Skip to main contentSkip to footer

نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ،ایبٹ آباد اور سیالکوٹ سیمی فائنل میں پہنچ گئے

National T20 Cup Semi Finalists

نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ،ایبٹ آباد اور سیالکوٹ سیمی فائنل میں پہنچ گئے

اے بی ایس ڈویلپرز نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے دسویں روز کھیلے گئے میچز میں ایبٹ آباد اور سیالکوٹ نے شاندار کامیابیاں حاصل کرتے ہوئے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔ پہلے میچ میں ایبٹ آباد نے یکطرفہ مقابلے کے بعد لاہور بلوز کو آٹھ وکٹوں سے شکست دی۔ لاہور بلوز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تاہم پوری ٹیم 14.3 اوورز میں صرف 86 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

ایبٹ آباد کی جانب سے پلیئر آف دی میچ شاداب خان نے عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے تین اوورز میں 10 رنز دے کر تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ شہاب خان اور ارشد اقبال نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

National T20 Cup Semi Finalists

ہدف کے تعاقب میں ایبٹ آباد نے 87 رنز کا ہدف صرف 8.2 اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ کامران غلام نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 23 گیندوں پر تین چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست 46 رنز بنائے، جبکہ اوپنر شاہ زیب خان نے 19 گیندوں پر 32 رنز کی اننگز کھیلی۔

ایبٹ آباد اب دوسرے سیمی فائنل میں لاہور وائٹس کے مدمقابل ہوگا، یہ میچ منگل کو رات ساڑھے نو بجے کھیلا جائے گا۔

دوسرے میچ میں سیالکوٹ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد ملتان ریجن کو سات وکٹوں سے شکست دے دی۔ ملتان ریجن نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 19.5 اوورز میں 163 رنز بنائے۔

ملتان کی جانب سے کپتان امام الحق نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 51 گیندوں پر 10 چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 86 رنز اسکور کیے، جبکہ بسم اللہ خان نے 23 رنز کی اننگز کھیلی۔

سیالکوٹ کے بولرز میں صفیان مقیم نے چار اوورز میں 37 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں، جبکہ اسامہ میر اور شعیب اختر جونیئر نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ہدف کے تعاقب میں سیالکوٹ کو ابتدا میں خواجہ ارحم (32) اور مرزا طاہر بیگ (29) نے 63 رنز کا مضبوط آغاز فراہم کیا۔ بعد ازاں عبداللہ شفیق اور پلیئر آف دی میچ حسن نواز نے اہم شراکت قائم کی۔

میچ کے آخری لمحات میں سیالکوٹ کو 25 گیندوں پر 64 رنز درکار تھے، تاہم حسن نواز نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے پانچ چوکوں اور چھ چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست 80 رنز بنائے اور ٹیم کو فتح دلادی۔ سیالکوٹ نے مطلوبہ ہدف آخری اوور کی پانچویں گیند پر حاصل کرلیا۔

سیالکوٹ اب پہلے سیمی فائنل میں کراچی وائٹس کے خلاف میدان میں اترے گا، یہ میچ آج شام چار بجے کھیلا جائے گا۔

پاکستان میں بچوں کے اغوا ء اور زیادتی کیسز میں 8 فیصد اضافہ

Next Post
آئی فون 18 پرو کب لانچ ہوگا، تاریخ سامنے آگئی
Previous Post
خلیجی ممالک کو 1990کے بعد بدترین معاشی دھچکا لگنے کا خدشہ