اسلام آباد( آئی این پی) پاکستان سے غیر بنے ہوئے ملبوسات کی برآمدات مالی سال 2025-26 میں 3.9 فیصد بڑھ کر ریکارڈ 4.3 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں جس میں مردوں اور خواتین کے سوتی ٹرازرزکی برآمدات میں نمایاں اضافہ بنیادی محرک رہا، اگرچہ لباس کی بعض دیگر اہم اقسام کی برآمدات میں کمی ہوئی۔ویلتھ پاکستان کو دستیاب پاکستان ٹیکسٹائل کونسل کی سالانہ برآمدی کارکردگی رپورٹ پاکستان کی ٹیکسٹائل و ملبوسات کی برآمدات مالی سال 2025-26 کے مطابق چیپٹر 62 کے تحت آنے والے غیر بنے ہوئے یا بنے ہوئے ملبوسات کی برآمدات مالی سال 2024-25 کے تقریبا 4.13 ارب ڈالر سے بڑھ کر مالی سال 2025-26 میں 4.295 ارب ڈالر ہوگئیں۔رپورٹ کے مطابق غیر بنے ہوئے ملبوسات سال کے دوران قدر میں اضافے والی ٹیکسٹائل مصنوعات کی سب سے بہتر کارکردگی دکھانے والی قسم رہی جس نے ایسے وقت میں پاکستان کی مجموعی ٹیکسٹائل اور ملبوسات کی برآمدات کو سہارا دیا جب ملک کی مجموعی برآمدات میں کمی ریکارڈ کی گئی۔
چینی ڈیری ماڈل پاکستان کے لائیو اسٹاک شعبے کیلئے قابلِ غور مثال
اس اضافے میں سوتی ٹراوزر کا اہم کردار رہا۔ مردوں اور لڑکوں کی سوتی پتلون کی برآمدات 19 فیصد بڑھ کر 785 ملین ڈالر ہوگئیں جس کے باعث یہ غیر بنے ہوئے ملبوسات کی برآمدی فہرست میں سب سے بڑی مصنوعات میں شامل ہوگئی۔خواتین اور لڑکیوں کے شعبے میں اضافہ اس سے بھی زیادہ رہا۔ خواتین اور لڑکیوں کی سوتی پتلون کی برآمدات 54 فیصد اضافے کے ساتھ 392 ملین ڈالر تک پہنچ گئیں جو اس قسم کی مصنوعات کی عالمی منڈی میں خاصی مضبوط طلب کو ظاہر کرتی ہیں۔رپورٹ کے مطابق پتلون کی برآمدات میں اضافے کی وجوہات میں مصنوعات کا معیار، مختلف اقسام کی دستیابی اور پیداوار کے مختلف مراحل کو ایک ہی نظام میں شامل کرنا شامل ہیں۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ صنعت کار جو پیداوار کے مختلف مراحل کو باہم مربوط کرنے اور مصنوعات کی وسیع اقسام فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، خریداروں کی بدلتی ضروریات سے زیادہ فائدہ اٹھا رہے ہیں۔تاہم تمام ملبوسات کی مصنوعات کی کارکردگی یکساں نہیں رہی۔ غیر بنے ہوئے ملبوسات کی بعض اہم اقسام کی برآمدات میں سال کے دوران کمی ہوئی جس کے باعث مجموعی 3.9 فیصد اضافہ بڑی حد تک بہتر کارکردگی دکھانے والی مصنوعات، خصوصا پتلون کی برآمدات میں اضافے کا نتیجہ رہا۔امریکہ پینٹ اور ٹرازرز کی برآمدات میں اضافے کے حوالے سے ایک اہم منڈی بن کر سامنے آیا۔ مالی سال 2025-26 میں امریکہ کو پاکستان کی مجموعی ٹیکسٹائل اور ملبوسات کی برآمدات 4.768 ارب ڈالر سے بڑھ کر 4.853 ارب ڈالر ہوگئیں جبکہ 10 بڑی مصنوعات میں سے 7 کی برآمدات میں اضافہ ہوا۔
یورپی یونین کو پاکستان کی ٹیکسٹائل برآمدات کم ہو کر 7.1 ارب ڈالر رہ گئیں
امریکی منڈی میں مردوں اور لڑکوں کی سوتی پتلون کی ایک بڑی قسم کی برآمدات 42.2 فیصد بڑھ کر 147 ملین ڈالر سے 209 ملین ڈالر ہوگئیں جبکہ خواتین اور لڑکیوں کی سوتی پتلون کی برآمدات 75.8 فیصد اضافے کے ساتھ 87 ملین ڈالر سے بڑھ کر 153 ملین ڈالر ہوگئیں۔ان اضافوں نے لباس کی ایک دوسری بڑی قسم، یعنی مردوں اور لڑکوں کے سوتی ملبوسات کی برآمدات میں نمایاں کمی کے اثرات کو کسی حد تک کم کیا۔ امریکہ کو اس قسم کی مصنوعات کی برآمدات 23.8 فیصد کم ہوکر 643 ملین ڈالر سے 490 ملین ڈالر رہیں۔پاکستان کی سب سے بڑی ٹیکسٹائل منڈی یورپی یونین میں صورتحال ملی جلی رہی۔ مردوں اور لڑکوں کی سوتی پتلون کی ایک بڑی قسم کی یورپی یونین کو برآمدات 5 فیصد بڑھ کر 411 ملین ڈالر ہوگئیں جبکہ سوتی ملبوسات کی برآمدات 15.4 فیصد کم ہوکر 783 ملین ڈالر رہیں۔غیر بنے ہوئے ملبوسات کی مضبوط کارکردگی پاکستان کی ٹیکسٹائل برآمدات کے ڈھانچے میں آنے والی وسیع تر تبدیلی کو بھی ظاہر کرتی ہے۔ مالی سال 2025-26 میں ویلیو ایڈڈ ملبوسات اور گھریلو ٹیکسٹائل مصنوعات کا ٹیکسٹائل برآمدات میں حصہ بڑھ کر 83.2 فیصد ہوگیا جو مالی سال 2021-22 میں 77 فیصد تھا جبکہ خام مال اور درمیانی مصنوعات کا حصہ کم ہوکر 16.8 فیصد رہ گیا۔غیر بنے ہوئے ملبوسات کی برآمدات ریکارڈ 4.3 ارب ڈالر تک پہنچنے اور پتلون کی اہم اقسام کی برآمدات میں دو ہندسوں کی شرح سے اضافے کے باعث یہ شعبہ مالی سال 2025-26 میں پاکستان کی قدر میں اضافے والی ٹیکسٹائل برآمدات میں اہم کردار ادا کرنے والے شعبوں میں شامل ہوگیا۔
چین نے ایندھن کی برآمدات روک دیں، عالمی منڈی میں قیمتیں بڑھ گئیں

