تھائی لینڈ میں مقابلہ حسن کے دوران امیدوار کے دانت گر گئے
تھائی لینڈ کے معروف مقابلہ حسن مس گرینڈ تھائی لینڈ کے دوران امیدوار کے دانت اسٹیج پر تقریر کے دوران گر گئے، تاہم امیدوار نے نہایت مہارت اور اعتماد کے ساتھ صورتِ حال کو سنبھال لیا۔مقابلے میں شریک امیدوار کمولوان چاناگو ابتدائی مرحلے میں اپنا تعارف پیش کر رہی تھیں کہ اسی دوران ان کے ڈینٹل وینیئرز اچانک نکل گئے،
جس سے چند لمحوں کے لیے اسٹیج پر خلل پیدا ہوا۔یہ منظر ججز اور براہِ راست موجود ناظرین کے سامنے پیش آیا، تاہم کمولوان چاناگو گھبراہٹ کا مظاہرہ کرنے کے بجائے پرسکون رہیں اور چند لمحوں کے لیے مڑیں، اپنے ڈینٹل وینیئرز درست کیے اور دوبارہ اعتماد کے ساتھ اپنی پرفارمنس جاری رکھی۔
ان کے اس پراعتماد اور پیشہ ورانہ رویے نے حاضرین کے دل جیت لیے اور ہال تالیوں سے گونج اٹھا۔انہوں نے بعدازاں ایوننگ گان میں پوز دیتے ہوئے کیمروں کے سامنے مسکراتے ہوئے اپنی پرفارمنس مکمل کی، گویا کچھ ہوا ہی نہ ہو۔واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی، جہاں صارفین نے دبائو کے باوجود ان کے حوصلے اور پیشہ ورانہ انداز کو سراہا۔
