اوورسیز پاکستانیوں کیلئے ایک خصوصی یونیورسل نمبر متعارف کرا دیا گیا ، جس سے کسی بھی ملک میں مقیم شہری براہِ راست پنجاب ایمرجنسی سروسز سے رابطہ کر سکیں گے۔ رپورٹ کے مطبابق کے مطابق وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے سمندر پار پاکستانیوں کیلئے انقلابی اقدام اٹھایا۔ اتھارٹی نے ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 کے لیے ایک خصوصی یونیورسل نمبر متعارف کرا دیا ہے
جس کے بعد اب دنیا بھر سے پنجاب پولیس اور دیگر سروسز تک براہِ راست رسائی ممکن ہو گئی ہے۔ترجمان پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کا کہنا تھا کہ اس نئے اقدام کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہوگا کہ اب پنجاب سے باہر یا دنیا کے کسی بھی ملک میں مقیم شہری براہِ راست پنجاب ایمرجنسی سروسز سے رابطہ کر سکیں گے۔اوورسیز پاکستانی دنیا بھر میں کہیں سے بھی اس یونیورسل نمبر کے ذریعے پنجاب پولیس کو اپنی شکایات یا ہنگامی صورتحال سے آگاہ کر سکیں گے۔
ترجمان نے مزید واضح کیا کہ اس یونیورسل ایکسس نمبر پر پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کی تمام اہم اور بنیادی سروسز چوبیس گھنٹے دستیاب ہوں گی۔اوورسیز پاکستانیوں نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے پنجاب میں موجود ان کے خاندانوں، زمینوں اور دیگر سیکیورٹی مسائل کے حل کے لیے اب پاکستان سے باہر بیٹھ کر بھی فوری مدد حاصل کی جا سکے گی، جو کہ ایک دیرینہ مطالبہ تھا۔

