیگر قوموں کے درمیان اعتماد اور خودداری کے ساتھ اپنا مقام پیدا کرے۔ صدر مملکت نے کہا کہ علامہ اقبال کی شاعری میں ایشیا کے بیدار ہونے کا ایک طاقتور پیغام بھی موجود تھا۔ انہوں نے ایشیا کے عوام پر زور دیا کہ وہ محکومی سے نکلیں، اپنا اعتماد بحال کریں اور اپنے مستقبل کی تعمیر خود کریں۔ صدر مملکت نے کہا کہ جب ہم ایشیا کے نئے دور کے آغاز کی طرف دیکھتے ہیں تو اقبال کا یہ پیغام مزید اہمیت اختیار کر جاتا ہے۔ اس نئے دور کی کامیابی صرف معاشی ترقی تک محدود نہیں ہونی چاہیے بلکہ اس میں بھوک سے نجات، علم اور ترقی کے مواقع تک رسائی اور قوموں کی خودمختاری کا احترام بھی شامل ہونا چاہیے ، پاکستان کو تعلیم، سائنسی ترقی، علاقائی تعاون اور امن کے ذریعے اس خواب کو حقیقت بنانے میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ صدر مملکت نے کہا کہ عام لوگوں کو بااختیار بنانے کی جدوجہد ہماری سیاسی تاریخ کا مسلسل حصہ رہی ہے
دفاعی منصوبوں کے لیے 54 ارب روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ منظور
شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے ان لوگوں کی آواز بن کر ان کے حقوق کی بات کی جنہیں فیصلوں میں حصہ لینے اور آگے بڑھنے کے مواقع حاصل نہیں تھے۔ انہوں نے قومی زندگی میں ان کی شرکت کے حق کو تسلیم کیا۔ ہم اداروں کو مضبوط بنا کر، تمام شہریوں کے مساوی حقوق کا تحفظ یقینی بنا کر اور اس بات کو یقینی بنا کر کہ ترقی کے ثمرات زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچیں، اس جمہوری روایت کو آگے بڑھا سکتے ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ اس یوم اقبال پر میں نوجوانوں پر زور دیتا ہوں کہ وہ علامہ اقبال کی شاعری سے تحریک حاصل کریں، سوال کرنے اور تحقیق کرنے کا جذبہ پیدا کریں اور اپنی سوچنے سمجھنے کی صلاحیت کو بہتر بنائیں، آئیے ہم خودی کو علم پر مبنی اعتماد، قومی خودداری کو پاکستان کو ترقی یافتہ اور مضبوط ملک بنانے کے لیے سخت محنت اور مساوات کے نظریہ کو روزمرہ زندگی میں انصاف کے عملی مظاہرہ میں تبدیل کرنے کی کوشش کریں، اسی طرح ہم اقبال کو خراج عقیدت پیش کرسکتے ہیں اور پاکستان کے عہد کی تکمیل کرسکتے ہیں۔

