پشاور: پشاور پریس کلب اور یونیسف کے اشتراک سے بچوں کے عالمی دن کی مناسبت سے چاچا یونس فیملی پارک کے جوائے لینڈ میں گرینڈ فیملی فن فیئر کا انعقاد کیا گیا، جس میں صحافیوں، ان کے بچوں اور اہل خانہ سمیت تقریباً دو ہزار افراد نے شرکت کی۔ رنگا رنگ تفریحی سرگرمیوں، دلچسپ کھیلوں اور خصوصی تحائف سے سجی اس تقریب نے صحافی خاندانوں کو خوشگوار لمحات گزارنے کا موقع فراہم کیا۔ فیملی فن فیئر میں بچوں کے لیے میجک شو، فیس پینٹنگ، مضمون نویسی، خط نویسی، خاکوں، رنگا رنگ جھولوں اور مختلف تفریحی و تخلیقی سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیا تھا، جبکہ ننھے شرکاء میں خصوصی تحائف اور گفٹ ہیمپرز بھی تقسیم کیے گئے۔ شرکاء کے لیے خصوصی لنچ باکسز کا انتظام بھی کیا گیا تھا۔

یونیسف خیبرپختونخوا فیلڈ آفس کے چیف راڈوسلا رازک نے اپنے اسٹاف کے ہمراہ تقریب میں شرکت کی، جبکہ میڈیا کنسلٹنٹ فصیحہ شریف نے انتظامی امور میں اہم کردار ادا کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے راڈوسلا رازک نے بچوں کی تعلیم، صحت، تحفظ اور بہتر مستقبل کے لیے مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔ پشاور پریس کلب کے صدر ایم ریاض نے یونیسف کے تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کی خوشی، تعلیم اور تحفظ معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ جنرل سیکرٹری عالمگیر خان کا کہنا تھا کہ ایسی مثبت سرگرمیاں صحافیوں اور ان کے خاندانوں کے درمیان محبت، اپنائیت اور ہم آہنگی کو فروغ دیتی ہیں۔


چاچا یونس فیملی پارک کے چیف ایگزیکٹو اسماعیل خان نے مہمانوں کا استقبال کیا اور بہترین میزبانی کے انتظامات کیے۔ تقریب کے انعقاد میں سینئر صحافی شمیم شاہد کی رہنمائی، چیئرمین ٹور کمیٹی سیف الاسلام سیفی، ٹور کمیٹی اور انتظامی کمیٹی نے اہم کردار ادا کیا۔ تقریب میں پشاور پریس کلب کے نائب صدر ضیاء الحق سرحد، گورننگ باڈی کے اراکین، سینئر و نوجوان صحافیوں اور ان کے اہل خانہ نے بھرپور شرکت کی۔ اس موقع پر شرکاء نے تقریب کے انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ صحافی روزمرہ پیشہ ورانہ مصروفیات کے باعث اپنے خاندانوں کو کم وقت دے پاتے ہیں، ایسے پروگرام نہ صرف بچوں کو تفریح اور تخلیقی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع فراہم کرتے ہیں بلکہ صحافی خاندانوں کو ایک دوسرے کے قریب لانے اور باہمی روابط مضبوط بنانے میں بھی مددگار ثابت ہوتے ہیں۔ گرینڈ فیملی فن فیئر بچوں کے لیے خوشیوں، مسکراہٹوں اور یادگار لمحات سے بھرپور سرگرمی ثابت ہوا، جس نے بچوں کے عالمی دن کو صحافی برادری اور ان کے خاندانوں کے لیے ایک یادگار موقع بنا دیا۔
پشاورکے چڑیا گھر میں نایاب نسل کے شیر کے بچے بیمار
یونیورسٹی آف لکی مروت میں5 روزہ گیمز ڈویلپمنٹ ہینڈز آن پریکٹس ورکشاپ اختتام پذیر

