فیصل آباد کی پہلی کامیابی، پشاور اور کراچی وائٹس کا میچ بارش کی نذر
اے بی ایس ڈویلپرز نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے پانچویں دن کھیلے گئے مقابلوں میں فیصل آباد ریجن نے بہاولپور کو شکست دے کر ٹورنامنٹ میں اپنی پہلی کامیابی حاصل کرلی جبکہ پشاور ریجن اور کراچی ریجن وائٹس کے درمیان میچ بارش کے باعث بغیر نتیجہ ختم ہوگیا اور دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ مل گیا۔
پہلے میچ میں بہاولپور کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور 19 اعشاریہ پانچ اوورز میں 158 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ بہاولپور کی جانب سے اوپننگ بلے باز محمد فیضان ظفر نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 27 گیندوں پر چار چوکے اور دو چھکے لگا کر 36 رنز اسکور کیے۔

درمیانی اوورز میں ٹیم کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تاہم دانیال حسین راجپوت اور محمد سرور آفریدی نے 91 رنز کے مجموعی اسکور پر پانچ وکٹیں گرنے کے بعد بالترتیب 25 اور 22 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کو سنبھالا دیا۔
فیصل آباد کی جانب سے فاسٹ باؤلر زمان خان نے عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے تین اعشاریہ پانچ اوورز میں 30 رنز دے کر تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ مومن قمر اور آفاق آفریدی نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
159 رنز کے ہدف کے تعاقب میں فیصل آباد کی ٹیم کو ابتدا میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور چوتھے اور پانچویں اوور میں دو وکٹیں گر گئیں، تاہم اوپننگ بلے باز عتیق الرحمن نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے شاندار 94 رنز کی اننگز کھیلی۔ انہوں نے 51 گیندوں پر 15 چوکے اور ایک چھکا لگایا اور ٹیم کو کامیابی کی راہ پر گامزن کیا۔
عتیق الرحمن نے محمد اویس ظفر کے ساتھ تیسری وکٹ کے لیے 91 رنز کی اہم شراکت بھی قائم کی۔ میچ کے اختتامی لمحات میں آصف علی اور محمد عرفان خان نے ایک ایک چھکا لگا کر بالترتیب 14 اور 11 رنز ناٹ آؤٹ بنا کر ٹیم کو فتح دلادی۔
بہاولپور کی جانب سے محمد باسط نے چار اوورز میں 23 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔

گروپ اے کی پوائنٹس ٹیبل میں کراچی وائٹس تین میچوں میں دو فتوحات کے ساتھ پانچ پوائنٹس حاصل کر کے پہلے نمبر پر موجود ہیں، جبکہ لاہور وائٹس دو میچوں میں دو کامیابیوں کے ساتھ چار پوائنٹس لے کر دوسرے نمبر پر ہیں۔ فیصل آباد ریجن تین میچوں میں دو پوائنٹس کے ساتھ تیسرے اور پشاور ریجن دو میچوں میں ایک پوائنٹ کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔

