گزشتہ شب پشاور کے مختلف علاقوں میں آنے والی شدید آندھی اور طوفان کے باعث بجلی کا نظام بری طرح متاثر ہوا، جس کے نتیجے میں متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی تاہم 15 گھنٹے سے زائد وقت گزر جانے کے باوجود کئی علاقوں میں بجلی بحال نہ ہوسکی جس سے شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں۔
متاثرہ علاقوں کے مکینوں کا کہنا ہے کہ رات گئے آنے والے طوفان کے دوران متعدد فیڈرز ٹرپ کر گئے جبکہ بعض مقامات پر تاریں اور کھمبے بھی متاثر ہوئے۔ بجلی کی طویل بندش کے باعث شدید گرمی میں شہریوں کو سخت پریشانی کا سامنا ہے۔
شہریوں کے مطابق بجلی نہ ہونے سے گھروں میں پانی کی فراہمی بھی متاثر ہوگئی ہے ۔ بجلی کی عدم دستیابی کے باعث پانی کی شدید قلت پیدا ہوگئی ہے اور لوگوں کو پینے کے پانی سمیت روزمرہ ضروریات پوری کرنے میں دشواری کا سامنا ہے۔
متاثرہ علاقوں کے رہائشیوں نے شکایت کی ہے کہ بارہا شکایات درج کرانے کے باوجود بجلی کی بحالی کے حوالے سے کوئی واضح معلومات فراہم نہیں کی جا رہیں۔ شہریوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ بجلی کی فراہمی جلد از جلد بحال کی جائے تاکہ عوام کو درپیش مشکلات کا خاتمہ ہوسکے۔
دوسری جانب واپڈا اور پیسکو حکام کے مطابق طوفان کے باعث بجلی کے نظام کو مختلف مقامات پر نقصان پہنچا ہے اور فنی عملہ متاثرہ علاقوں میں بحالی کے کام میں مصروف ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ خرابیاں دور کرنے کے بعد مرحلہ وار بجلی کی فراہمی بحال کی جا رہی ہے۔
شدید گرمی اور حبس کے موسم میں طویل لوڈشیڈنگ کے باعث شہریوں میں بے چینی پائی جاتی ہے جبکہ متاثرہ علاقوں کے مکینوں نے بجلی کی فوری بحالی اور پانی کی فراہمی یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں
