ملک بھر میں 79واں جشن آزادی ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا،دن کا آغاز نماز فجر میں ملکی ترقی، یکجہتی، امن اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعا ئوں کیساتھ ہوا،وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21،21 توپوں کی سلامی دی گئی ، فضا اللہ اکبر کے نعروں سے گونج اٹھی،ملک بھر میں عام تعطیل رہی، سول و عسکری قیادت نے یومِ آزادی کے موقع پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے پاکستانیوں پر زور دیا کہ وہ جس بھی شعبے میں خدمات انجام دے رہے ہیں، ملک کی ترقی اور خوشحالی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ تفصیلات کے مطابق ملک میں جشن آزادی کے موقع پر رات 12 بجتے ہی ملک بھر میں یوم آزادی کا جشن منایاگیا، آتشبازی کا شاندار مظاہر ہ اور چراغاں کیا گیا، ملک کا ہر شہر ،ہر گلی،محلہ سبز ہلالی پرچم کے رنگوں میں رنگ گیا۔ سرکاری، نیم سرکاری، نجی عمارتوں کو برقی قمقموں سے خوبصورتی سے سجایا گیا۔
کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ اور ملتان سمیت ملک کے کونے کونے میں چراغاں اور آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا۔ یوم آزادی منانے شہری سڑکوں پرنکل آئے، جگہ جگہ جشن آزادی پر ریلیاں نکالی گئیں۔کراچی میں بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار پرگارڈ کی تبدیلی کی تقریب ہوئی۔پاکستان نیول اکیڈمی کے چاق و چوبند کیڈٹس نے اعزازی گارڈز کے فرائض سنبھالئے۔ ہر سال 14 اگست کو پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس یہ ذمہ داری سنبھالتے ہیں۔بانی پاکستان کے مزار پر پاک بحریہ کے اعزازی گارڈز میں 2 دستے شامل ہیں۔ اعزازی گارڈز کا ایک دستہ پاک بحریہ کے سیلرز جبکہ دوسرا دستہ پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس پر مشتمل ہے۔اعزازی گارڈ کی تعیناتی کی تقریب کے مہمان خصوصی کمانڈنٹ پاکستان نیول اکیڈمی ریئر ایڈمرل محمد عمیر نیمزارقائد پر پھولوں کی چادر رکھی اور فاتحہ خوانی کی۔ مزار قائد پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ پاکستان کو بنانے میں سندھ کا صف اول کا کردار ہے اور ہمیشہ رہے گا۔گورنر اور کابینہ کے ہمراہ مزار قائد پر حاضری دی ہے، پاکستان کی ترقی کیلئے دعائیں کی ہیں۔وزیراعلی سندھ نے کہا کہ 10 اکتوبر 1938 کو سندھ نے عیدگاہ میدان میں ایک قرارداد پیش کی
پاکستان بننے کے بعد دوبارہ قرارداد پیش کی، قائد اعظم کے اصولوں پر عمل پیرا رہیں اور سب متحد رہیں۔انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو ہماری جوہری طاقت کے بانی ہیں، انہوں نے شہادت قبول کی مگر گھٹنے نہیں ٹیکے، بینظیر بھٹو نے شہادت قبول کی مگر پاکستان کی سالمیت پر آنچ نہیں آنے دی۔مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو نے مشکل وقت میں وزارت خارجہ کی باگ ڈور سنبھالی، بھارت نے ہماری طرف میلی نظر سے دیکھا تو قوم متحد ہوگئی۔انہوں نے مزید کہا کہ نوجوانوں سمیت تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگ متحد رہیں، فلسطینیوں پر اسرائیل کے مظالم کی مذمت کرتا ہوں۔ یوم آزادی پرلاہور میں گریٹراقبال پارک اور لبرٹی چوک میں آتشبازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا۔شہریوں کی بڑی تعداد آزادی جشن منانے اور آتشبازی کا نظارہ کرنے کیلئے موجود تھی۔حیدرآباد میں بھی 12 بجتے ہی آزادی کا جشن منانے کے لئے جگی جگہ آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا جبکہ شہری جشن آزادی کو بھرپور انداز سے منانے کے لئے سڑکوں پر نکلے آئے۔ملتان میں بھی 14 اگست جشن آزادی کے سلسلے میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے گھنٹہ گھر چوک پر آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا ۔ شہریوں کی بڑی تعداد گھنٹہ گھر چوک پر پہنچ گئی۔

