ٹریکنگ آئی ڈی گم ہوگئی یا یا ذہن سے نکل گئی تو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ، نادرا نے شناختی کارڈ کا اسٹیٹس معلوم کرنے کا آسان طریقہ بتا دیا۔نادرا پوڈ کاسٹ میں ایک شہری نے سوال کیا کہ ایسی ٹریکنگ آئی ڈی جس کا ٹوکن گم ہوجائے یا مٹ جائے یا پھر یاد نہ رہے تو ایسی صورت حال میں کیا کرنا ہوگا۔اس سوال کے جواب میں ترجمان نادرا سید شباہت علی نے بتایا کہ نادرا نے ٹریکنگ آئی ڈی گم ہونے، مٹ جانے یا یاد نہ رہنے کی صورت میں شہریوں کو شناختی کارڈ یا دیگر دستاویزات کی درخواست کا اسٹیٹس معلوم کرنے کا آسان طریقہ بتا دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر کسی شہری کی ٹریکنگ آئی ڈی ضائع ہوگئی ہو یا اسے یاد نہ ہو تو اسے پریشان ہونے کی ضرورت نہیں، شہری اپنا شناختی کارڈ نمبر سامنے رکھ کر نادرا کی موبائل ہیلپ لائن پر رابطہ کرسکتا ہے۔ترجمان نادرا کے مطابق موبائل فون سے 1777ڈائل کرکے کسٹمر سروس ایجنٹ سے بھی رابطہ کیا جاسکتا ہے
نادرا پاک آئی ڈی ایپ میں نئے زبردست فیچرز متعارف
کال موصول ہونے کے بعد شہری کو صرف اپنا شناختی کارڈ نمبر فراہم کرنا ہوگا اور بتانا ہوگا کہ اس نے کس دستاویز کے لیے درخواست دی تھی۔حکام کے مطابق شہری شناختی کارڈ، بچوں کے چائلڈ رجسٹریشن سرٹیفکیٹ ، فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ، نئی کاپی یا پاکستان اوریجن کارڈ سمیت کسی بھی متعلقہ دستاویز کی درخواست کا اسٹیٹس معلوم کرسکتا ہے۔نادرا ترجمان نے بتایا کہ نادرا کسی شہری کی تیار شدہ دستاویز ہمیشہ کے لیے محفوظ نہیں رکھ سکتا، درخواست دینے کے بعد تیار ہونے والا شناختی کارڈ یا متعلقہ دستاویز غیر معینہ مدت تک نادرا مرکز میں محفوظ نہیں رکھی جاتی، اگر شہری تین ماہ کے اندر اپنا کارڈ نادرا مرکز سے وصول نہیں کرتا تو اس کارڈ کو تلف کردیا جاتا ہے۔نادرا نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ شناختی کارڈ یا کسی بھی سرٹیفکیٹ کے لیے درخواست دینے کے بعد اسے جلد از جلد متعلقہ نادرا مرکز سے وصول کرلیں، تاکہ بعد میں غیر ضروری پریشانی سے بچا جاسکے۔

