پشاور: جماعت اسلامی ضلع پشاور کے نومنتخب امیر عتیق الرحمن نے ضلعی سیکرٹریٹ محلہ اسلام آباد، نشترآباد چوک پشاور میں سابق امیر ضلع بحراللہ خان ایڈوکیٹ کی زیر صدارت منعقد اجتماع میں جماعت اسلامی خیبرپختونخوا وسطی کے امیر عبدالواسع کے روبرو اپنے عہدہ امارت کا حلف اٹھالیا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا وسطی کے نائب امراء مولانا ڈاکٹر محمد اسماعیل مولانا ڈاکٹر ہدایت اللہ حاجی محمد اسلم،ضلعی جنرل سیکرٹری ہدایت اللہ،ضلعی ترجمان طارق متین سمیت دیگر قائدین بھی موجود تھے۔ اجتماع سے صوبائی امیر عبدالواسع نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی نے 25 کروڑ عوام کو ریلیف کی فراہمی کے لیے پیٹرولیم لیوی کے ظالمانہ بھتہ ٹیکس کے خلاف گزشتہ ماہ ملک گیر تحریک کے دوران اسلام آباد کی جانب مارچ کو وزیراعظم کی جانب سے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی یقین دہانی پر مؤخر کیا تھا
عوامی احتجاج نہ ہونا پی ٹی آئی کے دعوؤں پر بڑا سوالیہ نشان ہے، لیاقت بلوچ
وزیراعظم اور امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کے درمیان ملاقات کے بعد حتمی مزاکرات ہو گئے ہیں اگر اب بھی حکومت نے اپنے وعدے کے مطابق ظالمانہ لیوی ٹیکسز ختم نہ کیے تو جماعت اسلامی، امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی کال پر نومبر کے وسط میں ملتان سے اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کا دوبارہ آغاز کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت گیس اور بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ ایسے حالات میں قیامِ امن کے وعدوں اور دعوؤں کے زریعے گورنر راج نافذ کیا گیا ہے لیکن گورنر راج کی آڑ میں صوبے کے برسرِ اقتدار حکمرانوں نے اپنا اصل کام چھوڑ رکھا ہے اور صوبہ بھر میں تجاوزات کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن کے ذریعے تاجروں، دکانداروں اور پہلے سے پریشان حال غریب عوام کے لیے مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ تجاوزات کے خلاف کاروائیوں کی آڑ میں صوبہ بھر کے عوام کی املاک کو پہنچنے والے نقصانات کا فوری ازالہ کیا جائے اور متاثرین کو فی الفور معاوضوں کی ادائیگی یقینی بنائی جائے۔

