اٹلی کا پاکستانی اسکلڈ لیبرکو ساڑھے 10ہزار ویز ے دینے کا اعلان
اٹلی کے وزیر داخلہ میٹیو پینٹینے کہاہے کہ لیگل مائیگریشن کیلئے پاکستانی اسکلڈ لیبرکو ساڑھے 10ہزار ویزے فراہم کریں گے،پاکستانی ڈپلومیٹک پاسپورٹ والوں کو ویزے سے استثنی دیں گے۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اطالوی وزیر داخلہ میٹیو پینٹے ڈوسی سے اہم ملاقات کی، جس میں پاکستان اور اٹلی کے درمیان داخلی سکیورٹی تعاون، غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام اور لیگل مائیگریشن کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ قانونی ہجرت کو فروغ دینے کیلئے پاکستان کی ہنرمند افرادی قوت کے لئے 10 ہزار 500 ورک ویزے جاری کیے جائیں گے۔اطالوی وزیر داخلہ نے کہا کہ دونوں ممالک لیگل مائیگریشن کے فروغ کیلئے باہمی تعاون میں اضافہ کریں گے اور مشترکہ مفادات کے شعبوں میں تعلقات کو مزید وسعت دی جائے گی۔میٹیو پینٹے ڈوسی نے محسن نقوی کے مطالبے پر پاکستانی ڈپلومیٹک پاسپورٹ رکھنے والوں کو اٹلی کے ویزے سے استثنی دینے پر بھی آمادگی ظاہر کی
اور کہا کہ اس معاملے پر قبل ازیں ہونے والی ملاقات میں بھی بات چیت ہوئی تھی۔ملاقات میں انسداد منشیات، انسانی سمگلنگ اور دہشت گردی کے خلاف تعاون کو مزید مثر بنانے پر بھی غور کیا گیا، دونوں وزرائے داخلہ نے غیر قانونی امیگریشن اور انسانی سمگلنگ کی روک تھام کے لیے جاری اقدامات کو سراہا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے اطالوی ہم منصب کو غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام کیلئے حکومت پاکستان کے موثر اقدامات سے آگاہ کیا اور بتایا ہے کہ ایئرپورٹس اور سمندری سرحدوں پر کڑی نگرانی کے باعث غیر قانونی امیگریشن میں نمایاں کمی آئی ہے۔اطالوی وزیر داخلہ کا غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام کیلئے پاکستانی وزارت داخلہ کی پالیسی کو سراہتے ہوئے کہنا تھا کہ انسانی سمگلنگ اور منشیات کے خلاف پاکستانی اداروں کی کامیابیاں قابل تحسین ہیں۔
ملاقات میں پنجاب پولیس کے افسران نے پولیس خدمت مراکز گلوبل کی افادیت پر بریفنگ دی، جسے اطالوی حکام نے سراہا۔اس موقع پر اٹلی میں پاکستان کے سفیر علی جاوید، ڈی جی ایف آئی اے ڈاکٹر عثمان انور، ایم ڈی پنجاب سیف سٹی اتھارٹی احسن یونس، سینئر پولیس افسران عابد خان اور سہیل چوہدری بھی موجود تھے۔

