ایران نے خلیجی ممالک پر 450 میزائلوں،1140ڈرونز سے حملے کیے
عرب میڈیا نے بتایا ہے کہ ایران کی جانب سے خلیجی ممالک پر 450 میزائلوں اور 1 ہزار 140 ڈرونز سے حملے کیے گئے۔ایرانی پاسداران انقلاب گارڈز کا کہنا ہے کہ بحرین کے علاقے شیخ عیسی میں امریکی فضائی اڈے پر بڑے پیمانے پر ڈرون اور میزائل حملہ کیا گیا ہے۔پاسداران انقلاب گارڈز نے کہا ہے کہ امریکی فضائی اڈے پر 20 ڈرون اور 3 میزائل داغے گئے، حملے میں امریکی ایئر بیس کی مرکزی کمانڈ اور ہیڈ کوارٹر کی عمارت کو تباہ کر دیا
اور اس کے ایندھن کے ٹینکوں کو آگ لگا دی۔ایران کے پاسدارانِ انقلاب (IRGC) کے ایک سینئر مشیر نے دعوی کیا ہے کہ آبنائے ہرمز کو بند کر دیا گیا ہے اور وہاں سے گزرنے کی کوشش کرنے والے ہر جہاز کو نشانہ بنایا جائے گا۔ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق ایرانی کمانڈر انچیف کے مشیر ابراہیم جباری نے کہا ہے کہ اگر کوئی جہاز آبنائے ہرمز سے گزرنے کی کوشش کرے گا تو ایرانی بحریہ اور پاسدارانِ انقلاب اسے تباہ کر دیں گے۔
واضح رہے کہ آبنائے ہرمز کا دنیا کی اہم ترین سمندری گزر گاہوں میں شمار ہوتا ہے جہاں سے عالمی تیل کی تقریبا 20 فیصد ترسیل کی جاتی ہے، ممکنہ بندش کے باعث عالمی توانائی منڈی میں شدید بے چینی پیدا ہو گئی ہے۔سیکریٹری جنرل ایرانی نیشنل سیکیورٹی کونسل علی لاریجانی کا کہنا ہے کہ ایران نے لمبی جنگ کی تیاری کر رکھی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم اپنی 6 ہزار سالہ تہذیب کا دفاع کریں گے، قیمت کچھ بھی ہو۔

