صوابی میں ڈیڈ لائن ختم ، کیمپوں سے مہاجرین کی گرفتاریاں شروع
حکومت پاکستان کی جانب سے وطن واپسی کی ڈیڈ لائن ختم ہونے پر ضلع صوابی میں افغانستان کے مہاجرین کے قائم تین بڑے کیمپوں برہ کئی افغان مہاجر کیمپ ،گندف گدون امازئی انڈسٹریل اسٹیٹ مہاجر کیمپ اور باغیچہ ڈھیری افغان مہاجر کیمپ سے حکومتی پالیسی کے مطابق مہاجرینِ کی وطن واپسی کو یقینی بنانے کے لیے ضلعی پولیس نے دوسرے مرحلے میں گرفتاریوں کا آغاز کردیا ہے ،
پہلے مرحلے میں مختلف تھانوں کی پولیس نے آپریشن کرکے سینکڑوں مہاجرین کو حراست میں لے لیا تھا، دوسرے مرحلے میں گزشتہ تین یوم کے دوران تھانہ صوابی کی پولیس نے افغان مہاجر کیمپ برہ کئی سے 36, تھانہ گدون امازئی انڈسٹریل اسٹیٹ اور تھانہ ٹوپی پولیس نے افغان مہاجر کیمپ گندف سے 76, تھانہ کالو خان پولیس نے افغان مہاجر کیمپ باغیچہ ڈھیری سے 11 جبکہ تھانہ لاہور نے 26, تھانہ یارحسین نے 8 ، تھانہ تورڈھیر نے 15 اور تھانہ پرمولی نے 2 افغان مہاجرین جو کہ مقامی طور پر رہائش پذیر تھے فارن ایکٹ 14 کے تحت گرفتار کر لئے ہیں ،
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر صوابی وقاص رفیق نے رابطہ کرنے پر ہمارے نمائندے کو بتایا کہ یکم جنوری سے اب تک ضلع بھر پولیس نے کارروائیوں کے دوران ٹوٹل 446افغان مہاجرین گرفتار کر چکی ہیں جبکہ دیگر کی گرفتاری کا عمل جاری ہے ، اسی طرح افغان مہاجرین کے دکانوں کو بھی سیل کردیا گیا ہے ،ان مہاجرین کی گرفتاری پاکستان میں مذید قیام کو غیر قانونی قرار دینے اور واپس اپنے وطن افغانستان واپس منتقل کرنے کے فیصلے کے تناظر میں کی گئی ہے ۔
