ضلعی انتظامیہ کوہاٹ نے غیر قانونی گولڈ پلیسر مائننگ اور سونے کی کان کنی کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی کرتے ہوئے 94 کلومیٹر طویل علاقے کو غیر قانونی کان کنی کی سرگرمیوں سے پاک کرنے کا بڑا دعویٰ کیا ہے۔ آپریشن کے دوران 21 افراد کو گرفتار کرکے جیل منتقل کر دیا گیاجبکہ غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث دیگر عناصر کے خلاف مقدمات درج کرنے کا عمل بھی جاری ہے۔ڈپٹی کمشنر کوہاٹ کے مطابق ضلعی انتظامیہ نے غیر قانونی گولڈ پلیسر مائننگ کے خلاف گرینڈ آپریشن کے دوران وسیع علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی کان کنی کی سرگرمیوں کا خاتمہ کیا ہے تاہم انتظامیہ کی جانب سے تاحال ان 94 کلومیٹر کے مخصوص علاقوں کی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں جہاں یہ کارروائی عمل میں لائی گئی۔
پولیس مقابلوں میں ہلاکتوں کی تحقیقات کیلئے تحریک التوا لانے کا فیصلہ
دوسری جانب ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کوہاٹ کی جانب سے جاری بیان میں دریائے سندھ کے کنارے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھی بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کی اطلاع دی گئی ہے۔ پولیس کے مطابق کارروائیوں کے دوران متعدد مشتبہ افراد کو گرفتار کرنے کے علاوہ ان کے مبینہ ٹھکانے مسمار اور نذر آتش کئے گئے۔ادھر شکردرہ کے علاقے رحمن آباد میں غیر قانونی گولڈ مائننگ کے لیے ڈیزل سپلائی کرنے میں مبینہ طور پر ملوث دو پولیس اہلکاروں وجاہت اور شاہ زیب کو ملازمت سے برخاست کر نے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں جبکہ تھانہ لاچی پولیس نے ڈیزل کی غیر قانونی ترسیل میں مبینہ طور پر ملوث جرما کوہاٹ کے رہائشی واجد ولد نورمت خان کو ایک پک اپ گاڑی سمیت گرفتار کر لیا۔ کارروائی کے دوران گاڑی میں رکھے گئے 1680 لیٹر ڈیزل سے بھرے آٹھ ڈرم بھی قبضے میں لے لیے گئے۔مزید برآں دو روز قبل تحصیل گمبٹ کے علاقے چورلکی میں مقامی افراد نے ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے خوشحال گڑھ کی حدود میں بلاک سی میں گولڈ پلیسر مائننگ کرنے والے غیر مقامی افراد کو کام بند کرنے پر مجبور کر دیا تھا۔
دشمن کے ریڈار کا سراغ لگانے والا امریکی جاسوس طیارہ برطانیہ پہنچ گیا
تاہم دوسری جانب زمینی صورت حال اس کے برعکس دکھائی دیتی ہے کیونکہ مقامی ذرائع کے مطابق کوہاٹ کے علاقہ شکردرہ رحمن آباد پر مشتمل سب سے بڑے ڈی بلاک میں سونے کی غیر قانونی کان کنی کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔اس صورت حال نے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے کئے گئے آپریشن اور غیر قانونی کان کنی کے مکمل خاتمے کے دعوؤں پر سوالات اٹھا دیے ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ متعلقہ ادارے کارروائیوں کے نتائج، کلیئر کئے گئے علاقوں کی تفصیلات اور غیر قانونی کان کنی کے مکمل خاتمے سے متعلق صورت حال کو واضح کریں تاکہ حکومتی اقدامات کے حقیقی اثرات کا اندازہ لگایا جا سکے۔