لاہور میں دن کے آغاز پر 21 توپوں کی سلامی دی گئی اور نماز فجر میں ملکی ترقی، یکجہتی،امن اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔کوئٹہ میں بھی یوم آزادی کے موقع پر دن کےآغاز پر کینٹ میں 21 توپوں کی سلامی دی گئی اور مساجد میں نماز فجرمیں ملک کی سلامتی کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ گلگت بلتستان اور مظفرآباد آزاد جموں و کشمیر میں بھی پاک فوج کے دستوں نے قومی روایت کے مطابق توپوں کی سلامی پیش کی۔یوم آزادی کے موقع پر ڈویژنل اور ضلعی ہیڈ کوارٹرز پر پرچم کشائی کی تقریبات منعقد گئیں۔ سرکاری اور نجی اسکولوں، ٹاون میونسپل دفاتر اور کئی سرکاری اداروں میں بھی پرچم کشائی اور جشن آزادی کی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ہر شہر اور قصبے کے گلی کوچوں میں ملی نغمے گونجتے رہے ، شہر شہر وطن کی محبت میں ریلیاں اور تقریبات کا انعقاد کیا گیا ۔ جہاں مقررین نے تحریک پاکستان کے جانثاروں کی لازوال قربانیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے آزادی کی اہمیت کو اجاگر کیا۔دریں اثنا صدر آصف علی زردار نے یومِ آزادی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ 14 اگست ان قربانیوں کو یاد کرنے کا دن ہے جن کی بدولت پاکستان معرض وجود میں آیا۔

انہوں نے قائداعظم محمد علی جناح، تحریک پاکستان کے رہنمائوں و کارکنوں اور وطن کے حصول کی جدوجہد میں اپنے گھر، تحفظ اور روزگار کی قربانی دینے والوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ معرکہ حق نے ثابت کیا پاکستان امن کا خواہاں اور اپنے دفاع کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے، پاکستان خطے میں کشیدگی کم کرنے اور علاقائی استحکام کے لیے کوششیں جاری رکھے گا۔صدر مملکت نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام سے یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کا حامی ہے۔انہوں نے کہا کہ افغانستان سے بھی باہمی احترام اور خودمختاری کی پاسداری کی توقع ہے، افغان سرزمین پاکستان سمیت ہمسایہ ممالک کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال ہونا افسوسناک ہے، پاکستان کی مسلح افواج مذموم عزائم کو شکست دینے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ اللہ تعالی کے فضل و کرم سے قومی ترقی اور خوشحالی کا سفر روشن مستقبل کی جانب تیزی سے جاری ہے، اگرچہ اس راستے میں کئی مشکلات بھی پیش آئیں۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ ڈھائی سال کے دوران حکومت پاکستان نے انتہائی مشکل حالات کا کامیابی سے مقابلہ کیا اور معاشی استحکام کا مقصد حاصل کیا۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کی بہادر مسلح افواج نے ہر مشکل وقت اور دشمن کے حملوں کے جواب میں ثابت کیا کہ مادر وطن کا دفاع ناقابل تسخیر ہے ۔
افواج پاکستان نے بھی قوم کو پاکستان کے 79ویں جشن آزادی کے پرمسرت موقع پر خصوصی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ تمام خطرات کے خلاف مادرِ وطن کے دفاع کے لیے غیر متزلزل عزم برقرار ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف،چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈمارشل، نیول چیف اور ائیرچیف نے قوم کو 79ویں جشن آزادی کی مبارکباد دی۔آئی ایس پی آر کے مطابق تمام خطرات کے خلاف مادرِ وطن کے دفاع کے لیے غیر متزلزل عزم برقرار ہے ،پاکستان کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے محافظ کی حیثیت سے مسلح افواج مادرِ وطن کے دفاع کے عزم کا اعادہ کرتی ہیں۔ ہ بانیانِ پاکستان کے وژن اور اصول قوم کو پاکستان کے نظریات اور اقدار کی پاسداری کیلئے مسلسل متاثر کرتے ہیں۔ قوم کے ساتھ متحد ہو کر مسلح افواج امن و استحکام کے تحفظ کیلئے ثابت قدم رہیں گی۔ مسلح افواج نے قوم کو اتحاد، قومی یکجہتی اور برداشت کے فروغ کا پیغام دیا اور غازیوں اور سابق فوجیوں کی خدمات کو سلام پیش کیا، شہدا کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے پاکستان کے یومِ آزادی کے موقع پر پاکستانی عوام کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے پاکستان اور امریکا کے درمیان دیرینہ شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
