Skip to main contentSkip to footer

چیٹ جی پی ٹی کے خالق اور اوپن اے آئی کے سربراہ کے گھر پر حملہ

Sam Altman house attack news

امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر سان فرانسسکو میں اوپن اے آئی کے سربراہ سیم آلٹمین کے گھر پر پٹرول بم سے حملہ کیا گیا، پولیس نے پیٹرول بم پھینکنے کے شبے میں ایک نوجوان کو حراست میں لیا ہے۔ یہ واقعہ اتوار کے روز پیش آیا جس کے بعد کمپنی نے باقاعدہ بیان جاری کرتے ہوئے صورتِ حال کی تصدیق بھی کی ہے۔

رائٹرز کے مطابق سان فرانسسکو پولیس کا کہنا ہے کہ یہ افسوسناک واقعہ علی الصبح پیش آیا جب ایک نامعلوم شخص نے نارتھ بیچ کے علاقے میں واقع ایک رہائشی مکان پر آتش گیر مادہ پھینکا اور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

ابتدائی تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ اس حملے کا نشانہ سیم آلٹمین کی رہائش گاہ تھی، تاہم خوش قسمتی سے اس واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔حملے کے تقریبا ایک گھنٹے بعد پولیس کو ایک اور اطلاع ملی جس میں بتایا گیا کہ ایک شخص شہر میں واقع اے آئی کے ادارے کے ہیڈ کواٹر کے باہر موجود ہے اور ایک اور عمارت کو نذرِ آتش کرنے کی دھمکیاں دے رہا ہے۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے بیس سالہ مشتبہ نوجوان کو جائے وقوعہ سے گرفتار کر لیا۔

اوپن اے آئی کے ترجمان نے واقعے کی سنگینی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتظامیہ اس معاملے کی مکمل تفتیش کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون کر رہی ہے۔ ابھی تک حملے کے پیچھے چھپے اصل محرکات اور وجوہات واضح نہیں ہو سکی ہیں اور پولیس اس بات کا تعین کر رہی ہے کہ آیا اس نوجوان کا کوئی خاص مقصد تھا یا یہ محض ایک انفرادی اشتعال انگیز کارروائی تھی۔

پولیس کی جانب سے ملزم کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی جبکہ واقعے کے محرکات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے اور اس واقعے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے ہر پہلو سے جانچ کی جا رہی ہے تاکہ آئندہ ایسے واقعات سے بچا جا سکے۔

یہ خبر بھی پڑھیں

نادرا کے نئے ضوابط ،گھربیٹھے ب فارم بنوانا آسان ہوگیا

موٹر سائیکل سوار ماہانہ 2000 روپے گھر بیٹھے کیسے حاصل کرسکتے ہیں؟ طریقہ سامنے آگیا

Next Post
امریکی سیاح جنازے کے کھانے کو ریسٹورنٹ سمجھ بیٹھے
Previous Post
عمرہ زائرین کو18اپریل تک سعودی عرب چھوڑنے کا حکم