ترلائی میں حملہ کرنیوالے خودکش بمبار کا تعلق پشاور سے نکلا، 4 ساتھی گرفتار
اسلام آباد کے علاقہ ترلائی میں نماز جمعہ کے دوران امام بارگا ہ کے مرکزی دروازے پر خود کش حملہ کرنیوالے حملہ آور یاسر کا تعلق پشاور سے نکلا ، جس کے 4 ہینڈلرز کو پشاور میں کارروائی کرتے ہوئے حراست میں لے لیا گیا ہے۔ خود کش حملہ آور کا تعلق پشاور کے علاقہ گنج سے ہے جبکہ اس نے عسکریت پسندی کی تربیت افغانستان میں حاصل کی ہے دو فروری کو بھی حملہ آور امام بارگاہ کی ریکی کرتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔
حکومتی ذرائع کے مطابق اسلام آباد کی امام بارگاہ میں دھماکا کرنے والے حملہ آور کے قریبی تعلق رکھنے والے 4 افراد کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔
سہولت کاروں اور معاونت فراہم کرنے والوں کے لیے اسپیشل ٹیمیں تشکیل دی گئیں۔
حکومتی ذرائع کے مطابق اسپیشل ٹیموں میں کاؤنٹر ٹیررازم کے افسران شامل ہیں، حملہ اور کے موجودہ اور سابقہ ٹھکانوں سے متعلق اطلاعات پر کام جاری ہے۔
قومی شناختی کارڈ ایڈریس والے گھر پر چھاپے مارے جارہے ہیں، چھاپوں میں کچھ گرفتاریاں عمل میں لائی گئی ہیں۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ خودکش حملہ آور کو گیٹ پر روکا گیا تو اس نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا، خودکش کا تعلق فتنہ الخوارج سے تھا۔
زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے اور علاقے میں سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔
حملے میں جاں بحق ہونیوالے 33 افراد کی اجتماعی نمازجنازہ آج صبح ترلائی میں ادا کردی گئی ۔