اپنے تہینیتی بیان میں امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان علاقائی ثالثی، معدنیات، توانائی اور انسدادِ دہشت گردی کے شعبوں میں تعاون جاری ہے، دونوں ممالک کے باہمی تعاون سے عوام کو حقیقی فوائد حاصل ہو رہے ہیں۔امریکی وزیر خارجہ نے پاکستان اور امریکا کی دیرینہ شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور امریکا ثقافتی ورثے کے تحفظ، تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں بھی باہمی تعاون کو فروغ دے رہے ہیں۔مارکو روبیو نے مزید کہا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان تعاون سے دونوں ممالک کے عوام کو حقیقی فوائد مل رہے ہیں، امریکا پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید آگے بڑھانے کے عزم پر قائم ہے۔پاکستان کی 79ویں یوم آزادی کے موقع پر پاکستان میں امریکی ناظم الامور نیٹلی اے بیکر اور روسی سفیر کی جانب سے مبارکباد پیش کی گئی۔پاکستان میں امریکی ناظم الامور نیٹلی اے بیکر اور پاکستان میں امریکی سفارتی مشن کی جانب سے پاکستانیوں کویومِ آزادی کی مبارکباد پیش کی گئی ہے۔اپنے پیغام میں امریکی سفارتخانے کی جانب سے کہا گیا ہیکہ پاکستان کے قیام کے بعد اسے تسلیم کرنے والے ابتدائی ممالک میں امریکا بھی شامل تھا۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ 80 برسوں میں پاکستان اور امریکا کی دوستی مزید مضبوط ہوئی ہے، پاکستانی عوام کے لیے امن، خوشی اور خوشحالی کی نیک تمنائیں ہیں۔ دوسری جانب روسی سفیر نے یوم آزادی کے موقع پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ قومی دن پاکستانی عوام کی جرات، غیر متزلزل عزم اور مضبوط قومی جذبے کا مظہر ہے، ہم مل کر باہمی افہام و تفہیم کو مزید مستحکم کریں گے
اور دونوں ممالک کے مفاد میں اپنی شراکت داری کو وسعت دیتے رہیں گے۔پاکستان میں متعین ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کے پرمسرت موقع پر حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے دونوں برادر ممالک کے درمیان تعلقات کی استواری اور ہمہ جہت تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔ایرانی سفیر نے یومِ آزادی کی مناسبت سے جاری خصوصی پیغام میں کہا کہ وہ اپنی، ایرانی حکومت اور عوام کی جانب سے دوست، ہمسائے اور برادر ملک اسلامی جمہوریہ پاکستان کی حکومت اور غیور عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔انہوں نے پاکستانی قوم کی غیر معمولی لچک، اتحاد اور شاندار کامیابیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دوستی، باہمی احترام اور تعاون کے تعلقات انتہائی قدر کے حامل ہیں۔ایرانی سفیر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کی اعلی قیادت کے پختہ ارادے اور مشترکہ کوششوں کے باعث پاک ایران تعلقات میں ایک نئے دور کا آغاز ہو چکا ہے، جو خطے میں امن، خوشحالی اور ہمہ جہت شعبوں میں تعاون کے نئے افق روشن کرے گا۔رضا امیری مقدم نے پاکستان کی مسلسل ترقی، امن، استحکام اور خوشحالی کے لئے دعا کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ دونوں عظیم قوموں کے درمیان دیرپا دوستی روز بروز مزید مضبوط ہوگی، انہوں نے دونوں ممالک کے عوام کے باہمی فائدے اور دوطرفہ روابط کو مزید فروغ دینے کیلئے اپنے غیر متزلزل عزم کا بھی اعادہ کیا۔ ملک کی سیاسی قیا دت نے یومِ آزادی کے موقع پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کی ہے ۔نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے یوم آزادی کے موقع پر قائداعظم محمد علی جناح اور تحریک پاکستان کے رہنمائو ں و کارکنوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے
