Site icon bnnwatch.com

خیبرپختونخوا میں طوفانی بارش سے 2 افراد جاں بحق، 31 زخمی

خیبرپختونخوا میں طوفانی بارش سے 2 افراد جاں بحق، 31 زخمی

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے گزشتہ روز خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں آنے والی تیز آندھی، بارش اور آسمانی بجلی کے باعث ہونے والے جانی و مالی نقصانات کی رپورٹ جاری کر دی ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق تیز آندھی، بارش، آسمانی بجلی گرنے اور دیواروں و چھتوں کے منہدم ہونے کے مختلف واقعات میں 2 افراد جاں بحق جبکہ 31 زخمی ہوئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق جاں بحق افراد میں 2 مرد شامل ہیں جبکہ زخمیوں میں 7 خواتین، 16 مرد اور 8 بچے شامل ہیں۔ مختلف حادثات پشاور، چارسدہ، نوشہرہ اور بنوں اضلاع میں پیش آئے۔
پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں ضلعی انتظامیہ، ریسکیو اداروں اور متعلقہ محکموں کو الرٹ کر دیا گیا ہے جبکہ امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔ ادارے کی جانب سے تمام متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو متاثرین کو فوری ریلیف اور ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق صوبے میں بارشوں اور تیز ہواؤں کا سلسلہ 5 جون تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے، جس کے پیش نظر عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ ایمرجنسی آپریشن سینٹر مکمل طور پر فعال ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں رابطہ کر سکتے ہیں۔
پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، کمزور عمارتوں، بوسیدہ دیواروں اور بجلی کی تنصیبات سے دور رہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ حادثے سے بچا جا سکے۔

 

پشاورکے کئی علاقے طوفان کے 15 گھنٹے بعد بھی بجلی سے محروم
Exit mobile version