پاکستان کے ایک ایک انچ کی حفاظت قومی فریضہ ہے، سہیل آفریدی
وزیراعلی کے پی سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ پاک افغان سرحد پر حالیہ کشیدگی تشویشناک ہے، صورتحال کا بغور جائزہ لے رہے ہیں۔پاک افغان سرحدی صورتحال پر جاری بیان میں وزیر اعلی خیبرپختونخوا کا کہناتھا کہ پاکستان کے ایک ایک انچ کی حفاظت ہم سب کا قومی فریضہ ہے،
کسی کو سرحدی علاقوں کی سلامتی پر سمجھوتہ نہیں کرنے دیں گے، پاک افغان سرحد پر کسی بھی قسم کی اشتعال انگیزی اور بیرونی جارحیت کی مذمت کرتے ہیں ، قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔وزیر اعلی سہیل آفریدی نے کہا کہ پاک افغان کشیدگی کے تناظر میں متعلقہ اداروں سے مسلسل رابطے میں ہیں، سرحدی علاقوں کے عوام کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے، سرحدی اضلاع میں عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاک افغان کشیدگی کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال پر عوامی خدشات سے آگاہ ہیں۔ وزیر اعلی نے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی اور کہا کہ امن و استحکام کے لیے ذمہ دارانہ طرز عمل ناگزیر ہے۔