کہ ان کی جرات، لگن اور بے شمار قربانیوں نے آزاد ریاست پاکستان کی بنیاد رکھی۔اپنے پیغام میں اسحاق ڈار نے کہا کہ آزادی کے بعد پاکستان نے مختلف شعبوں میں نمایاں پیشرفت کی ہے، آج ہم 25 کروڑ سے زائد آبادی پر مشتمل ایک باہمت اور ثابت قدم قوم ہیں، گزشتہ 8 دہائیوں کے دوران پاکستان نے عالمی سطح پر بھی اپنی حیثیت کو مضبوط کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ رواں سال سعودی عرب اور ترکیہ کے ساتھ تاریخی مکہ معاہدے پر دستخط کیے گئے، جو تزویراتی تعاون کو مزید گہرا کرنے کے مشترکہ عزم کا مظہر ہے، مکہ معاہدہ اجتماعی سلامتی کو مضبوط بنانے اور علاقائی امن و سلامتی کو درپیش بدلتے چیلنجز سے نمٹنے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔اسحاق ڈار نے کہا کہ ہم نے معرکہ حق کی پہلی سالگرہ بھی منائی اور بھارتی جارحیت کے خلاف پاکستان کے پرعزم اور کامیاب ردعمل کو یاد کیا، اس موقع پر پاکستان کی خودمختاری، سلامتی اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے عزم کی بھی تجدید کی گئی۔نائب وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ یوم آزادی ہمیں اپنے قومی عزم کی تجدید اور ملک کی ترقی، خوشحالی اور سلامتی کیلئے مل کر کام کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ فاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب نے کہاکہ آج ہم اپنے بزرگوں کی بصیرت اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں اور ایک مضبوط، خوشحال اور سب کو ساتھ لے کر چلنے والے پاکستان کی تعمیر کے عزم کی تجدید کرتے ہیں۔ اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ پاکستان آج نئے اعتماد کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے، معاشی استحکام مضبوط ہوا ہے، اصلاحات پالیسی سے عملدرآمد کی طرف بڑھ رہی ہیں، مالی اور بیرونی شعبے کے اشاریے بہتر ہو رہے ہیں
اور معیشت اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ استحکام اب ہماری بنیاد ہے، اب ہم ترقی کے اگلے مرحلے کی جانب بڑھ رہے ہیں جہاں ہماری توجہ معاشی ترقی کو تیز کرنے، سرمایہ کاری لانے، برآمدات بڑھانے، روزگار پیدا کرنے اور اپنے لوگوں کیلئے مزید مواقع پیدا کرنے پر ہے۔محمد اورنگزیب نے کہا کہ اس سفر کا مرکز ہمارے لوگ ہیں جو ہماری سب سے بڑی طاقت اور سب سے اہم سرمایہ ہیں، نوجوانوں، خواتین، کاروباری افراد، کسانوں، محنت کشوں، فری لانسرز، جدت لانے والوں اور کاروباری اداروں کو ہنر اور مواقع فراہم کرنا پاکستان کے روشن مستقبل کی بنیاد ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ہمارا مقصد واضح ہے کہ استحکام کو ترقی میں ، اصلاحات کو مواقع میں اور معاشی پیش رفت کو عوام کی بہتر زندگی میں بدلنا ہے۔انہوں نے کہا کہ ابھی بہت کچھ کرنا باقی ہے لیکن سمت واضح ہے، تسلسل، مشترکہ کوشش اور پاکستان کی صلاحیت پر یقین کے ساتھ ہم آج کی پیش رفت کو کل کی خوشحالی میں بدل سکتے ہیں، یومِ آزادی مبارک، پاکستان پائندہ باد!۔فاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات پروفیسر احسن اقبال نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ یومِ آزادی ہمارے لئے خوشی، شکرگزاری، فخر اور عزم کی تجدید کا دن ہے احسن اقبال نے کہا کہ آج کا دن اللہ تعالی کے حضور شکر بجا لانے اور قومی کامیابیوں پر خوشیاں منانے کا دن ہے،ہم معرکہ حق میں کامیابیوں پر اللہ تعالی کا شکر ادا کرتے ہوئے یومِ آزادی کا جشن منا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج ہمیں آزادی کی حفاظت کے ساتھ معرکہ معیشت میں بھی پاکستان کا لوہا منوانا ہے، ہمیں بحیثیت قوم متحد ہو کر معاشی میدان میں پاکستان کو ایک مضبوط اور باوقار ملک بنانا ہے،پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور معاشی خودمختاری کے لئے پوری قوم کو متحد ہو کر آگے بڑھنا ہوگا۔وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح اور علامہ محمد اقبال نے ایک آزاد اور خودمختار پاکستان کا خواب دیکھا، یومِ آزادی ہمیں قائداعظم محمد علی جناح اور علامہ محمد اقبال کی عظیم جدوجہد، بصیرت اور قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں قائداعظم کے اتحاد، ایمان اور تنظیم کے اصولوں کو اپنی قومی زندگی کا حصہ بنانا ہوگا، آج کے دن ہمیں عہد کرنا ہے کہ ہم پاکستان کو ایک مضبوط، خوشحال، خودمختار اور ترقی یافتہ ملک بنانے کے لئے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ آزادی کی حفاظت صرف سرحدوں پر نہیں، معاشی، علمی، سائنسی اور ٹیکنالوجی کے میدانوں میں کامیابی سے بھی ہوتی ہے۔
وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے یومِ آزادی کے موقع پر اہلِ وطن کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ہمیشہ زندہ باد، اور قوم کو آزادی کی خوشیاں مبارک ہوں۔ محسن نقوی نے کہا کہ 14 اگست ہماری درخشاں قومی تاریخ کا عظیم، یادگار اور ناقابلِ فراموش دن ہے۔ آزادی ہمارے بزرگوں کی عظیم جدوجہد اور بے مثال قربانیوں کا ثمر ہے، تحریکِ پاکستان کے رہنماں بالخصوص قائداعظم محمد علی جناح کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم تحریکِ پاکستان کے رہنماں کے احسانات تاقیامت نہیں اتار سکتی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بنیادوں میں لاکھوں شہدا کا خون شامل ہے اور ان لازوال قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں، دفاعِ وطن، قیامِ امن اور دہشت گردی کے خلاف جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے شہدا کو بھی سلام پیش کرتا ہوں۔محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ایمان، اتحاد اور تنظیم جیسے سنہری اصول پاکستان کی طاقت، پہچان اور بقا کی سب سے بڑی ضمانت ہیں، آج وطنِ عزیز کو اندرونی اور بیرونی چیلنجز کا سامنا ہے، جن سے نمٹنے کے لیے پوری قوم کا متحد ہونا ناگزیر ہے۔انہوں نے کہا کہ وطن کی خاطر ذاتی مفادات کو ترک کرکے صرف پاکستان کیلئے ایک ہونا ہوگا،
یہ وطن ہم سب پر قرض ہے اور اس قرض کو فرض سمجھ کر ادا کرنا ہوگا، پاکستان جیسا خوبصورت اور وسائل سے مالا مال ملک پوری دنیا میں نہیں، لیکن بدقسمتی سے ہم نے پاکستان کو ترجیح دینے کے بجائے باہمی اختلافات کو آگے بڑھایا۔انہوں نے زور دیا کہ اب وقت آگیا ہے کہ زبانی جمع خرچ کے بجائے پوری قوم یکجا ہو، صرف پاکستان کا سوچے اور پاکستان کیلئے آگے بڑھے، یومِ آزادی کا تقاضا ہے کہ ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھ کر وطنِ عزیز کے روشن مستقبل کے لیے مل کر کام کیا جائے۔انہوں نے اہلِ وطن کو ایک بار پھر یومِ آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ اتحاد، اخلاص اور قومی ذمہ داری کے ساتھ پاکستان کو مزید مضبوط اور خوشحال بنایا جائے گا۔ ادھر وزیر اعلی پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ آزادی کے دن ہر پاکستانی کو تعمیرِ وطن میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کے عزم کی تجدید کرنا ہوگی۔ یومِ آزادی کے موقع پر پاکستانی قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے مریم نواز نے کہا قائداعظم محمد علی جناح، علامہ محمد اقبال، محترمہ فاطمہ جناح اور تحریکِ پاکستان کے دیگر رہنمائوں ، قیامِ پاکستان، تعمیرِ پاکستان اور تحفظِ پاکستان کیلئے جدوجہد کرنے والے شہدا اور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور پاکستانی قوم کے ہر فرد کو سلام پیش کیا۔وزیراعلی پنجاب نے وطن کے دفاع کے لئے خدمات انجام دینے والی افواجِ پاکستان اور سرحدوں کی حفاظت پر مامور جانباز سپاہیوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔
