خیبر پختونخوا میں ڈینگی وائرس کے پھیلائو میں مزید اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 88 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد صوبے میں رواں سال ڈینگی سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 4,983 ہوگئی ہے، جبکہ کوہاٹ 2,896 کیسز کے ساتھ صوبے کا سب سے زیادہ متاثرہ ضلع بن گیا ہے۔محکمہ صحت کے پیر کو جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق پشاور میں اب تک ڈینگی کے 640، ضلع خیبر میں 430 اور بنوں میں 192 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔ صوبے بھر میں اب تک 4,805 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں، جبکہ 177 کیسز فعال ہیں۔ ان میں کوہاٹ کے 127 فعال کیسز شامل ہیں۔
خیبرپختونخوا صحت کارڈ پلس پروگرام میں مالی بے ضابطگیاں، سابق سربراہ طلب
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ٹانک کے ایک رہائشی کی ڈینگی کے باعث مفتی محمود میموریل ٹیچنگ ہسپتال ڈیرہ اسماعیل خان میں ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے۔ تاہم غیر سرکاری اعداد و شمار میں رواں سال صوبے میں ڈینگی سے ہونے والی مجموعی اموات کی تعداد 9 بتائی گئی ہے، جس کی آزادانہ تصدیق نہیں ہوسکی۔ ان اطلاعات میں کوہاٹ کے تین شہریوں کی ہلاکت کا دعوی بھی شامل ہے۔رپورٹ کے مطابق اکتوبر کے دوران کوہاٹ میں اب تک ڈینگی کے 1,304 کیسز رپورٹ ہوئے، جبکہ ضلع خیبر میں 329 اور پشاور میں 283 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ بعض ذرائع کے مطابق کوہاٹ میں ڈینگی سے متاثرہ افراد کی تعداد سرکاری اعداد و شمار سے زیادہ ہوسکتی ہے، کیونکہ بعض مریض مبینہ طور پر نجی ہسپتالوں اور گھروں میں زیر علاج ہیں۔

