امریکہ نے ایران میں پاسداران انقلاب کا ہیڈکوارٹر مکمل تباہ کردیا
امریکی سینٹ کام کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایران پر حملوں میں پاسداران انقلاب کا ہیڈکوارٹرز مکمل طور پر تباہ کردیا گیا ہے۔
امریکی سینٹ کام نے کہا ہے کہ امریکا کے پاس دنیا کی طاقتور فوج ہے، پاسداران انقلاب کا اب کوئی ہیڈکوارٹر نہیں، پاسداران انقلاب کا ہیڈکوارٹرز مکمل تباہ کردیا گیا، گزشتہ 47 سال میں پاسداران انقلاب نے ایک ہزار سے زائد امریکی اہلکار ہلاک کیے۔ سینٹ کام نے ایران میں نشانہ بنائے جانے والے اہداف سے متعلق بتایا کہ امریکی فوج نے ہفتے سے اب تک ایک ہزار سے زائد ایرانی اہداف کو نشانہ بنایا۔
امریکی سینٹ کام نے مزید کہا کہ گزشتہ رات ایران کی بیلسٹک میزائل اثاثوں کو بھی تباہ کیا گیا، 2 ہزار پاؤنڈ کے بی ٹو اسٹیلتھ بموں سے اثاثوں کو نشانہ بنایا گیا۔
ایران کے دارالحکومت تہران میں دوبارہ دھماکے سنے گئے ہیں، اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا کہ نئے حملوں میں ایرانی ملٹری کمانڈ سینٹرز کو نشانہ بنایا ہے، پاسداران انقلاب کے ہیڈکوارٹرز پر بھی بمباری کی گئی۔
اسرائیلی فوج نے کہا کہ درجنوں ایرانی ملٹری کمانڈ سینٹرز کو نشانہ بنایا گیا ہے جب کہ پاسداران انقلاب کے ایئرفورس کمانڈ سینٹر کو نشانہ بنایا گیا ساتھ ہی ایران میں وزارت داخلہ کے ہیڈکوارٹرز پر بھی نئے حملے کیے گئے ہیں۔