مریم نواز شریف نے اساتذہ، طلبہ و طالبات، مزدوروں، کارکنوں اور محنت کشوں کو بھی یومِ آزادی کی مبارکباد دی، ان کا کہنا تھا کہ آزادی کے دن ہر پاکستانی کو تعمیرِ وطن میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کے عزم کی تجدید کرنا ہوگی، حکومت آنے والی نسلوں کو بہتر اور محفوظ پاکستان دینا چاہتی ہے، ان کے مطابق اگر ہر فرد اپنے حصے کا چراغ روشن کرے تو پورے وطن میں اجالا پھیل سکتا ہے۔وزیراعلی نے کہا کہ سوہنی دھرتی کو چار چاند لگانے کے لیے اخلاص اور احساسِ ذمہ داری ہی حقیقی حب الوطنی ہے، نوجوان نسل کے لیے یومِ آزادی مستقبل سے عہدِ وفا نبھانے کا دن ہے، وہ نوجوانوں کے ہاتھوں میں قلم، کتاب اور لیپ ٹاپ دیکھنا چاہتی ہیں، ان کے مطابق طلبہ کا دل لگا کر پڑھنا، اساتذہ کا دلجمعی سے پڑھانا، معالج کا احساسِ ذمہ داری اور تاجر کی دیانتداری بھی حقیقی حب الوطنی کے مظاہر ہیں۔ وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے واضح پیغام دیا ہے کہ پاکستان تاقیامت ہے اور رہے گا، کسی کا باپ پاکستان کو نہیں توڑسکتا۔ جشن آزادی کے حوالے سے پولو گرائو نڈ میں پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان میں ہماری تمام فورسز امن کیلئے قربانیاں دے رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہدا کو یاد کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے وطن کیلئے اپنا خون بہایا ، ایف سی ،پولیس اور سویلین سمیت تمام شہدا کو یاد کرتا ہوں ۔میر سرفراز بگٹی کا کہنا تھاکہ یہ ملک ہمیں بہت قربانیوں کے بعد نصیب ہوا
قربانیوں کا یہ سلسلہ اب بھی برقرار ہے ، بلوچستان میں ہماری تمام فورسز امن کیلئے قربانیاں دے رہی ہیں ،فورسز کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ، تمام شہدا کے لواحقین دکھی ہیں، بلوچستان کے عوام لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔انہوں نے کہاکہ کچھ لوگ مختلف پروپیگنڈے کے ذریعے صوبے کے نوجوانوں کو بہکا رہے ہیں ، بلوچستان کے نوجوان اب ان کی ہر چال کو سمجھ چکے ہیں۔ وزیراعلی بلوچستان نے کہا کہ پاکستان تاقیامت ہے اور رہے گا ، کسی کا باپ پاکستان کو نہیں توڑسکتا، ہم محب وطن پاکستانی تھے، محب وطن پاکستانی ہیں اور محب وطن پاکستانی رہیں گے۔ادھر گورنر ہائوہ س پشاور میں 79ویں یومِ آزادی کے موقع پر پروقار پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ تمام اہلِ وطن کو جشنِ آزادی کی دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں، اللہ تعالی کا شکر ہے کہ ہم ایک آزاد ملک میں آزادی کے ساتھ سانس لے رہے ہیں۔یوم آزادی کے موقع پر قائد جمعیت مولانا فضل الرحمان نے اپنے پیغام میں کہا کہ یومِ آزادی کے موقع پر ہمیں آزادی کے مقاصد کو بھی یاد رکھنا ہوگا، یومِ آزادی ہمیں دعوت دیتا ہے کہ ہم سوچیں، یہ آزادی کس قیمت پر حاصل کی گئی تھی؟۔ وزیراعلی خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے قوم کو پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کی دلی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ 14 اگست محض جشن کا دن نہیں بلکہ اپنے قومی عہد کی تجدید کا بھی دن ہے۔اپنے خصوصی پیغام میں وزیراعلی نے کہا کہ پاکستان لاکھوں قربانیوں اور طویل جدوجہد کے نتیجے میں وجود میں آیا، اس لیے آج ہمیں دیانت داری سے سوچنا ہوگا کہ کیا موجودہ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے خواب کا پاکستان ہے
سعودی ، پاکستان، ترکیہ دفاعی معاہدہ بھارت کیلئے دردسر بن گیا
