کراچی میں طوفانی بارش سے ہلاکتوں کی تعداد19ہوگئی
کراچی میں موسلادھار بارشوں کے باعث مختلف حادثات میں 19افراد جان بحق جبکہ درجنوں افراد زخمی ہوگئے’ بارش کے بعد 200 سے زائد فیڈرز ٹرپ، شہر اندھیرے میں ڈوب گیا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں گزشتہ رات ہونے والی طوفانی بارش اور تیز ہوائوں نے شہر کا نظام زندگی بری طرح متاثر کر دیا۔ مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی جس سے سڑکیں زیر آب آ گئیں اور کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔
قائد آباد کی مجید کالونی میں گھر کی دیوار گرنے سے میاں بیوی جاں بحق ہوئے جبکہ ایک شخص زخمی ہوا۔ کورنگی ساڑھے تین میں گھر کی چھت گرنے سے خاتون جاں بحق ہوئی۔ جاں بحق خاتون کی شناخت پینتالیس سالہ شیتا کے نام سے ہوئی کورنگی پانچ نمبر میں درخت گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔ شاہ لطیف ٹان کے قریب آسمانی بجلی گرنے سے بھی ایک شخص کی جاں بحق، جبکہ گلستان جوہر کے حسین ہزارہ گوٹھ میں دیوار گرنے سے ایک بچہ جاں بحق ہوگیا۔
کلفٹن میں درخت گرنے سے ایک خاتون ہلاک ہوگئیں۔ بارش کے باعث شہر کے کئی اہم علاقوں جیسے صدر، آئی آئی چندریگر روڈ، گلشن اقبال، بہادرآباد، طارق روڈ، شاہراہ فیصل، یونیورسٹی روڈ اور دیگر علاقوں میں پانی جمع ہو گیا، جس سے ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی۔ تیز ہوائوں کے باعث کئی درخت جڑ سے اکھڑ گئے، سائن بورڈز گر گئے اور کچے مکانات کی چھتیں بھی اڑ گئیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سب سے زیادہ بارش کورنگی میں 55 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، جبکہ ماڑی پور میں 22، گلستان جوہر میں 13 اور کیماڑی میں 12 ملی میٹر بارش ہوئی۔ ائرپورٹ کے اولڈ ایریا، شارع فیصل اور سعدی ٹان میں نو نوملی میٹر، جناح ٹرمینل پر آٹھ ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔ دوسری جانب کراچی میں بارش کے بعد 200 سے زائد فیڈرز ٹرپ ہوگئے ہیں، شہر کے بیشتر علاقوں میں بجلی غائب ہوگئی۔
لیاقت آباد، لائنز ایریا، ماڑی پور روڈ، مچھر کالونی، گلشن معمار، نیو کراچی، سرجانی، قائدآباد، لانڈھی، ملیر، کورنگی، گارڈن ایسٹ اندھیرے میں ڈوب گئے۔بارش کے بعد کیماڑی کے بیشتر علاقے، کلفٹن بلاک 5، اسکیم 33، ملیر کینٹ، گلستان جوہر بلاک 41 اے، ٹیپو سلطان اور کراچی ریونیو سوسائٹی میں بھی بجلی معطل ہوگئی ۔ترجمان کے-الیکٹرک کے مطابق تیز ہوا اور بارش کے دوران برقی آلات کے استعمال میں احتیاط کریں، بارش اور کھڑے پانی میں برقی آلات کا غیر محفوظ استعمال حادثات کا سبب بن سکتا ہے۔
کے الیکٹرک ترجمان کے مطابق شہری ٹی وی، انٹر نیٹ کیبلز اور ٹوٹے ہوئے تاروں، بجلی تنصیبات سے محفوظ فاصلہ برقرار رکھیں، غیر قانونی ذرائع سے بجلی کا حصول اور کنڈے جان لیوا حادثات کا سبب بنتے ہیں۔
