Site icon bnnwatch.com

قاضی حسین احمد میڈیکل کمپلیکس میں ادویات کی قلت، فارمیسی بند

قاضی حسین احمد میڈیکل کمپلیکس میں ادویات کی قلت، فارمیسی بند

صوبائی وزیر صحت کے آبائی ضلع نوشہرہ کے سب سے بڑے سرکاری ہسپتال، قاضی حسین احمد میڈیکل کمپلیکس میں فری میڈیسن فارمیسی کی بندش، ادویات کی مبینہ عدم دستیابی اور صفائی کے ناقص انتظامات کے خلاف شہریوں اور مریضوں کی شکایات پر نوشہرہ ایکشن کمیٹی نے ہسپتال کا ہنگامی دورہ کرتے ہوئے صوبائی حکومت سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کر دیا۔نوشہرہ ایکشن کمیٹی کے چیئرمین پیر ذوالفقار باچا کی قیادت میں وفد نے قاضی حسین احمد میڈیکل کمپلیکس کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا

اور ہسپتال انتظامیہ سے مریضوں کو درپیش مسائل کے حوالے سے وضاحت طلب کی۔ وفد نے شہریوں اور مریضوں کی جانب سے موصول ہونے والی شکایات بھی انتظامیہ کے سامنے رکھیں۔کمیٹی اراکین کا کہنا تھا کہ ضلع کے سب سے بڑے ہسپتال اور کروڑوں روپے کے بجٹ کے باوجود مریض بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔ ان کے مطابق سرکاری فری میڈیسن فارمیسی بند ہونے کے باعث غریب اور مستحق مریض بازار سے مہنگی ادویات خریدنے پر مجبور ہیں

جس سے ان کے مالی مسائل میں اضافہ ہو رہا ہے۔وفد نے صفائی کے انتظامات پر بھی تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انتظامی دفاتر میں صفائی کی صورتحال بہتر ہے، تاہم ایمرجنسی اور مختلف وارڈز میں صفائی کا معیار تسلی بخش نہیں۔ کمیٹی اراکین نے کہا کہ اگر ضلع کے سب سے بڑے سرکاری ہسپتال میں بھی مریضوں کو ادویات اور مناسب طبی ماحول میسر نہ ہو تو یہ تشویشناک صورتحال ہے۔

دوسری جانب ہسپتال کے ڈائریکٹر نے موقف اختیار کیا کہ ادارہ مالی مشکلات کا سامنا کر رہا ہے اور دستیاب فنڈز ضروریات کے مقابلے میں ناکافی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محدود وسائل کے باوجود صحت کارڈ کے تحت مفت علاج، سی ٹی سکین، ایم آر آئی اور دیگر جدید طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔تاہم نوشہرہ ایکشن کمیٹی نے مقف اپنایا کہ مالی مسائل کے باوجود ادویات کی عدم دستیابی، سرکاری فارمیسی کی بندش اور صفائی کے مسائل کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔

کمیٹی نے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ ہسپتال میں ادویات کی فراہمی فوری بحال کی جائے، فری میڈیسن فارمیسی کو فعال بنایا جائے اور انتظامی و مالی امور کا جامع جائزہ لے کر مریضوں کو درپیش مشکلات کا مستقل حل نکالا جائے۔

Exit mobile version