آزادی کا مقصد صرف ایک جغرافیائی خطے کا حصول نہیں تھا بلکہ ایسا پاکستان تشکیل دینا تھا جہاں آئین اور قانون کی بالادستی ہو، ہر شہری کو مساوی حقوق حاصل ہوں اور آزادیِ اظہار کو تحفظ حاصل ہو۔انہوں نے کہا کہ آزادیِ اظہار پر قدغنیں قائداعظم کے وژن کے خلاف ہیں، جبکہ عوام کے مینڈیٹ اور بنیادی حقوق کا تحفظ ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے، پاکستان کو سیاسی، معاشی اور ادارہ جاتی بحرانوں سے نکالنے کے لیے بنیادی اصلاحات کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ حقیقی جمہوری احتساب، آزاد عدلیہ اور موثر ادارے وقت کی اہم ضرورت ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو عظیم اور حقیقی معنوں میں آزاد بنانا موجودہ نسل کی ذمہ داری ہے۔ آزادی، انصاف، عزت اور مساوات کو ریاستی نظام کی بنیاد بنانا ہوگا۔ سہیل آفریدی نے نوجوانوں کو پاکستان کی اصل طاقت قرار دیتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو انصاف، معیاری تعلیم، روزگار اور معاشی مواقع فراہم کرنا ہوں گے، نوجوانوں کے مستقبل سے متعلق فیصلوں میں ان کی حقیقی شمولیت بھی یقینی بنانا ہوگی۔ان کا کہنا تھا کہ اپنے اسلاف کی قربانیوں کو صرف تقاریر اور قومی دنوں تک محدود نہیں کرنا چاہیے بلکہ شہدا کی قربانیوں کو بامعنی اور نتیجہ خیز بنانا ہماری ذمہ داری ہے، مالی خودکفالت اور معاشی استحکام حقیقی قومی آزادی کے لیے ناگزیر ہیں، معاشی طور پر کمزور ملک اپنے فیصلوں میں مکمل طور پر خودمختار نہیں رہ سکتا۔انہوں نے کہا کہ شفاف حکمرانی اور ادارہ جاتی اصلاحات کے ذریعے پاکستان کو معاشی طور پر مضبوط بنانا ہوگا۔محمد سہیل آفریدی نے قوم پر زور دیا کہ یومِ آزادی کے موقع پر پاکستان کو قائداعظم کے وژن کے مطابق بنانے کے عزم کی تجدید کی جائے۔
انہوں نے تحریکِ آزادی اور ملکی دفاع کے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم آزادی، خودمختاری اور دفاع کے لیے جانیں قربان کرنے والے شہدا کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔دریں اثنا جے یو آئی کے امیر مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ 1947 میں اتحاد، تنظیم اور یقینِ محکم کی بنیاد پر پاکستان معرضِ وجود میں آیا۔ 1971 میں بنگلہ دیش کی صورت میں پاکستان کا اتحاد پارہ پارہ ہوگیا، ہمیں ایک قوم بن کر زندگی گزارنی تھی، 79 سال گزرنے کے باوجود ہم ایک قوم نہیں بن سکے۔ امیر جمعیت علمائے اسلام نے کہا کہ اتحاد کا تقاضا ہے کہ علاقائی، لسانی اور گروہی تقسیم سے بالاتر ہو کر پاکستانی قوم بن کر آگے بڑھیں، یقینِ محکم کا تقاضا یہ ہے کہ لا الہ الا اللہ کے نام پر اور اسلام و دین کے تصور کے تحت بننے والے پاکستان کے مقصد کو سمجھا جائے۔ آج سوال یہ ہے کہ کیا پاکستانی مسلمان اسلام اور اپنے دینی تشخص کے حوالے سے مطمئن ہیں؟ دوسری جانب وفاقی آئینی، چاروں ہائیکورٹس، سپریم کورٹ آزاد کشمیر میں پرچم کشائی کی تقاریب ہوئیں جن میں چیف جسٹسز نے خطاب کیا۔چیف جسٹس وفاقی آئینی عدالت امین الدین نے پرچم کشائی کی، ملک و قوم کی سلامتی کے لئے دعا کی گئی۔
خیبر پاس اکنامک کوریڈور پر 32کروڑ 69لاکھ روپے خرچ، منصوبہ 2029 میں مکمل ہوگا
چیف جسٹس آئینی عدالت امین الدین نے کہا کہ پاکستان بے پناہ قربانیوں کا ثمر ہے، ہمارے اجداد کی قربانیوں کو آنے والی نسلوں تک منتقل کرنا ہے، پاکستان کے پاس بے پناہ وسائل اور موثر نظام موجود ہے۔چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم نے عدالت عالیہ لاہور کی تاریخی عمارت پر پرچم لہرایا۔اس موقع پر چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم نے کہا کہ اللہ کے خاص کرم سے آج ہم اپنا 79 واں جشنِ آزادی منا رہے ہیں، وطن سے محبت ایمان کا حصہ ہوتا ہے۔