Site icon bnnwatch.com

ارومچی اور پشاور کے درمیان سسٹر سٹی تعلقات کے 41 برس مکمل

ارومچی اور پشاور کے درمیان سسٹر سٹی تعلقات کے 41 برس مکمل

چین کے شہر ارومچی اور پاکستان کے شہر پشاور کے درمیان اسٹر سٹی تعلقات کے قیام کے 41 برس مکمل ہونے پر ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیاجس میں دونوں ممالک کے نمائندوں نے شرکت کی اور دوستی کے عزم کا اعادہ کیا۔چائنہ اکنامک نیٹ کے مطابق اس سال چین اور پاکستان کے سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ بھی منائی جا رہی ہے

1985 میں ارومچی اور پشاور باضابطہ طور پر بین الاقوامی سسٹر سٹی قرار پائے، جو سنکیانگ کیلئے اپنی نوعیت کا پہلا معاہدہ تھا، جس نے ارومچی کے بین الاقوامی روابط اور تعاون کے ایک نئے دور کا آغاز کیا۔ ارومچی کے میئر یعقوب پائیدولا نے اپنے خطاب میں کہا کہ سسٹر سٹی تعلقات کے قیام کے بعد سے دونوں شہروں کے درمیان حکومتی روابط، دوستانہ وفود کے تبادلے، اقتصادی و تجارتی میلوں (جیسے ارومچی تجارتی میلہ اور یوریشیا کموڈیٹیز ٹریڈ ایکسپو)، ثقافتی تبادلوں اور زبان سیکھنے کے شعبوں میں مفید تعاون جاری رہا ہے۔

انہوں نے کہاکہ ان کوششوں نے دونوں شہروں کے درمیان دوستی کو مزید مضبوط کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ مستقبل میں دونوں شہروں کے درمیان تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں، ارومچی، پشاور کے ساتھ مل کر حکومتی اداروں، پارلیمانوں اور خیر سگالی وفود کے درمیان روابط کو مزید فروغ دینے کے لیے تیار ہے۔ اس کے علاوہ معیشت و تجارت، زرعی سائنس و ٹیکنالوجی، بنیادی ڈھانچے، توانائی اور عوامی فلاح جیسے اہم شعبوں میں عملی تعاون کو بھی گہرا کیا جائے گا تاکہ دوستی اور تعاون کے ثمرات دونوں ممالک کے عوام تک بہتر انداز میں پہنچ سکیں۔

رپورٹ کے مطابق خیبر پختونخوا اسمبلی کے اسپیکر بابر سلیم سواتی نے اپنے خطاب میں کہا کہ چین اور پاکستان کی دوستی تاریخ، باہمی اعتماد اور احترام پر مبنی ہے۔دونوں ممالک کے خطے قدیم شاہراہِ ریشم کے ذریعے طویل عرصے سے ایک دوسرے سے جڑے رہے ہیں جس نے ثقافتی تبادلوں اور اقتصادی ترقی کے لیے پل کا کردار ادا کیا۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ پشاور اور ارومچی اس موقع کو دوستی کے فروغ، ترقی کے مشترکہ اہداف اور تعلیم، سائنس و ٹیکنالوجی، ثقافت، زراعت اور تجارت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے استعمال کریں گے۔

انہوں نے کہاکہ اس سے دوطرفہ تعلقات کو عملی تعاون کی روشن مثالوں سے مزید تقویت ملے گی اور چین پاکستان مشترکہ مستقبل کی حامل برادری کی تعمیر میں مدد ملے گی۔چائنہ اکنامک نیٹ کے مطابق تقریب کے اختتام پر دونوں جانب کے نمائندوں نے پاک چین دوستی ہمیشہ زندہ باد کے عنوان سے مشترکہ خطاطی پیش کی، یادگاری تحائف کا تبادلہ کیا اور ثقافتی پروگرام سے لطف اندوز ہوئے۔

 

مزید پڑھیں

ماڈل بننے کیلئے گھر سے نکلی انمول پنکی کوکین ڈیلر کیسے بنی؟

 
Exit mobile version