Skip to main contentSkip to footer

پشاور پریس کلب میڈیا کرکٹ لیگ، شاہین اور زلمی نے میچز جیت لئے

پشاور پریس کلب میڈیا کرکٹ لیگ، شاہین اور زلمی نے میچز جیت لئے

پشاور: پشاور پریس کلب کے زیراہتمام انجینئرنگ یونیورسٹی آف پشاور، ہوپ اور ڈی ایچ اے کے تعاون سے جاری گیارہویں یو ای ٹی میڈیا کرکٹ لیگ کے دوسرے روز دلچسپ مقابلوں کا سلسلہ جاری رہا، جہاں پی پی سی شاہین نے ایونٹ کا سب سے بڑا اپ سیٹ کرتے ہوئے مضبوط ٹیم پی پی سی قبائل کو پانچ وکٹوں سے شکست دے دی، جبکہ دوسرے میچ میں پشاور زلمی نے پی پی سی پینتھرز کو دس وکٹوں سے عبرتناک شکست سے دوچار کردیا۔ اس موقع پر خیبریونین آف جرنلسٹس کے صدر چیئر مین سپورٹس کمیٹی کاشف الدین سید ، سینئر صحافی شمیم شاہد ، پشاور پریس کلب کے سیکرٹری عالمگیر خان ، سینئر صحافی مصورقریشی مہمان خصوصی تھے ۔

پشاور پریس کلب میڈیا کرکٹ لیگ، شاہین اور زلمی نے میچز جیت لئے

جمخانہ کرکٹ گراونڈ پشاور میں کھیلے گئے پہلے میچ میں پی پی سی قبائل نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ آٹھ اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 99 رنز بنائے۔ شاہ فیصل نے 12 گیندوں پر چار چھکوں کی مدد سے 27 رنز، کامران علی نے دو چھکوں کی مدد سے 22 رنز جبکہ شاہد آفریدی نے 13 گیندوں پر دو چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست 20 رنز اسکور کیے۔ پی پی سی شاہین کی جانب سے عمران یوسفزئی، اسد صابری اور احسن نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ جواب میں پی پی سی شاہین نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 7.3 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 102 رنز بنا کر پانچ وکٹوں سے کامیابی حاصل کرلی۔ اسد صابری نے صرف 26 گیندوں پر آٹھ فلک بوس چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست 73 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی، جبکہ عمران یوسفزئی نے سات گیندوں پر دو چھکوں کی مدد سے 14 رنز بنائے۔ عدنان شاہد نے سات رنز اسکور کیے۔ پی پی سی قبائل کی جانب سے سجاد حیدر نے دس رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں، جبکہ کامران نے ایک وکٹ حاصل کی۔ شاندار بیٹنگ پر اسد صابری کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

پشاور پریس کلب میڈیا کرکٹ لیگ، شاہین اور زلمی نے میچز جیت لئے

دوسرے میچ میں پی پی سی پینتھرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ آٹھ اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 74 رنز بنائے۔ عالمگیر نے 12 گیندوں پر دو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 20 رنز جبکہ بصیر قلندر نے 18 گیندوں پر دو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 19 رنز اسکور کیے۔ خالد الرحمان نے سات، عدنان نے آٹھ، جاوید خان نے چار اور وسیم نے تین رنز بنائے۔ پینتھرز کو اضافی رنز کی مد میں 13 رنز بھی ملے۔ پشاور زلمی کی جانب سے اظہاراللہ، عبدالقیوم اور عصمت شاہ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ 75 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی کے بلے بازوں نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے صرف 3.2 اوورز میں بغیر کسی نقصان کے 75 رنز بنا کر دس وکٹوں سے شاندار کامیابی حاصل کرلی۔ زوار نے صرف دس گیندوں پر ایک چوکے اور چھ فلک بوس چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست 43 رنز بنائے، جبکہ زیشان کاکاخیل نے دس گیندوں پر پانچ چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست 31 رنز اسکور کیے۔ شاندار اور دھواں دار بیٹنگ پر زوار کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

اگلی پوسٹ
سرحد چیمبرکا قدرتی آفات سے متاثرہ کاروبار و صنعت کو ٹیکسوں میں چھوٹ دینے کا مطالبہ
پچھلی پوسٹ
یونیورسٹی آف لکی مروت میں5 روزہ گیمز ڈویلپمنٹ ہینڈز آن پریکٹس ورکشاپ اختتام پذیر