، ہمارا فریضہ ہے کہ اس وطن کی سربلندی کیلئے دن رات محنت محنت کریں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کی عدلیہ بہترین انداز میں انصاف کی فراہمی کیلئے کوشاں ہے، کچھ سال پہلے تک زیرالتوا مقدمات کو نمٹانا ہمارے لئے بہت بڑا چیلنج تھا، لاہور ہائیکورٹ نے 2025 میں تاریخی طور پر 1 لاکھ 73 ہزار سے زائد مقدمات کے فیصلے کئے۔انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب کی ضلعی عدلیہ میں گزشتہ 2 سالوں میں 80 لاکھ سے زائد مقدمات کے فیصلے کئے، اتنی بڑی تعداد میں مقدمات کے فیصلے کرنا اتنا آسان نہ تھا، ہمارے ججز نے اس ملک و قوم کے لئے دن رات محنت کی۔چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ ظفر احمد راجپوت نے پرچم کشائی کی، سندھ ہائی کورٹ کے دیگر ججز اور وکلا کی بڑی تعداد تقریب میں شریک ہوئی۔چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ ظفر احمد راجپوت نے کہا کہ آج بانی پاکستان اور تحریک پاکستان کے اکابرین و کارکنان کی قربانی اور جدوجہد کو یاد رکھنے کا دن ہے
روپلو کولھی اور سوریہ بادشاہ جیسے آزادی کے متوالوں نے استعماریت کے خلاف لڑتے ہوئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ قوم تاقیامت شہدا کی مقروض رہے گی، یوم آزادی ایمان اتحاد اور نظم و ضبط کے ساتھ ملک کی ترقی کے لئے کام کرنے کی یقین دہانی کرواتا ہے، رنگ نسل اور زبان سے بالاتر ہوکر متحد رہنے کا درس دیتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ مضبوط معاشرے میں وکلا کا کردار مرکزی حیثیت رکھتا ہے، وکلا قانون کی بالادستی اور شہریوں کے حقوق کے ضامن ہوتے ہیں، مضبوط ترقی یافتہ معاشرے کی تشکیل میں آزاد اور منصفانہ عدلیہ کا کردار اہم ہے۔چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ نے کہا کہ آزاد عدلیہ معاشرے میں قانون کی حکمرانی کو یقینی بناتی ہے، بروقت اور سستے انصاف کی فراہمی معاشرے سے بے چینی کا خاتمہ ہوتا ہے، غیر جانبدارانہ فیصلے ملکی اور معاشرتی استحکام کی بنیاد فراہم کرتے ہیں۔مظفر آباد میں چیف جسٹس سپریم کورٹ جسٹس سعید اکرم نے پر چم کشائی کی، تقریب میں سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کے ججز نے شرکت کی۔چیف جسٹس راجہ سعید اکرم نے کہا کہ پاکستان ایک مضبوط ایٹمی دفاعی طاقت ہے، آزاد کشمیر میں مقبوضہ کشمیر کے مقابلے میں پاکستان نے بہت کچھ دیا، آزاد کشمیر میں جو بھی آزادی ہے وہ پاکستان کی وجہ سے ہے۔
ماہرینِ آثارِ قدیمہ نے مصر میں 3ہزار سال پرانا مقبرہ دریافت کرلیا
چیف جسٹس راجہ سعید اکرم نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں ایک لیفٹینٹ گورنر نے سب اختیارات اپبنے پاس رکھے ہیں، آزاد کشمیر میں پاکستان نے سپریم کورٹ ، ہائی کورٹ اور قانون ساز اسمبلی دی ہے۔چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ جسٹس کامران ملاخیل نے پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کے دن اللہ نے ہمیں آزادی جیسی نعمت سے نوازا، قوموں کی اصل قوت اتحاد و اتفاق میں ہے۔چیف جسٹس کامران ملاخیل نے کہا کہ لوگ عدالتوں میں انصاف کے لیے نہیں بلکہ ناانصافی ختم کرنے آتے ہیں، انصاف کو صرف عدالتوں تک محدود نہ کریں، زندگی کے ہر شعبے میں انصاف کو یقینی بنانا ہوگا۔کامران ملاخیل نے کہا کہ والدین، اولاد، رشتہ داروں، ہمسایوں اور ماتحتوں کے ساتھ انصاف کرنا ہماری ذمہ داری ہے، اگر ہم اپنی زندگی میں انصاف سے چلنے کا عہد کریں تو بہت سے مسائل خود بخود حل ہو سکتے ہیں، بہن بھائی جائیداد میں ایک دوسرے کا حق تسلیم کریں تو مقدمہ بازی کم ہو جائے گی۔جسٹس کامران ملاخیل نے کہا کہ افسران اپنے ماتحتوں کے ساتھ انصاف کریں تو وہ اپنے فرائض بہتر انداز میں ادا کر سکیں گے، جب لوگوں سے ناانصافی کا اندیشہ ختم ہوگا تو وہ اپنے فرائض احسن طریقے سے انجام دیں گے، ہمیں عہد کرنا ہوگا کہ ہم اپنی حالت بدلنے کے لیے عملی اقدامات کریں گے۔
پاکستان کے 1100 نوادرات کی بیرونِ ملک سے واپسی، نمائش کیلئے رکھ دیئے گئے

