Skip to main contentSkip to footer

سیالکوٹ اور ملتان نے میدان مارلیا، اسامہ میر کی ریکارڈ باؤلنگ

Usama Mir Record Bowling

سیالکوٹ اور ملتان نے میدان مارلیا، اسامہ میر کی ریکارڈ باؤلنگ

اے بی ایس ڈویلپرز نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے چھٹے روز سیالکوٹ ریجن اور ملتان ریجن نے اپنے اپنے میچز بڑے مارجن سے جیت لیے۔

جمعرات کو کھیلے گئے پہلے میچ میں سیالکوٹ نے دفاعی چیمپئن لاہور بلوز کو 110 رنز سے شکست دے دی۔ لاہور بلوز 211 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 14 اعشاریہ دو اوورز میں صرف 100 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

سیالکوٹ کے کپتان اور لیگ اسپنر اسامہ میر نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 اعشاریہ 2 اوورز میں صرف 8 رنز دے کر 6 وکٹیں حاصل کیں۔ اس کارکردگی کے ساتھ انہوں نے پاکستان میں ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی بہترین باؤلنگ اسپیل کا ریکارڈ بھی قائم کر دیا۔ سیالکوٹ کی جانب سے سفیان مقیم نے تین اوورز میں دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

میچ کے آغاز میں لاہور بلوز نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا۔ سیالکوٹ کی جانب سے عبداللہ شفیق نے 31 گیندوں پر 57 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی جس میں چھ چوکے اور تین چھکے شامل تھے۔ انہوں نے حسن نواز کے ساتھ تیسری وکٹ کے لیے 80 رنز کی اہم شراکت بھی قائم کی۔

حسن نواز نے 28 گیندوں پر تین چوکے اور دو چھکے لگا کر 41 رنز بنائے۔ اننگز کے اختتام پر احسن حفیظ بھٹی نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 17 گیندوں پر پانچ چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست 47 رنز اسکور کیے۔

Usama Mir Record Bowling

محسن ریاض نے 26 گیندوں پر 30 رنز بنائے جبکہ محسن ریاض اور احسن حفیظ بھٹی نے پانچویں وکٹ کے لیے 76 رنز کی شراکت قائم کی۔ لاہور بلوز کی جانب سے محمد رضوان اور حنین شاہ نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

دوسرے میچ میں ملتان ریجن نے کراچی بلوز کو 74 رنز سے شکست دے دی۔ ملتان کے کپتان امام الحق نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 71 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر ٹیم کا مجموعی اسکور مقررہ 20 اوورز میں 201 رنز تک پہنچایا۔

امام الحق نے 40 گیندوں پر نو چوکے اور دو چھکے لگائے۔ اوپننگ بلے باز محمد نعیم نے 25 گیندوں پر سات چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 39 رنز بنائے۔ دونوں بلے بازوں نے 6 اعشاریہ 2 اوورز میں ٹیم کو 70 رنز کا جارحانہ آغاز فراہم کیا۔

بسم اللہ خان نے 23 گیندوں پر دو چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 34 رنز بنائے جبکہ وسیم اکرم جونیئر نے آٹھ گیندوں پر تین چوکے اور ایک چھکا لگا کر 22 رنز کی تیز اننگز کھیلی۔ کراچی بلوز کی جانب سے شاہ نواز دھانی نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

ہدف کے تعاقب میں کراچی بلوز کی بیٹنگ لائن ابتدا ہی میں دباؤ کا شکار ہوگئی اور ٹیم کی پانچ وکٹیں 7 اعشاریہ 4 اوورز میں 56 رنز پر گر گئیں۔ اوپنر احسان علی 20 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جس میں دو چھکے اور ایک چوکا شامل تھا۔

عثمان خان اور مہران ممتاز نے چھٹی وکٹ کے لیے 48 رنز کی شراکت قائم کر کے مزاحمت کی کوشش کی۔ عثمان خان نے 23 گیندوں پر چار چوکے اور دو چھکے لگا کر 43 رنز بنائے جبکہ مہران ممتاز نے 10 گیندوں پر دو چھکوں کی مدد سے 19 رنز اسکور کیے۔ ملتان کی جانب سے فاسٹ باؤلر محمد اسماعیل نے تین جبکہ عرفات منہاس نے دو وکٹیں حاصل کیں

فیصل آباد کی پہلی کامیابی، پشاور اور کراچی وائٹس کا میچ بارش کی نذر

Next Post
شادی شدہ خواتین کے پاسپورٹ سے متعلق حکومت کا بڑا فیصلہ
Previous Post
پشاور میں امریکی قونصل خانہ مستقل طور پر بند کرنیکا فیصلہ