خیبر پختونخوا میں نافذ ایمرجنسی کے دوران دفعہ تھری ایم پی او کے تحت گرفتار پی ٹی آئی شانگلہ کے 18 کارکن 16 روز کی مسلسل قانونی جدوجہد کے بعد سوات جیل سے رہا ہو گئے۔ کارکنوں کی رہائی کو ان کے اہل خانہ اور جماعتی حلقوں کے لیے اطمینان بخش پیش رفت قرار دیتے ہوئے انصاف لائرز فورم ملاکنڈ ڈویژن کی قانونی ٹیم، بالخصوص سابق امیدوار صوبائی اسمبلی صدر الرحمٰن ایڈووکیٹ کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا گیا ہے۔انصاف لائرز فورم مالاکنڈ ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق گرفتار کارکنوں کی رہائی کے لیے وکلا نے مسلسل قانونی جدوجہد کی اور مشکل وقت میں کارکنوں اور ان کے اہلِ خانہ کا ساتھ دیا۔ 16 روز تک جاری رہنے والی اس جدوجہد کے بعد 18 کارکنوں کی رہائی پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا گیا کہ کارکنوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے عملی طور پر کھڑا ہونا ہی حقیقی وابستگی اور قانونی ذمہ داری کا تقاضا ہے۔بیان میں صدر الرحمن ایڈووکیٹ کی خصوصی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا گیا کہ انھوں نے کارکنوں کی رہائی کیلئے بھرپور کوششیں کیں اور قانونی محاذ پر ان کا ساتھ دیا۔
امریکا نے 150 سے زائد افغانوں کو بذریعہ پاکستان ڈی پورٹ کرنے کا منصوبہ تیارکرلیا
اس موقع پر انصاف لائرز فورم ملاکنڈ ڈویژن کی پوری قانونی ٹیم، بالخصوص حق نواز ایڈووکیٹ، رحیم اللہ چترالی ایڈووکیٹ، کمال ایڈووکیٹ،صدر الرحمٰن ایڈووکیٹ اورجواد علی نور ایڈووکیٹ کی انتھک محنت اور قانونی خدمات کو بھی خراج تحسین پیش کیا گیا۔شانگلہ میں پی ٹی آئی کارکنوں کی گرفتاریاں خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ کے بعد سامنے آنے والی سیاسی و انتظامی صورت حال کے تناظر میں اہمیت اختیار کر گئی تھیں۔ ضلع میں پارٹی کے مختلف رہنماؤں اور کارکنوں کے خلاف دفعہ 3MPO کے تحت کارروائیوں کے دوران گرفتاریوں اور چھاپوں کا سلسلہ بھی خبروں کا حصہ رہا۔ ان کارروائیوں کے نتیجے میں متاثرہ خاندانوں کو اپنے پیاروں کی رہائی کیلئے قانونی راستہ اختیار کرنا پڑا۔اسی سلسلے میں پی ٹی آئی کے سابق امیدوار صوبائی اسمبلی اور سابق چیئرمین تحصیل کونسل پورن حاجی عبدالمولا خان کی گرفتاری بھی نمایاں رہی۔ ان کی گرفتاری کے بعد ضلع میں سیاسی سرگرمیوں، کارکنوں کی حراست اور قانونی کارروائیوں سے متعلق صورت حال پر توجہ مرکوز رہی۔ گرفتار کارکنوں کی رہائی کیلئے وکلا کی کوششیں اس پورے معاملے کا اہم پہلو بن کر سامنے آئیں۔18 کارکنوں کی رہائی کے بعد انصاف لائرز فورم ملاکنڈ ڈویژن نے قانونی جدوجہد میں حصہ لینے والے تمام وکلا، معاونین اور تعاون کرنے والے افراد کا شکریہ ادا کیا ہے۔
اسرائیلی فوج نے فلسطینیوں کے مزید گھر تباہ کرکے ہزاروں کو بے گھر کر دیا
فورم کی جانب سے کہا گیا کہ اس مشکل مرحلے میں قانونی ٹیم نے کارکنوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے اپنی ذمہ داریاں ادا کیںجس پر تمام متعلقہ افراد خراج تحسین کے مستحق ہیں۔بیان میں صدر الرحمن ا یڈووکیٹ ، ایڈووکیٹ حق نواز، ایڈووکیٹ رحیم اللہ چترالی، ایڈووکیٹ کمال اور ایڈووکیٹ جواد علی نور سمیت پوری قانونی ٹیم کی کوششوں کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی گئی کہ قانون اور آئین کے دائرے میں رہتے ہوئے شہریوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے ایسی کوششیں جاری رہیں گی۔کارکنوں کی رہائی کو ان کے اہل خانہ کیلئے خوشی اور اطمینان کا باعث قرار دیتے ہوئے دعا کی گئی کہ اللہ تعالیٰ تمام رہا ہونے والے کارکنوں کو سلامت رکھے،ان کے خاندانوں کو خوشیاں عطا فرمائے اور قانونی جدوجہد میں حصہ لینے والے تمام افراد کو جزائے خیر دے۔انصاف لائرز فورم ملاکنڈ ڈویژن نے اس موقع پر صدر الرحمٰن ایڈووکیٹ اور پوری قانونی ٹیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ کارکنوں کے قانونی حقوق کے تحفظ اور انصاف کے حصول کے لیے وکلا کا کردار بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔

