دنیا کی 500 بااثر مسلم شخصیات کی سالانہ فہرست دی مسلم 500 کے 2027 ایڈیشن میں وزیراعظم شہباز شریف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر کو مشترکہ طور پر پہلی پوزیشن دیدی گئی۔اس اعزاز میں سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز، ولی عہد محمد بن سلمان اور ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان بھی شامل ہیں۔ اردن کے رائل اسلامک اسٹریٹجک اسٹڈیز سینٹر (RISSC) کی جانب سے شائع کردہ اس فہرست کا 2027 ایڈیشن اس اشاعت کا اٹھارہواں سالانہ ایڈیشن ہے، جس میں اس مرتبہ پہلی بار 5 عالمی رہنمائوں کو مشترکہ طور پر سرفہرست رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
خطے میں قیام امن کی کوششیں تیز، فیلڈ مارشل کی تجویز پر تہران میں اجلاس
اس تازہ اشاعت میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کی قیادت کو ایک مشترکہ دفاعی اور تزویراتی تعاون کے تناظر میں نمایاں کیا گیا ہے۔فہرست میں وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کو پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت کی حیثیت سے اس مشترکہ طور پر اعزاز میں شامل کیا گیا ہے، سعودی عرب کی جانب سے شاہ سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان جبکہ ترکیہ کی جانب سے صدر رجب طیب اردوان کو بھی اسی پوزیشن پر جگہ دی گئی ہے۔اشاعت کے خصوصی مضمون جوائنٹ نمبر ون میں ادارے نے اس فیصلے کی بنیادی وجہ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کو قرار دیا ہے۔7 اگست 2026 کو طے پانے والے اس معاہدے نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان اجتماعی دفاعی تعاون کے نئے امکانات پیدا کیے ہیں، ادارے نے ان ممالک کی عسکری صلاحیت، مالی وسائل اور دفاعی ٹیکنالوجی کو باہمی تعاون کے اہم پہلوئوں کے طور پر بیان کیا ہے۔ پاکستانی قیادت کے حوالے سے اس اشاعت میں وزیراعظم شہباز شریف کے سیاسی کردار اور معاہدے کے لیے ضروری حکومتی و انتظامی اقدامات کا ذکر کیا گیا ہے، جبکہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کے بارے میں پاکستان کی عسکری صلاحیت اور دفاعی تعاون میں ان کے کردار کو نمایاں کیا گیا ہے۔
فرقہ وارانہ بیانیہ روکنے کیلئے علما ء کردار ادا کریں’ فیلڈ مارشل
معروف عالم دین مفتی محمد تقی عثمانی ساتویں پوزیشن پر ہیں۔وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو دنیا کی 500 بااثر مسلم شخصیات کی فہرست میں نمایاں مقام ملنے پر فخر اور مسرت کا اظہار کیا ہے۔وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو 500 با اثر مسلم شخصیات میں نمایاں مقام ملنے پر اظہارِ فخرکرتے ہوئے کہاہے کہ یہ پاکستان کے بڑھتے ہوئے وقار کا مظہر ہے۔ طارق فضل چوہدری نے کہاکہ محمد بن سلمان اور رجب طیب اردوان جیسی عالمی شخصیات کے ہمراہ پاکستانی قیادت کی شمولیت بڑا اعزاز ہے، 500 با اثر مسلمان شخصیات میں اہم مقام ملنا پاکستان کی سفارتی اہمیت میں اضافے کی عکاسی ہے۔ طارق فضل چوہدری نے مزیدکہاکہ یہ عالمی سطح پر پاکستان کے مضبوط تشخص اور قیادت پر بڑھتے ہوئے اعتماد کا اظہار ہے،پوری قوم کو اپنی قیادت پر فخر ہے۔
چھوٹے ہتھیاروں پر عبور حاصل کرنا بنیادی فوجی تربیت کا لازمی جز ہونا چاہیے،فیلڈ مارشل

